اکشے کمار کی فلم ’سیلفی‘ کا ناکامی کا نیا ریکارڈ اور رنبیر کی التجا ’انکل مت بولو نہ یار، آر کے بولو‘

رنبیر اپنی فلم ’تو جھوٹی میں مکار‘ کی پروموشن کے لیے ٹی وی شو ’انڈین آئیڈل‘ میں شریک ہوئے جہاں سٹیج پر گانے کے بعد ایک بچی نے انھیں ’رنبیر انکل‘ کہہ کر پکارا، جس پر رنبیر کا کہنا تھا ’انکل مت بولو یار ’آر کے‘ کہہ دو‘۔
ان کے ایسا کہنے پر وہاں موجود تمام لوگ ہنسنے لگے اور بات ہنسی ہنسی میں ٹل گئی۔
گذشتہ نومبر میں رنبیر اور عالیہ کے یہاں ایک بچی کی پیدائش ہوئی تھی۔ امید ہے کہ کم از کم رنبیر اپنی بیٹی راہا کے انھیں پاپا کہنے سے پریشان نہیں ہوں گے!

جہاں تک پریشانی کا تعلق ہے تو بالی ووڈ سٹارز میڈیا سے پریشان ہیں جن کے کیمرے ہر جگہ اور ہر لمحے ان کے تعاقب میں رہتے ہیں۔ یہاں تک کہ ان کے گھر کے اندر تک ان کا پیچھا نہیں چھوڑتے۔
حال ہی میں عالیہ بھٹ کی ان کے اپنے ہی گھر میں لی گئی تصاویر پر خاصا ہنگامہ ہوا۔
عالیہ اپنے گھر کے ڈرائنگ روم میں بیٹھی تھیں اور انھیں اندازہ بھی نہیں تھا کہ ان کے سامنے والی عمارت سے کوئی ان کی تصاویر اُتار رہا ہے۔
عالیہ نے پولیس میں اس کی شکایت درج کروائی اور انسٹا گرام پر اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے سوال کیا کہ ایسا کہاں ہوتا ہے؟ کیا یہ سب کرنا درست ہے؟
شاید اسی طرح کے واقعات سے ناراض سیف علی خان نے اپنے گھر کے باہر تصاویر اُتارنے والے صحافیوں کو طنزاً کہا ہو گا کہ ’ہمارے بیڈ روم میں ہی آ جاؤ۔‘ یہ تو اچھا ہوا کہ سیف نے صحافیوں کو یہ دعوت دیتے وقت گھر کا دروازہ بند کر لیا!
یوں تو شاہ رخ خان کے گھر کے دروازے نہ صرف بند رہتے ہیں بلکہ وہاں زبردست سکیورٹی کا بھی بندوبست رہتا ہے مگر اِس کے باوجود بھی دو افراد اُن کے گھر کی دیوار پھلانگ کر وہاں داخل ہو گئے۔ یہ اور بات ہے کہ وہاں کے سکیورٹی عملے نے فوراً ہی انھیں پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس کی جانب سے پوچھ گچھ کے دوران انھوں نے بتایا کہ وہ انڈین ریاست گجرات سے ممبئی صرف شاہ رخ خان سے ملنے کے لیے آئے ہیں۔
گرفتار افراد کی عمریں 20 سے 22 برس کے درمیان ہیں۔

شاہ رخ کی فلم ’پٹھان‘ نے جہاں کامیابی کے اب تک کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں وہیں اکشے کمار کی فلم ’سیلفی‘ نے بھی ناکامی کا نیا ریکارڈ بنا لیا ہے۔ بلکہ صرف ’سیلفی‘ ہی کیوں اس سے پہلے بھی ان کی کئی فلموں کا یہی حال ہوا ہے۔
لگتا ہے اس وقت اکشے کے ستارے گردش میں ہیں کیونکہ گذشتہ چند برسوں میں انھوں نے دھڑا دھڑ کئی فلاپ فلمیں دی ہیں۔ ان میں فلم ’رام سیتو‘ سے لے کر ’پرتھوی راج چوہان‘، ’رکشا بندھن‘ اور ’بچن پانڈے‘ جیسی فلمیں شامل ہیں۔
ان کی فلمیں فلاپ ہونے کی وجوہات کیا ہیں اس کی بھی فہرست لمبی ہے لیکن خود بیچارے اکشے اس صورتِحال سے اتنے پریشان نظر آتے ہیں کہ کبھی انڈیا سے اپنی محبت کی قسمیں کھانے لگتے ہیں تو کبھی کینڈا کی شہریت چھوڑنے کے عہد کو دہراتے لگتے ہیں۔
ویسے حال ہی میں انھوں نے میڈیا کو بتایا تھا کہ انھوں نے کینڈا کی شہریت چھوڑنے اور واپس انڈیا کی شہریت حاصل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).