”ہم ایوارڈ“ میں حمائمہ ملک کی ناقص پرفارمنس


جوانی میں سال میں ایک شو کا بہت انتظار ہوتا تھا وہ تھا پی ٹی وی ایوارڈ شو، یہ شو اکثر ڈیڑھ گھنٹہ سے زیادہ کا ہوتا ہے جس کو دیکھنے کے لئے والدہ خصوصی اہتمام کرتی تھیں، شو شروع ہونے سے قبل رات کا کھانا کھا لیتے تھے، پھر کچھ میٹھا اور سنیکس رات کو پروگرام دیکھتے ہوئے چائے کے ساتھ لیتے جس سے ایوارڈ شو کا مزا اور زیادہ آتا تھا، ایوارڈ شو میں پاکستان بھر کے ٹاپ کے فنکار حصہ لیتے، پی ٹی وی ایوارڈ شو کی یادگار پرفارمنسز آج بھی مزا دیتی ہیں، ایک بار ہماری قومی ہاکی ٹیم اتنی نا اہل ہو گئی تھی کہ وہ کوریا جیسی نئی ٹیم سے بھی ہار گئی جس پر معروف اداکار، کامیڈین خالد عباس ڈار نے ہاکی کٹ میں گانا گایا تھا، میں نئی کھیڈنا کوریا دے نال۔ ۔ اس کی آج بھی شہرت ہے

پھر ملک کے تمام اداروں کی طرح پاکستان ٹیلی ویژن کا بھی بھٹہ بیٹھ گیا، اب تو یہ بھی یاد نہیں کہ آخری پی ٹی وی ایوارڈ شو کب دیکھا تھا، نجی ٹی وی چینلز کو دور شروع ہوا تو سب میں پہلے خبر ہم نے دی کی دوڑ لگ گئی، ان میں ایک چینل ”ہم“ میڈیا گروپ ہے جو شوبز کی روایات اور رونقوں کو زندہ رکھے ہوئے ہے مگر گزشتہ کئی سالوں اس کا معیار بھی گرتا جا رہا ہے، چند روز قبل ہم ایوارڈ شو ہوا جس میں لیجنڈ اور ملک کے نامور ستارے بھی شریک تھے، ان میں سنگیتا بیگم اور انجمن بیگم نمایاں تھیں

ہم ایوارڈ شو پورا دیکھ نہیں سکا مگر اس شو کو شہرت نوراں لعل کے گانے ”وے سونے دیاں کنگنا، سودا اکو جیا“ سے ملی، نوراں لعل نے میڈیم نورجہاں کے گائے ہوئے گانے جس کو کمپوزر ساحر علی بگا کے ری مکس کیا بہت دلکش انداز میں گایا ہے، کئی دنوں سے ٹک ٹاک پر یہ گانا دھوم مچائے ہوئے ہے، ہر دوسری ویڈیو گانے کے اس مصرعے پر ہے، ”میں نئییوں تکنا وے تینوں آدھا بوہا ٹوہ کے“ نوراں لعل کے گائے ہوئے گانوں نے کافی شہرت پائی جیسے انہوں نے یہ گانا گایا ہے ”میں پھلاں دی سیج سجیاں جے گھر میرے توں آوے“ یہ گانا کئی گلوکاروں نے گایا ہے مگر نوراں لعل نے اپنی آواز کا جادو خوب جگایا ہے

نوراں لعل نے ”آندا تیرے لئی ریشمی رومال تے اوتے تیرا ناں کڈیاں، میں کڈیاں ای چاواں نال“ بھی بہت خوبصورتی سے گایا ہے، ”وے سونے دیاں کنگنا“ بھی نوراں لال نے بہت اچھا گایا ہے مگر ساحر علی بگا کے ری مکس نے چس نہیں دی، اوپر سے اداکارہ حمائمہ ملک جن کی کوئی فلم یا ڈرامہ سپر ہٹ نہیں ہوا حالانکہ وہ بھارت کی بھی خاک چھان آئی ہیں ان کو ہم ایوارڈ شو میں اس گانے پر پرفارمنس دیدی

رہی سہی کسر کوریو گرافر نے پوری کردی، اس گانے کا میوزک اور کوریو گرافی دیکھنے کے بعد یہ گانا صرف سننے کو دل کرتا ہے، دیکھنے سے کوفت ہوتی ہے، ساحر علی بگا نے گانے کے ری مکس میں موسیقی کے جدید آلات استعمال کیے جس سے گانے میں پنجاب کے کلچر کی جھلک نظر نہیں آتی، گانے میں طبلے کی دھمک اور تنتنا نظر نہیں آتا، پنجاب میں طبلے کو بائیں ہاتھ کی تین انگلیوں سے بجا کر سر نکالا جاتا ہے جبکہ دہلی میں طبلہ دو انگلیوں سے بجایا جاتا ہے

گانے میں رقص کرنیوالی اداکارہ حمائمہ ملک کے ہاتھ میں ڈانگ پکڑا کر گانے کے آغاز میں ہی بیڑا غرق کر دیا، پنجاب کے فلمی کلچر میں ڈانگ یا گنڈاسہ ہیرو کے ہاتھ میں ہی سجتا ہے، بے تکے انداز میں حمائمہ ملک نے ڈانگ چلا کر پنجابی مٹیار کا تاثر ہی زائل کر دیا، حمائمہ ملک پورے گانے میں پنجابی ہیروئن کی طرح ٹھمکے بھی نہیں لگا سکی، صرف ادھر ادھر بھاگ کر گانے پر پرفارمنس پوری کی، حمائمہ ملک کا ایک سٹیپ اچھا تھا جس میں دونوں ہاتھوں سے ”آدھا بوہا ٹوہ کے“ کیا تھا

گانے کے آخر میں حمائمہ ملک نے ماضی کی معروف اداکارہ انجمن بیگم جن کو ٹریبیوٹ پیش کرنے کے لئے گانا پیش تھا، وہ ان کو ہاتھ سے پکڑ کر سٹیج پر لے گئیں، ”وے سونے دیاں کنگنا“ گانا چن وریام فلم میں اداکارہ انجمن اور مرحوم سلطان راہی پر فلمایا گیا تھا اگر آپ دونوں گانوں کی کوریو گرافی دیکھیں تو اندازہ ہو جائے گا کہ کوریو گرافر اور حمائمہ ملک کی کارکردگی کتنی ناقص تھی۔ ہمارے ہر شعبہ کی تباہی کی اصل وجہ یہی ہے کہ اب کام سفارش اور تعلقات کی بنیاد پر دیا جاتا ہے میرٹ پر نہیں، اداکارہ مہوش حیات کو بھی جو ایوارڈ ملا تھا اس پر اب تک تنقید ہو رہی ہے کہ مہوش حیات کیا کیا ہے جو اس کو قومی اعزاز سے نواز گیا

ہم ایوارڈ شو میں حمائمہ ملک نے جس طرح کی پرفارمنس پیش کی دیکھ کر دکھ ہوا اگر یہی گانا ماضی کی پنجابی کی ہیروئن یا کسی سٹیج کی ڈانسر سے کرایا جاتا تو یہ یادگار بن جاتا ہے، حمائمہ ملک تو رقص کے نرت بھاؤ ہی نہیں جانتیں اس نے خاک پرفارم کرنا تھا، گانے میں ان کا فٹ ورک دیکھ لگتا تھا کہ کسی موت کے کنویں میں رقص کرنے والے خواجہ سراء سے رقص کرایا جا رہا ہے، ہم ٹی وی انتظامیہ کو مشورہ ہے کہ اس طرح کے شوز پروفیشنلز سے کرایا کریں، تعلقات نبھانے کے لئے دوسرا راستہ اختیار کیا کریں یہ نہ ہو کہ عوام ہم ایوارڈ سے بھی بور ہوجائیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments