ملک کے گوشے گوشے سے چائے کی باتیں


سنا ہے۔ چائے سب مشروبات کی مرشد ہے۔ چائے بھی ہر کسی کو بنانی نہیں آتی، اور ہر جگہ سے چائے پینے کا مزہ بھی نہیں ہے جو تازہ دودھ کی چائے ہے اور جو اس کی خوشبو ہے۔ وہ سارے ڈبے کے دودھ مل کر بھی نہیں بنا سکتے، اور اگر آپ نے کبھی شکر والی یا گڑ والی چائے کا مزا لے لیا تو پھر آپ گئے باقی چائے کے مزے سے، اس سے بہتر اور مزے دار چائے ممکن نہیں جس میں گڑ، تازہ دودھ اور تازہ چائے کا قہوہ شامل ہو، چائنا کی چائے دراصل چائے نہیں ایک دھوکہ ہے۔

وہ ہر گرم پانی کو چائے کہتے ہیں اور آپ وہاں چائے کو ترس جاتے ہیں لیکن طاہر صاحب کا شکریہ جو چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کی اردو سروس میں ہوتے ہیں۔ انھوں نے روایتی چائے پلا کر مزا بحال کیا، پھر واپسی پر ائر ہوسٹس بہت شفیق خاتون تھیں وہ بھی دم والی چائے کے دودھ بنا کر لے آئیں کہ سر ایک سے آپ کا جی نہیں بھرے گا۔ پچیس دن بعد چائے پی رہے ہیں کیونکہ ان کو بتا چکا تھا کہ پچیس دن بعد واپس جا رہا ہوں، کئی سال پہلے جب 30 اکتوبر سے ناران سیاحوں کے لئے بند ہوجاتا تھا اور آف سیزن شروع ہوجاتا تھا۔ ایک ہوٹل کی فوٹوگرافی کے لئے جانے کا اتفاق ہوا اور ناشتے میں دیر تھی۔ میں فوٹوگرافی کرنے نکلا سب کچھ بند تھا۔ بس ایک گھر کی چمنی سے دھواں نکل رہا تھا۔

بھوک شدید تھی۔ ہمت کی دروازہ کھٹکھٹایا، ایک مقامی صاحب تشریف لائے اسلام علیکم کیا حال چال ہیں۔ بھائی سب کچھ بند ہے۔ کچھ کھانے کو ملے گا۔ جی بسم اللہ۔ اندر تشریف لائیں، کیا کھانا پسند کریں گے۔ بھائی کوئی انڈا، روٹی مل جائے، سر انڈے تو یہاں ملتے ہی نہیں آف سیزن ہے پر نمکین پراٹھا اور چائے مل جائے گی۔ جی ضرور سچی بات ہے۔ ویسا مزیدار ناشتہ زندگی میں دوبارہ نصیب نہیں ہوا، آج بھی اس کا ذائقہ یاد ہے۔

عثمان صاحب منرل واٹر کا بزنس کرتے ہیں۔ کہنے لگے جناح سپر میں ایک چائے والا ستر قسم کی چائے بناتا ہے۔ کئی قسم کی ٹرائی کیں پر بات سمجھ نہیں آئی، فوٹوگرافی کے سلسلے میں گھومنا عادت ہو گئی ہے پر اچھی چائے قسمت سے ہی ملتی ہے۔ فورٹ منرو کے راستے میں دو جگہ پیالہ ہوٹل آتے ہیں۔ گڑ والی بہترین چائے پیالے میں پیش کرتے ہیں۔ کبھی جانا ہو تو ضرور ٹرائی کیجئے گا۔ مایوسی نہیں ہوگی، لاہور میں پرانی انارکلی میں ایک یا دو لوگ ہیں جو مناسب چائے بناتے ہیں۔ ایک بات یاد رکھئے گا۔ گڑ والی چائے میں گڑ کی مقدار کم یا زیادہ دونوں صورتوں میں ذائقہ خراب کر دیتی ہے۔ بس پورا میٹھا ہونا چاہیے کم نہ زیادہ ففٹی ففٹی،

ایک کمپنی نے الائچی والی مشینی چائے متعارف کروائی شروع میں تو اچھی لگتی تھی۔ خاص طور پر جب خنجراب پاس کے پاس مائنس درجہ حرارت میں کسی نعمت سے کم نہیں، پر اب اس کا بھی حال اور مستقبل خراب ہے۔ انٹر فلو ایڈورٹائزنگ ایجنسی نے ایک سالانہ رپورٹ کی فوٹوگرافی کے لئے پی ٹی سی ایل اسلام آباد بھیجا ساتھ ان کی مارکیٹنگ سے عاصم رضا بھی تھے۔ چائے کے وقفہ میں ہم سب جوسز اور چائے والی خودکار مشین پر چلے گئے اس میں سو روپے کا نوٹ ڈالو تو وہ پانچ والے سکے دے دیتی تھی پھر پینتیس روپے ڈالو تو ڈسپوزل کپ خود ہی آتا تھا اور اس میں چائے ڈل جاتی تھی۔

سب لوگوں چائے لے لی عاصم رضا بہت پیارا دوست اور بھائی ہے۔ شرارت سے کہنے لگا پینڈو لائلپور کے لوگ، پیسے ڈالے اور چائے پی لی یہ دیکھو کیا لکھا ہے۔ اون کپ سیٹنگ کسی میں جرات ہی نہیں ہوئی دبانے کی کہ کیا سیٹنگ بتائیں گے۔ اب دیکھو آپ کا بھائی بتائے گا۔ کتنی چینی، کتنا دودھ اور اس نے اون کپ سیٹنگ کا بٹن دبایا مشین نے تھوڑی دیر کپ رکھنے کا انتظار کیا اور پھر چائے بہا دی نیچے کپ نہیں تھا۔ چائے ضائع ہو گئی تب پتہ چلا کہ اپنا کپ رکھیں اور اس میں چائے لے لیں بجائے ڈسپوزل کپ کے، اس دن سے عاصم کا نام اون کپ سیٹنگ پڑ گیا ہے۔

باقی جو ہم سب پینڈووں کا ہنس ہنس کر برا حال ہوا کیا بتائیں، چائے پر کئی مضمون اور شعری مجموعے لکھے جاسکتا ہیں پر آج میں آپ کو چائے کی لسی سے متعارف کرواتا ہوں، اگر آپ کو پیلا یرقان ہو گیا ہے تو گرمیوں میں بہت مفید مشروب ہے۔ ایک کپ چائے مکمل تیار کر کے اس میں یخ پانی کے پانچ کپ ڈالیں، اور مکس کر کے پیئیں، تاثیر بہت ٹھنڈی ہے۔ آپ کی آنکھیں فوراً سفید ہوجائیں گی اور پیشاب میں سے بھی پیلا پن جاتا رہے گا۔

روزانہ ایک جگ پئیں، جسم سے گرمی کے اخراج کے لئے بہت مفید ہے جب چائے کا کپ بنائیں تو اس میں چینی پانچ کپ کے حساب سے ڈالیں تاکہ خوش ذائقہ رہے، آزما کر دیکھئے، انشاءاللہ دعاؤں میں یاد کریں گے۔ مجھے یہ نسخہ بھائی ظفر حسین صاحب نے بتایا تھا اور میں اس سے مستفید ہوا، سردیوں میں اس سے گریز کریں گھٹنوں اور جوڑوں میں دردیں شروع ہو سکتی ہیں۔

آخر میں ایک عرض کرتا چلوں۔
باتیں دو چار آپ سے کرنی ہیں!
اک روز چائے میرے ساتھ پیجئے!

محمد اظہر حفیظ
Latest posts by محمد اظہر حفیظ (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments