توشہ خانہ کیس: اسلام آباد پولیس کی ٹیم زمان پارک پہنچ گئی


توشہ خانہ ریفرنس میں جاری ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے لیے اسلام آباد پولیس چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زمان پارک میں واقع رہائش گاہ پہنچ چکی ہے۔

یاد رہے کہ 28 فروری کو ایڈیشن سیشن جج ظفر اقبال نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے کیونکہ وہ بارہا عدالت کی طلبی کے باوجود پیش نہیں ہوئے تھے۔

وارنٹ گرفتاری کے نوٹس کے مطابق عمران خان کو متعدد بار عدالت میں پیش کرنے کے نوٹس جاری کیے گئے تاہم وہ بار بار طلب کرنے کے باوجود پیش نہیں ہوئے۔

عدالتی نوٹس کے مطابق سات مارچ کو ہونے والی اس کیس میں آئندہ پیشی کو یقینی بنانے کے لیے عمران خان کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔

 عمران خان کی گرفتاری کے لیے پہنچے ہیں مگر وہ موجود نہیں : ترجمان اسلام آباد پولیس

اسلام آباد پولیس نے عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ ’اسلام آباد پولیس کی ٹیم عمران خان کی گرفتاری کے لیے پہنچی ہے مگر وہاں عمران خان موجود نہیں۔ ‘

ترجمان اسلام آباد کے مطابق ’عدالتی احکامات کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پہنچی ہے۔ ‘

بیان کے مطابق لاہور پولیس کے تعاون سے تمام کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔

’عدالتی احکامات کی تکمیل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اسلام آباد پولیس اپنی حفاظت میں عمران خان کو اسلام آباد منتقل کرے گی اور قانون سب کے لیے برابر ہے۔ ‘

 عمران خان کو نوٹس دے دیا ہے، عدالتی احکامات واضح ہیں جن کے تحت گرفتاری کے لیے پولیس زمان پارک موجود ہے : آئی جی اسلام آباد

آئی جی اسلام آباد پولیس اکبر ناصر نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی ٹیم عمران خان کی گرفتاری کے لیے زمان پارک موجود ہے نا کہ صرف وارنٹ کو موصول کروانے کے لیے۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ناصر کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کا پہلا مرحلہ یہ ہے کہ ملزم کو نوٹس دیا جائے اور نوٹس دینے کے بعد فوراً گرفتار کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ زمان پارک کے باہر جو لوگ موجود ہیں ان سے گزارش ہے کہ وہ قانونی کارروائی میں مداخلت نہ کریں اور قانون کو ہاتھ میں نہ لیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’قانون کی منشا یہ ہے کہ عمران خان کو عدالت کے احکامات کے مطابق گرفتار کیا جائے اور مقررہ تاریخ پر عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔ مزاحمت کی صورت میں جو قانون کی راہ میں رکاوٹ ڈالتا وہ قانون ہاتھ میں لیتا ہے اور یہ ایک الگ سے جرم ہے۔ ‘

زمان پارک کو جانے والے تمام راستے پولیس نے بند کر دیے

عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کو جانے والے تمام راستے پولیس نے بند کر دیے ہیں۔
بی بی سی کی نامہ نگار ترہب اصغر کے مطابق اس وقت لاہور شہر میں سیکیورٹی کی صورت حال غیر معمولی ہے۔

ترہب اصغر کے مطابق عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد ہے جبکہ پولیس کے اہلکار بھی وہاں موجود ہیں۔

پی ٹی آئی کی مرکزی لیڈر شپ کا ہنگامی اجلاس طلب

عمران خان کی گرفتاری کے احکامات کے حوالے سے درپیش صورت حال پر مرکزی لیڈر شپ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی حکام کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی لیڈر شپ کا اجلاس عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں اسلام آباد پولیس کی جانب سے نوٹس اور آج کی صورت حال پر مکمل مشاورت ہو گی۔

حکام کے مطابق اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی لیڈر شپ آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لے گی۔

 اسلام آباد پولیس حکومت کا نہیں بلکہ عدالت کا حکم لے کر زمان پارک پہنچی ہے : وفاقی وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس حکومت کا نہیں بلکہ عدالت کا حکم لے کر زمان پارک پہنچی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری میں ناکامی کی صورت میں عدالت کو بتایا جائے گا کہ زمان پارک میں یہ صورتحال تھی اور اس پر دیکھیں گے کہ عدالت کیا فیصلہ کرتی ہے۔

 عمران خان کی گرفتاری پر اسلام آباد پولیس کو جو تعاون درکار ہو گا، فراہم کریں گے :نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر

نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ ’عمران خان کی گرفتاری کے لیے عدالت کے احکامات پر عمل درآمد کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ ‘

نامہ نگار بی بی سی ترہب اصغر سے عامر میر نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان کی گرفتاری کے لیے پنجاب حکومت ہرسپورٹ فراہم کرے گی اور اسلام آباد پولیس کو اس گرفتاری کے لیے جو بھی بیک اپ چاہیے ہو گا، پنجاب حکومت وہ تعاون فراہم کرے گی۔‘

عامر میر کا کہنا تھا کہ اس وقت جب عمران خان کارکنان سے گرفتاری کروا رہے ہیں تو قانونی اور اخلاقی طور پر ان کو اپنی گرفتاری بھی فوری دینا چاہیے۔

Facebook Comments HS

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp