ہینڈ سم اور مرشد کی بددعائیں


کل میں نے ایک خبر پڑھی کہ امریکہ بھی دیوالیہ پن کے قریب پہنچ چکا ہے۔ یہ خبر پڑھ کر میری تو ہنسی نہیں رک رہی تھی۔ میرے ذہن میں سب سے پہلا خیال عمران خان کا آیا جس کے خلاف امریکہ نے سازش کی تھی دوسرا خیال پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی خبروں کا آیا۔ پہلے تو مجھے امریکہ پر ترس آیا کہ اس نے دنیا کے ہینڈ سم ترین وزیراعظم کے خلاف سازش کی آج مرشد کی بددعاؤں سے خود بھی دیوالیہ ہونے جا رہا ہے۔ پھر جب ذہن میں خیال آیا کہ پاکستان ایٹمی قوت رکھنے والا ملک دیوالیہ ہو گا تو ساتھ خود کو سپر پاور کہلوانے والا امریکہ بھی تو دیوالیہ ہونے جا رہا ہے۔

ہم سمجھیں گے ہینڈ سم وزیراعظم نے امریکہ سے بدلہ لے لیا ہے۔ پہلے میں سمجھتا تھا کینیڈا کا وزیراعظم جسٹس ٹروڈو زیادہ ہینڈ سم ہے لیکن جب میں نے عمران اور ٹروڈو کی تصویریں کا ایک ساتھ مشاہدہ کیا تو میں اس نتیجے پر پہنچا کہ عمران زیادہ ہینڈ سم ہے کیونکہ ٹروڈو کے پاس نہ اچھا کیمرا مین ہے نہ اے آر وائی کے لائٹنگ ہے نہ مرشد ہے نہ وزیراعظم ہاؤس والے فلیگ ہر وقت دستیاب ہیں اور نہ ہی اچھا میک اپ کرنے والا آرٹس موجود ہے جو اس کے چہرے پر آتے بزرگی کے آثار اور جھریاں ختم کرسکے۔

امریکہ میں بھی بھی ٹرمپ نے بالکل ایک ایسی کٹر اور جنونی فورس تیار کی ہے جیسے یہاں عمران خان نے تیار کی ہے، جو بائیڈن کو عمران خان کو فون نہ کرنے کی سزا روحانی طور پر مرشد کی جانب سے مل رہی ہیں، مرشد آج کل روزانہ جو بائیڈن کو بھی بددعائیں دے رہا ہے کیونکہ جو بائیڈن عمران خان سے عمر میں کافی بڑا ہے اس کے باوجود دوڑیں لگا کر جہاز پر سوار ہوتا تھا اس کو بھی ذرا معلوم ہو کہ میرے ہینڈ سم کو نظر انداز کرنے کا نتیجہ کیا ہوتا ہے۔

جو بائیڈن کو آج کل ٹرمپ اور اس کے حامیوں نے نتھ ڈالی ہوئی ہے۔ امریکی سینیٹ ہو، کانگریس ہو یا عوام ہو ہر جگہ ٹرمپ کے حامی جو بائیڈن کو ناکوں چنے چبوا رہے ہیں۔ ٹرمپ نے جو فورس تیار کی ہے وہ سمجھتی ہے کہ گریٹ امریکہ کا نعرہ لگانے والا ٹرمپ ہی ان کا اصل مسیحا ہے جو امریکہ کو اور ان کو مشکلات سے نجاد دلا سکتا ہے جبکہ ٹرمپ کا ہر مخالف امریکہ کا اور ہمارا دشمن ہے۔ بالکل سیم صورتحال آج پاکستان میں ہے۔ عمران کے حامی بھی یہی سمجھتے ہیں عمران ہی پاکستان کو مشکلات سے نکال سکتا ہے اور ہمارے پاس عمران کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے کیونکہ ان کے نزدیک باقی سب پاکستان کے دشمن ہیں۔

ٹرمپ کے ساتھ بھی آج کل امریکہ میں وہی صورتحال پیش آ رہی ہے جو عمران خان فیس کر رہا ہے۔ ٹرمپ پر ٹیکس چوری، اثاثے چھپانے اور خفیہ دستاویزات اپنے گھر لے جانے کے صرف الزامات نہیں لگ رہے بلکہ یہ سب الزامات حقیقت ثابت ہو رہے ہیں۔ امریکی ایف بی آئی نے ٹرمپ کے گھر چھاپہ مار کے کچھ خفیہ دستاویزات بھی برآمد کی ہیں جبکہ ٹرمپ ٹیکس چور بھی ثابت ہو چکا ہے۔ جیسے عمران خان پر اثاثے چھپانے اور امریکی سازش والا سائفر اپنے ساتھ گھر لے جانے کا الزام ہے۔

خیر عمران خان اثاثے چھپانے میں تو نا اہل ہو چکا ہے لیکن ابھی تک ایف آئی اے یا کسی اور ایجنسی کو عمران خان کے گھر چھاپہ نہیں مارنے دیا گیا کیونکہ پاکستانی عدلیہ مرشد کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دی سکتی۔ فی الحال ٹرمپ کی جماعت نے ایک بار پھر اس کو امریکی صدر کے امیدوار کے لئے نامزد کر دیا ہے لیکن پاکستان میں عمران خان پر نا اہلی کی تلوار لٹک رہی ہے اب شاید عمران خان مرشد کو اپنا اگلا وزیراعظم نامزد کر سکتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments