المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی خدمات!
جن شخصیات نے اپنی تمام تر توانائیاں اور وسائل ایسے مقاصد کے حصول میں صرف کیے جن کی خدمات سے انسانیت نے جلا پائی ایسی شخصیات تاریخ میں امر ہو گئیں آج بھی جرمن سے پاکستان آنے والی ڈاکٹر رتھ فاؤ آج کراچی کے گورا قبرستان میں دفن ڈاکٹر رتھ فاؤ کا نام اپنے لازوال کردار کے ساتھ زندہ و جاوید ہے۔ کراچی میں ایک چھوٹی سی ڈسپنسری سے انسانی خدمت کا سفر شروع کرنے والے عبدالستار ایدھی نے ایدھی فاؤنڈیشن کے مستقبل کو اپنی خدمات اور کردار کے ذریعے ایسا تابناک بنایا کہ ان کی وفات کے بعد بھی آج ایدھی فاؤنڈیشن بے آسرا مفلوک الحال انسانیت کی خدمت میں ملک بھر میں مصروف عمل ہے آج عبدالستار ایدھی اور ان کی بیوی بلقیس ایدھی تو اس دنیا میں نہیں رہیں لیکن انہوں نے انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا اوڑھنا بچھونا ایسے بنایا کہ آج ان کا نام بے شمار اعزازات کے ساتھ معاشرہ میں بہترین دلیل کے طور پر امر ہے۔
اسی طرح جماعت اسلامی کا فلاحی ادارہ الخدمت فاؤنڈیشن 1990 ء سے ملک بھر میں خدمات انجام دے رہا ہے تعلیم ’صحت‘ یتیموں کی کفالت ’صاف پانی کی فراہمی‘ بلا سود قرضوں کی فراہمی ’سماجی خدمات اور آفات سے بچاؤ سات شعبوں میں بڑی تندہی کے ساتھ جماعت اسلامی کا فلاحی ادارہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں کام کر رہا ہے۔ ملک میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے زیر سایہ آج بھی سماجی و فلاحی ادارے بڑی تندہی کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور یہ سماجی و فلاحی ادارے اپنے وسائل میں رہتے ہوئے ایسی لازوال خدمات انجام دے رہے ہیں جو قابل تقلید اور قابل ستائش ہیں۔
ملک میں فلاحی کام کا آغاز عبدالستار ایدھی نے کیا تھا اب ملک میں ہزاروں کی تعداد میں فلاحیٰ ادارے موجود ہیں لیکن ایسے ادارے انگلیوں پر گنے جا سکتے ہیں جو حقیقی طور پر فلاح انسانیت کے لئے کام کر رہے ہیں۔ قیام پاکستان سے قبل ہندوستان میں فلاحی کاموں اسپتالوں‘ تعلیمی اداروں اور سبیلوں کے قیام میں مسلمانوں سے آگے تھے اور یہ واقعی لوگوں کی سہولت کے لئے کام کرتے تھے آج بھی لاہور میں سر گنگا رام ہسپتال ’گلاب دیوی جیسے ہسپتال موجود ہیں جو ہندوؤں نے بنائے تھے۔
جو ادارے ایدھی کی تقلید کو آج بھی اپنائے ہوئے ہیں وہ حقیقی طور پر انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں اور سیاست سے دور رہتے ہیں اور ایدھی کی طرح ان کا کام اور نام زندہ ہے۔ کامیاب فلاحی اداروں کی تفصیل میں جاؤں تو کالم کی سطور میں ان کے کام اور خدمات کو سمو نا ممکن نہیں یہ ادارے اپنی سال بھر کی خدمات کی کارکردگی کی جائزہ رپورٹ ضرور شائع کرتے ہیں اور قابل عمل تجاویز کو اپنا کر ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی سعی کرتے ہیں۔
فلاحی اداروں کی جب آپ فہرست اٹھائیں پاکستانی نژاد عبدالرزاق ساجد جو انگلینڈ میں ایک عرصہ سے مقیم ہیں انہوں نے 2006 ء میں المصطفے ٰ ویلفیئر ٹرسٹ‘ کی بنیاد رکھی اور اپنے کام کا آغاز کیا اب یہی ٹرسٹ دنیا کے 22 ممالک میں اپنی جاندار اور بے مثل کارکردگی پر اپنی جڑیں مضبوط کرتے ہوئے دکھی اور مفلوک الحال انسانیت کی بلا امتیاز خدمت میں عملاً اپنا لوہا منوا چکا ہے۔ پاکستان ’آزاد کشمیر کے چھوٹے بڑے قصبوں سمیت دنیا کے بائیس ممالک میں اس ٹرسٹ کا کام بہترین دلیل ہے میں سمجھتا ہوں کہ اگر انسان اپنی محنت‘ لگن اور صادق جذبے کے ساتھ اپنی صلاحیتیں اور توانائیاں کسی مقصد کے حصول میں لگا دے تو وہ کامیاب ہو جاتا ہے المصطفے ٰ ویلفیئر ٹرسٹ نے اسی سوچ کو عمل کی سیڑھی بناتے ہوئے اپنی تمام تر توانائیاں اس کے مقاصد کے حصول پر لگا کر انسانیت کی خدمت کو جو عالمگیریت دی ہے ایسی مثال خال خال ہی نظر آتی ہے۔
برادرم محترم نواز کھرل بہترین مستند لکھاری اور سماج کے کاموں میں ان کی شخصیت انفرادیت کی حامل ہے محترم نواز کھرل المصطفے ٰ ویلفیر ٹرسٹ شعبہ نشر و اشاعت میں کلیدی عہدہ رکھتے ہیں چند دن قبل انہوں نے بذریعہ واٹس ایپ راقم کو ٹرسٹ کی سالانہ کارکردگی اعداد و شمار کے ساتھ بھجوائی میں سمجھتا ہوں کہ کارکردگی رپورٹ قارئین کے ساتھ ضرور شیئر کروں تاکہ اس تقلیدی عمل کا میں بھی حصہ بن کر ایسے ویلفیئر کے کاموں کو معاشرے میں اجاگر کرنے اور ترغیبی عمل کو آگے بڑھا کر قلمی کردار ادا کر سکوں۔
المصطفے ٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام مختلف شعبہ جات میں جو اس ٹرسٹ کی نمایاں کارکردگی رہی وہ نذر قارئین ہے اس ٹرسٹ نے ’روشنی سب کے لئے‘ آنکھوں کے ایک لاکھ 73 ہزار مفت آپریشن کیے ’سلوگن کے تحت پاکستان‘ بنگلہ دیش ’کینیا‘ گیمبیا ’سری لنکا‘ یمن ’شام‘ انڈونیشیا ’ملاوی‘ نائجیریا ’افغانستان‘ عراق اور برما میں فری آئی کیمپ لگائے گئے ’اسی طرح پاکستان کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں‘ المصطفیٰ آئی ہسپتال ’کا قیام اس سٹیٹ آف آرٹ ہسپتال میں پرچی سے آپریشن تک مفت سہولیات دی جا رہی ہیں 14 نومبر 2020 ء سے لے کر اب تک 7 ہزار دو سو مفت آپریشن کر چکا ہے۔
اس ٹرسٹ کا یہ خاصہ ہے کہ رمضان کریم میں ہر سال لاہور میں المصطفیٰ آئی ہسپتال میں سات سو افراد رمضان دستر خوان میں روزانہ شریک ہوتے ہیں اس کے علاوہ سارا سال سینکڑوں افراد کو دوپہر اور رات کا مفت کھانا مہیا کیا جاتا ہے مستحق خاندانوں کو راشن فوڈ بیگز کی تقسیم کا عمل پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں بھی ایک تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ یہ ٹرسٹ سال بھر میں سردیوں کے موسم میں پاکستان سمیت بائیس ممالک میں سردی سے بچاؤ کے لئے ہزاروں افراد اور خاندانوں کو گرم کپڑے‘ رضائیاں ’کمبل‘ فوڈ پیکس ’ہیٹرز‘ عارضی شیلٹرز تقسیم کر چکا ہے حافظ پروجیکٹ کے تحت حفاظ طلبہ و طالبات میں وظائف ’قرآن مجید کی تدریس کے فرائض انجام دینے والے اساتذہ اکرام کی تنخواہیں بھی المصطفیٰ ویلفئیر ٹرسٹ کی طرف سے ادا کرنے کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے۔
المصطفے ٰ ویلفیئر ٹرسٹ ایک تواتر کے ساتھ مختلف شعبہ جات پر کام کر رہا ہے جن میں کلین واٹر پروجیکٹ‘ قربانی پروجیکٹ ’اجتماعی شادیاں‘ برما کے مظلوم روہنگیا مسلمانوں کی امداد ’سیو آور چلڈرن ان کشمیر مہم‘ مسجد اقصیٰ بیت المقدس میں قرآن کلاسز کا اجراء ’پاکستان میں آنے والی آفات میں خدمات‘ ترکیہ اور شام میں زلزلہ زدگان کی امداد ’المصطفیٰ میڈیکل ٹاور کا قیام بہرحال اس ٹرسٹ کی کارکردگی اس سے جڑے افراد کی لازوال قربانیوں کا ثمرہ ہے جو اس ٹرسٹ کی عملی کارکردگی کے ساتھ امر کرداروں کے ساتھ دنیا کے معاشروں معطر کر رہے ہیں ایسے سماجی اور فلاحی ادارے ٰمعاشرے میں تقلیدی اور ترغیبی عمل کو آگے بڑھا کر رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔


