نرگسیت کے مریض محبوب


نرگسیت کے مریض محبوب
کے ذہن کی بے ترتیبی میں
ایک صحت مند تعلق کے لیے
کسی امید کی کرن بھی دکھائی نہیں دیتی ہو

اور یہ سب کچھ جانتے ہوئے بھی
آپ اس رشتے سے چمٹے رہنا چاہتے ہوں
تو جان لیں کہ یہ آپ کی ذاتی مہم ہے
جس کا صرف ایک ہی منطقی نتیجہ ہے
اور وہ یہ کہ آپ کو اپنا تمام سرمایہ خرچ کرنے کے بعد
کچھ واپسی میں نہیں ملے گا
وقت، پیسہ، کاوش ہو یا جذبات
کچھ بھی نہیں

نرگسیت ایک ایسے کنویں کی مانند ہے
جس کا نچلا سرا نہیں ہوتا
اس میں اپنا سب کچھ بھی پھینک دو
تو بھی اس کو بھرا نہیں جاسکتا ہے
آدھا بھی نہیں

خود پرست ان افراد کو تکلیف دیتا ہے جو اس سے محبت کرتے ہوں
اور جب تک زندہ رہے، یہ رویہ دہرائے جاتا ہے
وقتی طور پر سدھرا ہوا شاید لگے
لیکن یہ مستقل طور پر ٹھیک نہیں ہو سکتا
آپ کو دھوکا ہوتا ہے
جب نرگسی آپ کے دروازے پر آ کر معافی مانگ لیتا ہے
وعدے کرتا ہے
تحفے دیتا ہے
پھول لاتا ہے
یہ دائرے کا سفر ہے
آپ پھر سے خود کو اس بھنور میں پائیں گے

نرگسیت کے مریض کی دنیا کا محور وہ خود ہے
وہ اپنائے جائے گا اور ٹھکرائے جائے گا
پھر اپنائے گا پھر ٹھکرائے گا
پھر اپنائے گا پھر ٹھکرائے گا
جب تک
آپ کہیں کہ
بس اب اور نہیں!
اس کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے
اور منزل ایک سراب

یہ بات سمجھنا مشکل ہے
ایک نارمل انسان کے لیے نرگسیت کو سمجھنا مشکل ہے
جس شخص کے لیے دو جمع دو ہر جگہ اور ہر شخص کے لیے چار ہوتے ہوں
وہ دو جمع دو کسی دن تین، کسی دن پانچ اور کسی دن چار کو نہیں سمجھ سکتا

یہ نرگسی فطرت ہے
کہ میتھمیٹکس کے اصول کائناتی نہ ہوں بلکہ اس کی پسند سے چلیں
نرگسی کے اندر ایک اندھیرا ہے
جہاں روشنی نہیں پہنچ سکتی
یہ بات کوئی نہیں جانتا کہ

نرگسیت کے مریض کی نظر میں
اس کی اپنی اہمیت نہیں
اس لیے وہ یہ اہمیت اپنے اردگرد کے انسانوں سے محسوس کرنا چاہتا ہے
وہ خود کو اہم محسوس کرنے کے لیے
دوسروں پر تشدد بڑھاتا چلا جائے گا
اس کو نہیں روک سکتے
اس کی کوئی مدد نہیں کر سکتے
کوئی بھی نہیں کر سکتا
صرف اپنی مدد کر سکتے ہیں
فاصلے سے!

Facebook Comments HS