کراچی ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم کی اننگز 304 رنز پر پہلے ہی دن ختم، انگلینڈ بھی ایک وکٹ گنوا بیٹھا


پاکستان
انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم پہلے دن ہی مشکلات کی شکار دکھائی دی اور کھیل کے اختتام تک ٹیم 304 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔

کراچی میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ سکور کپتان بابر اعظم نے کیا جنھوں نے 123 گیندوں پر نو چوکوں کی مدد سے 78 رنز بنائے جس کے بعد وہ رن آؤٹ ہو گئے۔

ان کے بعد آغا سلمان 56 رنز بنا کر نمایاں رہے جنھوں نے 93 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے یہ سکور بنایا۔

واضح رہے کہ پاکستان پہلے ہی تین میچز کی سیریز ہار چکا ہے اور انگلینڈ دونوں میچز میں کامیاب رہا ہے۔

پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا اور سکور کو 18 تک پہنچایا لیکن پھرعبداللہ شفیق جیک لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔

اس موقع پر شان مسعود کا ساتھ دینے اظہر علی آئے اور دونوں نے مل کر ممجوعی سکور کو 46 تک پہنچایا، 30 کے انفرادی سکور پر شان نے ایک غیر ضروری شاٹ کھیلتے ہوئے مارک وُڈ کی گیند کو پُل کرنے کی کوشش کی، لیکن باؤنڈری پر کھڑے جیک لیچ نے آسان کیچ لے کر انھیں چلتا کردیا۔

ٹیسٹ

اظہر اور بابر نے قدرے تیز کھیلنے کی حکمت عملی اپنائی اور چھ رن فی اوور کی اوسط سے کھیلتے ہوئے 71 رنز کی شراکت داری قائم کی، تاہم کھانے کے وقفے سے چند لمحے قبل کیریئر کا آخری میچ کھیلنے والے اظہر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، انھوں نے 45 رنز بنائے۔

یاد رہے اُنھوں نے جمعے کو بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ یہ ٹیسٹ ان کے کریئر کا آخری میچ ہے۔

کھانے کے وقفے تک پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنا لیے تھے۔

سیریز میں اچھی فارم کا مظاہرہ کرنے والے سعود شکیل نے کپتان بابراعظم کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے 45 رنز جوڑے لیکن اس مرحلے پر انگلینڈ ٹیم سے ڈبیو کرنے والے نوجوان سپنر ریحان کی خوبصورت گیند پر وہ کیچ دے بیٹھے۔ اور انگلینڈ کے سب سے کم عمر ٹیسٹ کرکٹر نے اپنی پہلی ٹیسٹ وکٹ حاصل کی۔

محمد رضوان ایک مرتبہ پھر ناکامی سے دوچار ہوئے اور 19 رنز بنانے کے بعد جو روٹ کو وکٹ دے کر چلتے بنے۔

پاکستان کو ساتوں نقصان اس وقت پہنچا جب تجربہ کار آل راؤنڈر فہیم اشرف 237 کے سکور پر صرف چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سلمان آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرنے کی کوشش کی اور اپنی نصف سنچری مکمل کی تاہم جیک لیچ نے ان کی 56 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

یہ بھی پڑھیے

11 سال کی عمر میں بین سٹوکس کو نیٹ سیشن میں آؤٹ کرنے والے انگلش بولر ریحان احمد کون ہیں؟

اظہر علی: بے لوث اور محنتی کھلاڑی جس نے پاکستانی ٹیم کو مشکل دور میں سہارا دیا

راولپنڈی کی پچ غیرمعیاری قرار، ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کو خطرہ

Cricket

جب ڈرنکس کے دوسرے وقفے کے بعد میچ کا آغاز ہوا تو پاکستانی ٹیم کی وکٹیں تیزی سے گرنے لگیں اور ڈرنکس کے تیسرے وقفے تک یہ نقصان سات وکٹوں کا ہو چکا تھا اور تب تک پاکستان نے 245 رنز بنا لیے تھے۔

نعمان علی نے 20 رنز بنا کر آغا سلمان کا بھرپور ساتھ دیا جبکہ ابرار احمد 304 کے مجموعے پر آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ کامیاب بولر رہے، جنھوں نے چار وکٹیں حاصل کیں، ریحان احمد نے دو، اولی رابنسن اور مارک ووڈ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان نے اپنی ٹیم میں آج اظہر علی، شان مسعود، محمد وسیم جونیئر اور نعمان علی کو شامل کیا ہے جبکہ انگلینڈ نے بین فوکس اور ریحان احمد کو آج ٹیم میں جگہ دی ہے۔

وسیم جونیئر نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا ہے اور وہ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ میچ کھیلنے والے 253ویں کرکٹر ہیں، انھیں آخری میچ کھیلنے والے تجربہ کار بلے باز اظہر علی نے ٹیسٹ کیپ دی۔

انگلینڈ کی اننگز

https://twitter.com/TheRealPCB/status/1604091556142661632?cxt=HHwWgICy8a-x8MIsAAAA

انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو اسے پہلے ہی اوور میں اوپنرزیک کراؤلی کی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔

انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز بین ڈکٹ اور زیک کراؤلی نے کیا۔ زیک کراؤلی کو پہلے ہی اوور میں پاکستانی ٹیم کے سپنر ابرار نے اپنا شکار بنایا۔ زیک کراؤلی بنا کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

پہلے دن کے اختتام پر انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر سات رنز بنائے ہیں۔ وکٹ پر بین ڈکٹ اور اولی پوپ موجود ہیں۔

Facebook Comments HS

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp