اپنا رویہ بدلیں، زندگی بدل جائے گی
زندگی میں جو لوگ کامیاب ہو جاتے ہیں اور جو لوگ ناکام رہ جاتے ہیں، ان دونوں میں ایک فرق مثبت اور منفی رویے کا ہوتا ہے۔ ایک اپنے مثبت رویے کی وجہ سے کامیابی کا پرچم لہراتا ہے اور دوسرا اپنے منفی رویے کی کی وجہ سے محرومیوں کا شکار ہو جاتا ہے۔ آپ زندگی میں کامیاب ہوں گے یا ناکام، آپ خوش رہیں گے یا نا خوش، آپ پریشان رہیں گے یا پرسکون، یہ سب آپ کے رویے پر منحصر ہے۔ آپ اپنی زندگی میں جو کچھ حاصل کرتے ہیں، عروج و زوال، آسودگی و تنگی، نیک نامی و بدنامی، اس کے پیچھے آپ کا رویہ کام کرتا ہے۔ آپ کا رویہ ہی فیصلہ کرتا ہے کہ آپ کو چھوٹی چھوٹی باتوں میں خوشی تلاش کر کے زندگی کو آگے بڑھانا ہے یا ہر چھوٹے بڑے واقعہ سے متاثر ہو کر ہر دن ماتم کناں رہنا ہے۔
آپ کا رویہ مثبت ہو اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ کی سوچ مثبت ہو۔ آپ کی سوچ آپ کے رویہ کو جنم دیتی ہے۔ آپ اپنی سوچ پر مالکانہ حق رکھتے ہیں۔ اس لیے آپ اچھی سوچ پیدا کریں تاکہ آپ کا رویہ بہتر ہو سکے۔ مثبت سوچ ہی مثبت رویہ کو فروغ دیتی ہے اور مثبت رویہ آپ کو زندگی میں اونچا مقام عطا کرتا ہے۔ اس لیے کہا جاتا ہے :
Your attitude determines your altitude
یعنی آپ کتنی بلندی پر ہوں گے یہ آپ کا رویہ متعین کرتا ہے۔ آپ مثبت اور اچھی سوچ پیدا کریں۔ ایک خوشگوار زندگی کا خواب دیکھیں۔ آپ یہ محسوس کریں کہ آپ کو کامیابی ملے گی۔ مثبت اور اچھی سوچ آپ کے زاویہ نظر کو بدل دیتی ہے۔ آپ کا رویہ مثبت ہو گا تو آپ کی خود اعتمادی بڑھ جائے گی۔ آپ لاحاصل کو حاصل کر لیتے ہیں۔ آپ غیر مرئی چیزوں کو دیکھ سکتے ہیں۔ جو آپ کے لیے ناممکن ہوتا ہے وہ ممکن نظر آنے لگتا ہے۔ اور یہ سب آپ کے زاویہ نظر اور رویہ کی بدولت ہوتا ہے۔
زاویہ نظر یا رویہ زندگی میں وقوع پذیر ہونے والے واقعات کو دیکھنے کا ایک انداز اور طریقہ ہے۔ دنیا میں واقعات آپ کے مطابق رونما نہیں ہوتے، لیکن یہ آپ پر منحصر کرتا ہے کہ آپ کسی واقعہ کو کس نظر سے دیکھتے ہیں۔ آپ کے زاویہ نظر سے حالات تو نہیں بدلتے لیکن ان کی نوعیت آپ کے لیے بدل جاتی ہے۔ ایک واقعہ صرف ایک واقعہ ہوتا ہے، لوگ اس کو مختلف زاویوں سے دیکھتے ہیں۔ یہی دیکھنے کا انداز آپ کو اوروں سے مختلف بناتا ہے۔
حالات اور واقعات آپ کے اختیار میں نہیں ہوتے لیکن آپ کا رویہ آپ کے اختیار میں ہوتا ہے۔ اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ اپنے ذہن و دماغ کی ٹریننگ کیسے کرتے ہیں۔ یہ آپ ہی کو طے کرنا ہوتا ہے کہ آپ اپنی زندگی کے واقعات کو کیسے سمجھیں اور ان کے ساتھ آپ کا رویہ کیسا ہو۔ اوروں سے مختلف ہونا ہے تو منفرد سوچ پیدا کریں۔ جو رویہ آپ اختیار کریں گے نتیجہ بھی اسی کے مطابق سامنے آئے گا۔ ایک ماہر نفسیات ویلیم جامس نے لکھا ہے :
”The greatest discovery of my generation is that a human being can alter his life by altering his attitudes of mind.“
یعنی میری نسل کی سب سے بڑی دریافت یہ ہے کہ انسان اپنے ذہنوں کے رویوں میں رد و بدل کر کے اپنی زندگی کو تبدیل کر سکتا ہے۔ اس لیے کہا جاتا ہے کہ انسان کے حالات اس کے زاویہ نظر کی مرہون منت ہوتی ہیں۔ آپ جیسا سوچتے ہیں ویسا ہی بن جاتے ہیں۔ آپ اپنی پہچان منفرد بنانا چاہتے ہیں تو آپ کو منفرد انداز سے سوچنا ہو گا۔ آپ نے شاہین پرندے کا نام سنا ہو گا۔ جب بارش ہوتی ہے تو وہ بارش برسانے والے بادلوں سے اوپر نکل جاتا ہے۔ جبکہ دوسرے پرندے فضاؤں سے نیچے اتر کر ادھر ادھر چھپنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہاں مسئلہ ایک ہے۔ لیکن شاہین اور دیگر پرندوں کے رویے میں فرق ہے۔ اور اسی فرق نے دونوں کے مرتبے میں کتنا فرق پیدا کر دیا۔ اے پی جے عبدالکلام کا قول ہے :
All Birds find shelter during a rain. But Eagle avoids rain by flying above the Clouds. Problem is common, but attitude makes the difference
مسائل ہمیشہ سے رہے ہیں اور رہیں گے۔ آپ کی سانس چل رہی ہے تو مشکلیں بھی آپ کے ساتھ چلیں گی۔ زندگی کے مسائل کی طرف اگر آپ کا رویہ مثبت ہوتا ہے تو پھر کوئی بھی مسئلہ، مسئلہ نہیں رہتا ہے۔ آپ مسائل سے اوپر اٹھ جاتے ہیں۔ آپ کسی سے شکایت نہیں کرتے کہ زندگی میں کتنی مشکلیں ہیں۔ ایک عظیم انسان کے اندر شاہین پرندے والی خوبی ہوتی ہے۔ ان کے سامنے حالات چاہے جیسے بھی ہوں، وہ اپنی قابلیت پر یقین رکھتا ہے۔ اس کا رویہ اور لوگوں سے مختلف ہوتا ہے۔
وہ مسئلے کا رونا نہیں روتا۔ اس کا چیزوں کے دیکھنے کا انداز الگ ہوتا ہے۔ اس لیے وہ دنیا میں اونچے مقام پر ہوتا ہے۔ آپ جتنا مثبت رویہ اختیار کریں گے اتنا ہی مثبت نتیجہ برآمد ہو گا۔ آپ کا رویہ ہی آپ کی کامیابی اور ناکامی کی کہانی لکھتا ہے۔ اگر آپ میں اور دوسرے لوگوں میں سب کچھ یکساں ہے تو جس کا رویہ زیادہ اچھا ہو گا ہے وہ آگے نکل جائے گا۔ کامیابی اور ناکامی دونوں آپ کے رویے کا نتیجہ ہوتے ہیں۔ مثبت رویہ کامیاب زندگی کا ایک یقینی طریقہ ہے۔ مثبت رویہ کے ساتھ کامیابی ملتی ہے اور منفی رویہ کے ساتھ ناکامی۔ کامیابی اور ناکامی کے یہی دو فارمولے ہیں۔ آپ مثبت رویہ اپنائیں اور کامیابی سے ہم کنار ہو جائیں۔


