جو خود مجسم مذاق ہیں، وہ مذاق اڑا رہے ہیں


ایک پڑھا لکھا شخص اپنی قابلیت کی بنیاد پر بڑی کرسی پر پہنچا ہے، مذاق تو بنانا چاہیے۔ کم سے کم مذاق اڑانے والوں کی اکثریت کی طرح جاہل یا پھر اکثر بڑے بڑے منسٹرز کی طرح جعلی ڈگری کی بنیاد پر بڑے بڑے عہدوں تک تو نہیں پہنچا۔ مذاق تو ویسے بھی بنتا ہے، اس نیچ معاشرے میں میرٹ پر آنے والوں کا مذاق تو بننا چاہیے۔

اب خود سوچیں، نئے صاحب آئے ہیں، لندن کی ڈگری، بلکہ ڈگریاں لائے ہیں اور پھر کراچی آ کر الگ مشکل ترین امتحان دیا ہے اور پاس بھی کیا ہے۔ لیکن مذاق اڑانے والوں کی بڑی تعداد کو ان ڈگریوں سے کیا لینا، وہ خود ان پڑھ ہوں گے یا پھر بی کام، انٹر والے ہوں گے ۔

ویسے مذاق اپنی جگہ مگر کچھ لوگوں کی کامیابیوں سے زمانہ جیلس بھی ہوتا ہے۔ اب غور کریں 30 سال کا اے سی، یعنی اسسٹنٹ کمشنر، فیشن ڈیزائنر، پھر ماڈل، پھر برانڈ ایمبیسڈر، پھر انگریزی و اردو زبان کا سنگر، پھر سانگ رائٹر اور معمولی رائٹر نہیں دنیا کے بڑے بڑے انگریزی گلوکاروں کے گانے لکھنے والا ہے تو اتنی کم عمری میں اتنی ساری کامیابیوں پر جیلسی تو بنتی ہے نہ اور مذاق بھی۔

یقیناً کچھ تصویروں کی بنیاد پر اس نئے اے سی کے خلاف ایک بڑا ہجوم غلیظ طرح کے جملے، باڈی شیمنگ، بلی کرنے میں لگا ہے کیونکہ پاکستانیوں کا سب سے پسندیدہ مشغلہ ہے، لوگوں کا ان کے جسم یا انداز کے مطابق مذاق اڑانا اور اس کام میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد ماہر ہے۔

یہ جیسا بھی، جو بھی ہے، لیکن کامیاب ہے، آپ تو کڑوے ہیں، کھٹے ہیں پھر بھی ناکام ہے۔ باہر کامیاب تھا، باہر باڈی نہیں دیکھی جاتی ہنر دیکھا جاتا ہے اور تعریف کی جاتی ہے۔ لیکن پھر پاکستان آ گیا، میں نے ایک جگہ پڑھا ہے اس کو پاکستان آنے سے کچھ احباب نے خبردار کیا ہے، گویا وہ احباب پاکستان کے گھٹیا ماحول سے باخوبی واقف ہوں گے ۔ مگر وہ ہمت کر کے پاکستان واپس آ گیا۔

جو جو مذاق اڑا رہا ہے ان سے یہ ہی کہتا ہوں جن کا مذاق اڑانا تھا وہ آپ کے سروں کے تاج بنے رہے، وہ جھوٹ بولتے آپ ایمان لاتے، وہ منافقت کرتے آپ دلیل لاتے، وہ غلیظ باتیں کرتے آپ کے لئے وہ باتیں اقوال بن جاتیں۔ اگر مذاق اڑانا ہے تو کارکردگی پر اڑائیں بالکل اڑائیں۔ جسمانی خدوخال، چلنے کے انداز، زنانی آواز، ہنر پر آوازیں کسنا بند کریں اور آگے بڑھیں۔ ورنہ آپ لوگ ہر طرح سے ناکام رہیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments