ڈگری والے نکمے بمقابلہ میرا دل یہ پکارے آ جا


میرا دل یہ پکارے آجا
میرے غم کے سہارے آجا

رقص کرتی لڑکی کے کھلے بال، اور نازک سراپے نے کئی مضبوط دلوں کو ایسے گھائل کیا کہ راتوں رات ہرا لباس پہنے عائشہ وائرل ہو گئی اور وائرل بھی ایسی ہوئی کہ کتنے ہی ہفتے گزر گئے جب بھی سوشل میڈیا کھولو کوئی نہ کوئی عائشہ کے انداز میں رقص کرتا دکھائی دیتا ہے۔

اس کے بعد وہی ہوا جو ہوتا ہے۔ ایک لڑکی خوش باش ناچتی گاتی اس گھٹے ہوئے معاشرے سے ہضم نہ ہو سکی۔ کسی کو 29 میڈل جیتنے والے ولید کا غم ستانے لگا تو کسی نے عائشہ کے ٹوٹے دانت کو طنزیہ اپنی پروفائل پکچر بنا لیا تا کہ کسی طرح سہی اس لڑکی کو نیچا تو دکھا سکیں۔

ایسے میمز بھی سامنے آئے جس میں لوگ اپنی پی ایچ ڈی اور انجینئرنگ کا مقابلہ میٹرک پاس وائرل گرل کے ٹھمکوں سے کرتے رہے۔ غالباً ان کی ڈگری کا مقصد علم نہیں صرف شہرت حاصل کرنا ہے تبھی انھیں ایک میٹرک انٹر کی بچی کے آگے اپنی پی ایچ ڈی بے کار لگنے لگی۔ اسی طرح ایسے نکتہ چیں لوگ بھی موجود ہیں جنھوں نے عائشہ کے ڈانس کو اپنے اعلیٰ معیار کے آگے ہیچ قرار دیا۔ جب کہ وہ بچی کسی کا قرضہ نہیں اٹھائے بلکہ محض اپنی سہیلی کی شادی میں تفریحاً ڈانس کر رہی تھی۔

ان سب باتوں سے قطع نظر عائشہ ندا یاسر کے شو میں بھی ڈانس کرتی نظر آئی اور پھر اس کا برائیڈل شوٹ بھی آ گیا اور تو اور بھارت سے اس کا رشتہ بھی آ گیا، مادھوری نے عائشہ کے انداز میں رقصاں ویڈیو ڈال لی اور انتہاء تب ہوئی جب پچاس کی دہائی میں فلمائے گئے گیت کی اصلی اداکارہ ویجنتی مالا بھی اپنے پرانے گیت کی دوبارہ شہرت پر خوشی کا اظہار کرنے لگیں۔ اب کسی کی جلن، حسد اجازت نہ دے تو الگ بات ہے مگر بہرحال یہ ایک وائرل کلپ کی کامیابی ہی ہے جس نے دو ملکوں کے عوام کو اپنی تعریف کرنے پر مجبور کر دیا۔

اعتراض کرنے والوں کو بس یہی کہوں گی کہ اپنے آپ سے سوال کریں کہ آخر عائشہ کے ڈانس سے آپ کو اس قدر تکلیف ہوئی تو کیوں ہوئی؟ کیا سہیلی کی شادی میں ڈانس کرنا کوئی انوکھی بات ہے یا پھر اس نے آپ کے معیار پر اترنے کا ٹھیکا اٹھایا ہوا تھا؟ رہی بات ڈگری ہولڈرز کے بے روزگار پھرنے کی تو اگر ان کی ڈگری میں دم ہو گا تو قابلیت کو کوئی روک نہیں سکتا، آج نہیں تو کل وہ اپنا مقام بنا ہی لیں گے۔ لیکن اگر کسی کی ڈگری کا مقصد ٹک ٹاکر سے مقابلہ کرنا تھا تو جناب آپ کے ناکارہ پن میں عائشہ کی کامیابی کا کیا قصور؟

Facebook Comments HS