تاؤ لانگ ثقافت کے رنگ

تاؤلانگ ثقافت انوکھی خصوصیات کے ساتھ ویغور ثقافت کا ایک حصہ ہے۔ پیداوار، محنت، محبت رقص اور موسیقی، تاؤلانگ ثقافت کا اہم جز و ہیں۔ یہاں کا روایتی رقص بنیادی طور پر تاؤ لانگ کے لوگوں کے شکار کے عمل کو ظاہر کرتا ہے۔ تاؤ لانگ مقام کے لوک گیتوں میں، محبت اکثر مرکزی مواد ہوتا ہے۔
چین کے سنکیانگ ویغور خود اختیار علاقے کے شہر کاشغر کی میکت کاؤنٹی میں آج بھی تاؤلانگ ثقافت کا رنگ بہت گہرا نظر آتا ہے۔ یہاں کی ثقافت میں زراعت کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ یہاں کا عناب، کپاس اور خربوزہ بہت مشہور ہے۔ میکت کاؤنٹی میں تاؤلانگ ثقافت کا ایک ثقافتی مرکز بھی موجود ہے جو یہاں آنے والوں کو اس علاقے کی نمایاں خصوصیات بیان کرنے کا ایک مرکز ہے۔ اس مرکز میں عام دنوں میں شام کے وقت سب مقامی رہائشی افراد جمع ہوتے ہیں اور رقص اور موسیقی سے خود لطف اندوز ہوتے ہیں۔
اس کے علاوہ اس ثقافت کا ایک اور نمایاں پہلو فن مصوری ہے اور یہ مصوری یہاں کے کسان کرتے ہیں۔ اگر یوں کہا جائے کہ موسیقی، رقص اور مصوری اب اس ثقافت کی پہچان ہیں تو غلط نہ ہو گا۔
اگست 1985 میں یہاں کے کسان کی تین پینٹنگز کا چین سمیت پوری دنیا میں خاص طور پر چرچا رہا۔ اس کسان مصور کی تین پینٹنگز کی پیرس میں نمائش کی گئی اور بین الاقوامی مصوروں نے انہیں خوب سراہا۔ میکت کے کسانوں کا فن مصوری کا آغاز گزشتہ صدی میں 70 کی دہائی میں ہوا تھا، اور اگرچہ یہ وقت بہت طویل نہیں لیکن اس میں زبردست ترقی دیکھنے میں آئی۔
اس کاؤنٹی میں زیادہ تر مصور کسان ہیں جو دن کے وقت کھیتوں میں کام کرتے ہیں اور رات کو پینٹنگ کرتے ہیں اور قدرتی مناظر، منفرد قومی زندگی، اس علاقے کی خوشیاں، یہاں کے تہوار، یہاں کی کہانیاں، تاریخی افسانوں اور دیگر موضوعات پر بہت سے عمدہ فن پارے تخلیق کرتے ہیں۔ آج اس کاؤنٹی میں نہ صرف ہر کوئی روایتی رقص کر سکتا ہے بلکہ ہزاروں کسان پینٹنگ ماسٹر بھی بن چکے ہیں۔ ثقافتی مرکز کا ایک حصہ یہاں کے کسان مصوروں کے فن پاروں پر مشتمل ہے۔ ان فن پاروں میں یہاں صحرائے تکلامکان کا خاص درخت پالولس یو فریٹیکا بھی بہت نمایاں دکھائی دیتا ہے۔
کاؤنٹی میں مقامی ثقافتی تاریخ کے تعارف اور اسے اجاگر کرنے کے لیے ایک میوزیم بھی قائم ہے جہاں تاؤلانگ ثقافت کی نمایاں خصوصیات کا اظہار ہے جس میں ایک حصہ یہاں کے کسانوں کی پینٹنگز پر بھی مشتمل ہے جب کہ ایک ثقافتی مرکز میں چین میں موجود دیگر ثقافتوں سمیت تاؤ لانگ ثقافت پر ایک جامع لائیبریری ہے اور خلائی میدان میں چین کی کامیابیوں کی کہانی کو بھی بہت خوب صورت ماڈلز کی شکل میں بیان کیا گیا ہے۔ یہاں دریائے یی آر چھن کا ایک کنارہ بھی لگتا ہے جسے عوام کی تفریح کے لیے نہایت خوب صورت بنا یا گیا ہے ۔
چین پاکستان دوستی کی کہانی یہاں کی دیواروں پر بھی نظر آتی ہے، پاکستان کے سابق صدور اور وزرائے اعظم کے امن کے حوالے سے پیغامات یہاں دکھائی دیتے ہیں۔

