ذکر کانٹیکٹ لسٹ کا


بابر لاری اڈا، شانی جنرل سٹور، نسیم ریڑھی، وکی پلمبر، نومی کنڈکٹر۔ اور اس طرح کے بیسیوں نام مع نمبروں کے ہماری فون بک میں موجود ہیں۔ ہمیں قسم ہے اس ذات کی جس کے قبضہ قدرت میں سب کی جان ہے ہمیں بالکل یاد نہیں پڑتا کہ یہ کون صاحبان ہیں اور کون، کب اور کہاں ہماری لسٹ میں ان کے نمبر ایڈ کر گیا۔ پھر خیال آتا ہے کہ کون سا ایسا وقت ہے جب موبائل ہم سے جدا ہوتا ہے تو غور کرنے پر یہ حیران کن انکشاف ہوتا ہے کہ سوائے سونے کے ایسا کوئی وقت نہیں ہے۔ لیکن سوتے میں بھی تو اسے تکیے کے نیچے رکھ کر سوتے ہیں کہ اگر کوئی اسے اٹھائے تو پہلے ہم اٹھ جائیں۔ اس کے باوجود یہ معمہ لاینحل ہے۔

کانٹیکٹ لسٹ بڑی حیران کن چیز ہے۔ اس میں آپ کو وہ تمام نمبر مل جائیں گے جن کی آپ کو کوئی ایمرجنسی ضرورت نہیں ہے۔ جونہی آپ کو اچانک کوئی ضروری کام آن پڑا تو مطلوبہ نمبر اس لسٹ سے خود بخود غائب ہو جائے گا۔ مارتے رہیں ٹکریں۔ ہجے توڑ توڑ کر، جوڑ جوڑ کر اور تبدیل کر کر کے لکھتے رہیں۔ لسٹ آپ کا منہ چڑا رہی ہوگی۔ پھر جونہی وہ ضرورت رفع ہوئی اور آپ نے گھر کال کرنے کو نمبر ملایا تو سرچ بار میں وہی نمبر دانت نکوسے کھڑا ہو گا۔ گویا آپ کا منہ چڑا رہا ہے کہ کیسا مزا چکھایا۔

اور آپ سوائے صبر کے کچھ بھی نہ کرسکیں گے۔

وہ دن گئے جب ہر ایک کا صرف ایک نمبر ہوا کرتا تھا۔ اب تو ہر ایک کے دو یا تین سے زائد نمبر ہمہ وقت ایکٹو رہتے ہیں۔ لسٹ ایسی ظالم ہے کہ ہمیں ہمیشہ وہی نمبر دکھاتی ہے جو دوسرے نیٹ ورک کا ہو۔ کالوں پر اچھا خاصا روپیہ برباد کرنے کے بعد کسی دن ہم فارغ بیٹھے سکرین پھرول رہے ہوتے ہیں تو اسی شخص کا ہمارے نیٹ ورک والا نمبر ابھر آتا ہے۔ اس وقت کی تکلیف کا اندازہ وہی لوگ کر سکتے ہیں جو اس امتحان سے گزرے ہوں۔

کئی ایسے صاحبان بھی لسٹ میں موجود ہیں جن کے کم و بیش آٹھ سے دس نمبر فون بک میں موجود ہیں۔
ان کی ایک مثال استاد خان عبدالغفار خان ٹرک ڈرائیور ہیں۔
پچھلے دنوں ان سے کوئی کام تھا۔ ان کا نام سرچ کیا اور نمبر ڈائل کیا۔
آپ کا ملایا ہوا نمبر اس وقت بند ہے۔
استاد غفار ٹو۔ آپ کے مطلوبہ نمبر سے اس وقت رابطہ ممکن نہیں۔
استاد غفار خاں 3۔ آپ کا ملایا ہوا نمبر درست نہیں۔
خان غفار خاں نیو نمبر۔ آپ کا مطلوبہ نمبر عارضی طور پر بند ہے۔
استاد غفار ڈرائیور۔ آپ کے مطلوبہ نمبر سے فی الحال جواب موصول نہیں ہو رہا۔ تھوڑی دیر بعد کوشش کریں۔
غفار ڈرائیور۔ سوری دس از این ان ویلیڈ نمبر۔
استاد غفار اصل نمبر۔ ٹوں ٹوں ٹوں ٹوں۔ ۔ ڈس کنیکٹ

غفار ٹرک۔ چلو کوئی گل نہیں چلو کوئی گل نہیں ، نہیں بنڑیا ساڈا کوئی گل نہیں۔ آپ کے مطلوبہ نمبر سے اس وقت جواب موصول نہیں ہو رہا۔

جھلا کر فون جیب میں ڈالا۔ بہت غصہ آیا۔ پھر دس منٹ دوبارہ فون نکال کر چلو کوئی گل والے نمبر سے یہی ایکسرسائز دوبارہ دہرائی۔ نتیجہ وہی رہا۔

کسی کے دستیاب نہ ہونے سے کسی کے کام رکے نہیں رہتے۔ لہذا ہمارا کام بھی ہو گیا۔ کئی ماہ بعد استاد غفار سے ملاقات ہوئی تو ہم پھٹ پڑے۔ استاد جی یہ کیا مسئلہ ہے آپ کے اتنے نمبر ہمارے پاس سیو ہیں اور ان میں سے کوئی بھی نہیں ملتا۔ استاد پہلے حیران پھر پریشان سا ہو کر بولا

’نئیں ڈاکٹر صیب؟ نہ کرو۔ دکھاؤ ذرا کون سا نمبر ملایا تھا۔ ”
یہ دیکھو۔ یہ یو فون والا۔
’اوہ۔ یہ۔ یرا یہ والا اب نہیں اے۔ ‘
اس کو ڈیلیٹ کردوں پھر؟
’نئیں نہیں یرا ڈیلیٹ کیوں کرتا ہے۔ کبھی کبھی یہ سم بھی ڈال لیتا ہے۔ ‘
اچھا اور یہ جاز والا؟
ہاں یہ ام سے گم ہو گیا یرا۔ یہ ڈیلیٹ کردو۔
یہ زونگ والا؟
’یہ ویسے تو آن ہے مگر اس کا پہاڑی علاقہ میں سگنل ای نہیں آتا۔‘
اچھا یہ وارد والا کیا کروں؟

’یہ دوسرے فون میں ہے۔ وہ ہمارا لڑکا بہت شیطان ہے اس پر گیمیں کھیلتا ہے بیٹری ختم کر دیتا ہے تو اس لئے اس پر بھی کال نہ کیا کرو۔ ‘

یہ ٹیلی نار والے تین نمبر؟ ان کا کیا کروں؟
”یہ ان میں سے زیرو تین سو چوالیس والا تو ڈیلیٹ کردو۔ یہ اب نہیں اے۔ باقی دو رکھ لو۔“
تم مجھے یہ بتاؤ تمہارے پاس ٹوٹل کتنے فون ہیں استاد؟ جو یہ سم کارڈ کی پوری دکان کھول رکھی ہے؟

”او یرا سمجھا کرو ناں۔ ان میں سے ایک نمبر جانوں کے واسطے ہے۔ دو نمبر کشٹمر واسطے ہے۔ دو نمبر نائیک واسطے ہے۔ “

بھائی میں کھڑا رہ گیا۔ ضرورت تھی اور آپ کا نمبر ہی نہیں مل کر دیا۔

’چھوڑو ڈاکٹر صیب۔ تم ہمارا اصل خفیہ نمبر لکھو۔ یہ کسی کو دینا نہیں پھر لوگ تنگ کرتا اے۔ یہ صرف تمہارے واسطے۔

زیرو تین سو تیتیس۔ ’
’یہ ہر وخت آن ملے گا۔ بے غم او جاؤ۔ ‘
ہم نے سمپل غفار کے نام سے یہ نیا نمبر سیو کیا اور آ گئے۔

اتفاق سے آج صبح ہماری بیگم صاحبہ کہنے لگیں وہ میری بہن ہے ناں، وہ لوگ گھر شفٹ کر رہے ہیں۔ سامان کافی زیادہ ہے۔ وہ آپ کا دوست ہے ناں استاد غفار اس کو فون کر دیں پہلے سے۔

ہم اس وقت کھانا کھا رہے تھے۔ ہاتھ بریانی کی پلیٹ میں مصروف عمل تھے۔ ہم نے کہا یہ فون میں غفار نام کا نمبر ڈائل کر کے سپیکر پر ڈال دیجے۔

کہنے لگیں
یہ تو کافی سارے غفار آرہے ہیں۔ کون سا ملاؤں؟
ہم نے کہا ’یہ سب غلط نمبر ہیں۔ آپ صرف غفار ملائیں۔ ‘
انہوں نے ایسا ہی کیا۔
کسی خاتون نے فون اٹھا کر کہا
”ڈاکٹر صاحب آج چھ سال بعد ہماری یاد کیسے آ گئی؟“
اس وقت سے گھر سے باہر گھوم رہا ہوں۔ سوچ رہا ہوں اب کیا کروں۔

۔

Facebook Comments HS