پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ: میٹ ہنری کی جارحانہ نصف سنچری، کیوی بلے بازوں کی آخری وکٹ کے لیے اہم شراکت


پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھانے کے وقفے تک نیوزی لینڈ نے نو وکٹوں کے نقصان پر 433 رنز بنائے ہیں۔

پہلے روز کیوی بلے باز ڈیون کانوے کی سنچری کے بعد دوسرے روز ٹام بلنڈل اور میٹ ہنری نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں جبکہ پاکستانی بولرز نسیم، ابرار اور آغا سلمان نے اب تک تین، تین وکٹیں حاصل کی ہیں۔

نیوزی لینڈ نے پہلے سیشن میں 124 رنز بنائے اور تین وکٹیں گنوائیں جس میں آخری وکٹ کی شراکت کے 88 رنز شامل ہیں۔

دریں اثنا ابرار احمد پہلے چار ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی بولر بن گئے ہیں۔ انھوں نے اب تک 26 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس فہرست میں دانش کنیریا کی 25، شبیر احمد اور یاسر شاہ کی 23، 23 وکٹیں شامل ہیں۔

کھانے کے وقفے تک کا احوال: ہنری کا لاٹھی چارج

دوسرے روز کا آغاز نیوزی لینڈ نے چھ وکٹوں کے نقصان اور 309 کے سکور پر کیا۔

میر حمزہ نے پہلا اوور میڈن کرایا جس کے بعد اگلے ہی اوور میں نسیم شاہ نے اش سودھی اور ٹام بلنڈل کے درمیان 30 رنز کی شراکت توڑ دی جو گذشتہ روز کے اختتام تک پاکستان کے لیے مشکل کا باعث بن رہی تھی۔

یہ نسیم کی تیسری وکٹ تھی اور کین ولیمسن کی وکٹ کی طرح انھوں نے عمدہ آؤٹ سوئنگ ڈالی تھی جو سودھی کے بلے سے پاس سے گزر کر آف سٹمپ کی نوک سے ٹکرائی۔

سودھی کی جگہ ٹِم ساؤتھی کریز پر آئے جنھوں نے پچھلے میچ کے برعکس اس بار دفاعی حکمت عملی اپنائی اور پاکستانی بولرز کو تھکانے کی کوشش کی۔ انھوں نے بلنڈل کے ساتھ 31 رنز کی شراکت بنائی۔

ٹام بلنڈل 108 گیندوں پر 51 رنز بنا کر اس وقت آؤٹ ہوئے جب ابرار احمد کی کیرم بال بلے کے نیچے سے کھسک کر انھیں بولڈ کر گئی۔ یہ گیند کافی حد تک نیچے بیٹھی تھی اور اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پاکستانی بلے بازوں کو بھی اپنی اننگز میں گیند کے ان ایون باؤنس کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اگلے اوور میں ابرار نے سلو لیگ سپن ڈالی جس پر ساؤتھی نے قدم بڑھا کر چھکا لگانا چاہا تاہم گیند کی اچھی سپن سے وہ چوک گئے اور اسی کے ساتھ وکٹ کیپر سرفراز نے انھیں سٹمپ کر دیا۔ ساؤتھی نے 37 گیندوں پر 10 رنز بنائے تھے۔

آخری کیوی بلے اعجاز پٹیل میٹ ہنری کے ساتھ کریز پر پہنچے۔ حسن علی کے اوور میں ہنری نے ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا جس سے نیوزی لینڈ کا سکور 350 سے آگے چلا گیا۔

ہنری کی بیٹنگ دیکھ کر ایسا محسوس ہوا جیسے ہر گیند ان کے بلے کے ٹھیک بیچ میں لگ رہی ہے۔ انھوں نے حسن کے بعد نسیم کے اوور میں بھی چھکا لگایا اور اعجاز پٹیل کے ساتھ ایک برق رفتار نصف سنچری شراکت مکمل کی۔

ہنری نے 42 گیندوں پر اپنے کیریئر کی پہلی نصف سنچری بھی مکمل کی جس میں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

نیوزی لینڈ نے پہلے سیشن میں 124 رنز بنائے اور تین وکٹیں گنوائیں جس میں میٹ ہنری اور اعجاز پٹیل کے درمیان آخری وکٹ کی شراکت کے 88 رنز شامل ہیں۔

https://twitter.com/stfusannaan/status/1610161598571716608

ابرار احمد کی کارکردگی اور ہنری کی اننگز سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کرتی رہی۔

صنان نے اپنی رائے دی کہ دانش کنیریا کی طرح وکٹیں لینے کی کوشش کرتے ہیں مگر ’اس دوران وہ بہت زیادہ رنز دیتے ہیں۔ امید ہے شاہین کی واپسی سے یہ تبدیل ہو گا۔‘

جاکس نامی صارف نے کہا کہ کیوی بلے بازوں کی آخری وکٹ کی شراکت نے پاکستان کو کافی نقصان پہنچایا جبکہ فرحان نے تبصرہ کیا کہ ’حسن علی کی اچھی دھلائی ہو رہی ہے۔‘

https://twitter.com/yasir_umair/status/1610166993931436032

https://twitter.com/HMAKhuwaja/status/1610167253160583168

حسین مقبول کا کہنا تھا کہ پاکستان نے خراب بولنگ کے باعث آخری وکٹ کے لیے 50 رنز لیک کیے۔

گذشتہ روز آئس لینڈ کرکٹ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے یہ ٹویٹ کی گئی تھی کہ کراچی کی فلیٹ وکٹ کسی روڈ کی طرح ہے جس پر ’ٹول ٹیکس‘ ہونا چاہیے۔ اسی طرح تنزیل نے کہا کہ ’مسئلہ پچ میں نہیں۔۔۔ پاکستان نے صبح جو برتری حاصل کی تھی، نیوزی لینڈ نے اسے حذف کر دیا۔‘

یاسر نے کہا کہ پاکستانی شائقین کو یہ امید تھی کہ نیوزی لینڈ کا سکور 350 رنز تک ہوگا مگر بلے بازوں کے لیے برتری لینا مشکل ہوگا۔ ’بات صرف پچ کی نہیں، یہ بھی اہم ہے کہ آپ کیسی بولنگ اور بیٹنگ کرتے ہو۔‘

ادھر فرشتہ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’ولیمسن کی بجائے ہنری ہمیں ٹارچر کرنے آ گیا۔‘

عائشہ نے ردعمل دیا کہ ’میٹ ہنری کو 50 کراؤ شاباش، سب کو ہیرو بنانے کا ٹھیکہ ہم نے ہی تو لیا ہے۔‘

https://twitter.com/TanzilKhawaja/status/1610167226966892546

https://twitter.com/Fatimayyy123/status/1610174763510398977

فاطمہ نامی صارف نے ہنری اور پٹیل کو فلم لیجنڈ آف مولا جٹ کا میم تجویز کیا جس میں نوری نت کہتا ہے: ’بس کر سوہنیا، بس کر۔‘

جبکہ ایک انڈین صارف نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’ٹیل اینڈرز کی وکٹیں لینے میں پاکستانی بولرز ہمارے انڈین بولرز کی کاپی کیوں کر رہے ہیں؟‘

https://twitter.com/AvinashArya09/status/1610173934422601729

Facebook Comments HS

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp