پھول میلہ


اگر رنگ، خوبصورتی، خوشبو اور محبت کو ایک جگہ اکٹھا کر دیا جائے تو پھولوں کا دلکش تصور ذہین میں اتا ہے۔ پھول ایک ایسا خوبصورت احساس ہیں جو دیکھنے والوں کی نظر کے راستے دل تک اثر کرتا ہے، پھولوں کی خاص بات یہ بھی ہے کہ یہ انسانی نفسیات پر خوشگوار اثر ڈالتے ہیں۔ عام مشاہدہ ہے پھولوں سے محبت کرنے والے لوگ نرم مزاج ہوتے ہیں۔ پھول ایک ہو تو بھی انسانی دل و دماغ اس کی خوبصورتی کے پرلطف احساس سے انکار نہیں کر سکتا اور جہاں بہت سارے خوبصورت پھولوں کا مجموعہ جمع کر دیا جائے، جہاں دھنک کے سارے رنگ موجود ہوں وہاں کا حسین منظر ہمارے دل و دماغ پر نہایت خوشگوار اثر ڈالتا ہے۔

ایک ہی جگہ موجود رنگ برنگے، خوبصورت پھول جن میں ارغوانی، نارنجی، بنفشی، زعفرانی، سرخ و سفید، آتشی، مونگیا، زعفرانی اور زرد رنگ کا دلنشین امتزاج ہو، جن میں گلاب، موتیا، گیندا، سورج مکھی، بوگن ویلا اپنی بہار دکھائیں تو مان لیں وہاں کا نظارہ اس قدر حسین اور دل کو چھو لینے والا ہوتا ہے کہ ہر دیکھنے والی آنکھ کو اپنے سحر میں جکڑ لیتا ہے، اور ایسا ہی دلکش نظارہ ان دنوں بخاری پارک ڈیفینس میں بھی نظر آ رہا ہے جہاں رنگین اور دلکش پھولوں کی بہار اپنا چھب دکھا رہی ہے اور پورا پارک ان پھولوں کی خوشبو سے مہک اٹھا ہے۔

بخاری پارک ڈیفینس جہاں ان دنوں سالانہ پھول میلہ سجا ہوا ہے اس وقت بہار کا منظر پیش کر رہا ہے جو بلاشبہ ڈیفنس انتظامیہ کا ایک ایسا احسن اقدام ہے جسے نہ سراہنا سراسر زیادتی ہو گی۔ ڈیفینس انتظامیہ ہر سال ایسا پھولوں بھرا میلہ سجاتی ہے جہاں جا کر ہر انسان اس کے سحر میں کھو کر پل پھر کو اپنے اندر کی تلخی بھول جاتا ہے۔ سچ ہے پھولوں کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کائنات مسکرا رہی ہو اور کائنات کی اس مسکراہٹ پر اپنا آپ وار دینے کا من چاہتا ہے۔ تین

مارچ سے شروع ہونے والے اس پھول میلہ کا آج آخری دن ہے۔ امید ہے اگلے سال بھی کراچی ڈیفینس انتظامیہ اس روایتی پھول میلے کا انعقاد کر کے شہریوں کو ایسے پر بہار میلے سے طف اندوز ہونے کا موقع دے۔ ایسے پھولوں بھرے میلے کراچی میں ہونے چاہیں جو اہالیان کراچی کے لئے مانند بہار ہیں

Facebook Comments HS