حارث رؤف کے نکاح پر ساتھی کرکٹرز کی چھیڑ چھاڑ: کسی کا ’شکرانے کے نفل‘ کا مشورہ، تو کوئی شادی کا ’دباؤ‘ محسوس کرنے لگا
پاکستان میں کوئی شوبز سیلیبرٹی ہو یا کرکٹ سٹار ان کی زندگی سے جڑے اہم واقعات پر ان کے مداح ہمیشہ پرجوش دکھائی دیے ہیں۔
ایسا ہی کچھ اس بار بھی دیکھنے میں آیا، جب گذشتہ روز پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف اپنی کلاس فیلو اور ماڈل مزنا مسعود کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔
ویسے تو ان کے نکاح کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں قریبی رشتہ داروں اور ساتھی کرکٹرز اور دوست احباب نے شرکت کی مگر ان کے مداحوں اور کھلاڑیوں نے انھیں سوشل میڈیا کے ذریعے بھی دنیا بھر سے مبارکباد دی۔
سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کی جانب سے مبارکباد اور جوڑے کے خوشگوار اور کامیاب مستقبل کے لیے نیک تمنائیں تو نکاح کی تقریب سے قبل ہی آنی شروع ہو گئی تھیں۔
https://twitter.com/Musskey/status/1606548798116872193
کوئی حارث رؤف کی اہلیہ مزنا کے لباس کی تعریف کرتا دکھائی دیا تو کسی نے دلہن کے ہاتھ پر لگی مہندی میں لکھے حروف ’ایچ آر 150‘ یعنی حارث رؤف اور ان کی بولنگ رفتار 150 کو اہمیت دی۔
کسی نے حارث رؤف اور ان کی دلہن کے فوٹو شوٹ کو دیکھ کر انھیں شادی میٹریل کہا تو کسی نے ’کیوٹ‘ کا لقب دیا۔
https://twitter.com/Brashnaa/status/1606613860894576644
لیکن جہاں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے حارث رؤف کو شادی کی مبارکباد اور تبصرے دیے جا رہے تھے وہیں ان کے دوست اور ساتھی کرکٹرز نے بھی انھیں سوشل میڈیا پر نکاح کی مبارکباد دیتے ہوئے خوب ستایا اور اپنے اپنے انداز میں مشورے بھی دیے۔
کچھ ساتھی کرکٹرز نے تو حارث رؤف کی شادی کے بعد اپنا نمبر آنے کا ’دباؤ‘ بھی محسوس کیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز فخر زمان ان کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جنھوں نے حارث کو نکاح کی مبارکباد دیتے ہوئے مشورہ دیا کہ ’بس جیسے ہو ویسے ہی رہنا اور بھابھی کے سامنے زیادہ بڑی بڑی نہیں مارنا۔‘
https://twitter.com/lahoreqalandars/status/1606567854031400960
لاہور قلندرز کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر فخر زمان نے ایک ویڈیو پیغام میں حارث رؤف سے مذاقاً کہا کہ ’آپ بہت برے طریقے سے پھنس گئے ہو، بس میری دعا ہے کہ اللّٰہ آپ کے لیے آسانیاں پیدا کرے اور اگلی جتنی بھی زندگی ہے اللّٰہ آپ کو ہمت دے کہ آپ سہہ سکو۔‘
فخر زمان نے کہا کہ میں تو شادی شدہ ہوں، آپ کو اپنا تجربہ ہی بتا سکتا ہوں، تو میری نیک تمنائیں آپ اور بھابھی کے ساتھ ہیں، اپنا بہت سارا خیال رکھنا۔
فخر زمان نے حارث رؤف کے نکاح کی تقریب میں شرکت نہ کرنے پر معذرت بھی کی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے ٹوئٹر پرحارث رؤف کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے انھیں تنگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اتنا گلو (چمک) اتنی خوشی لگتا ہے میرا نمبر بھی آنے والا ہے۔‘
https://twitter.com/76Shadabkhan/status/1606611380542607360?cxt=HHwWgMC81bqi6sssAAAA
جس پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین امام الحق نے جواب میں لکھا کہ ’ہاں جی شادی کا وقت آ گیا ہے اور اس (حارث) نے ہم سب پر بھی دباؤ ڈال دیا ہے۔‘
https://twitter.com/ImamUlHaq12/status/1606616463325937665
اپنے دوست کی خوشی کے موقع پر چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے شاداب نے امام کی ٹویٹ کے جواب میں لکھا ’امام الحق کو بہانہ چاہیے تھا جو اسے مل گیا۔
https://twitter.com/76Shadabkhan/status/1606649085376843779
جبکہ جوڑے کی ایک اور تصویر شیئر کرتے ہوئے شاداب خان نے جہاں انھیں نکاح کی مبارکباد اور نیک تمنائیں دی وہیں حارث رؤف کو شادی ہونے پر شکرانے کے نفل پڑھنے کا بھی کہا۔
https://twitter.com/76Shadabkhan/status/1606615157840437249?cxt=HHwWgoCz3an-68ssAAAA
حارث رؤف کے نکاح کی تقریب میں ان کے قریبی دوست اور پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی بھی شریک ہوئے۔ ان کے ساتھ پاکستان کے نومنتخب چیف سلیکٹر شاہد خان آفریدی بھی تقریب میں موجود تھے۔


