اسکولوں میں ہم نصابی سرگرمیاں طلبہ کی ہمہ گیر شخصیت کی تشکیل میں معاون


جب میں ساتویں جماعت میں تھا تو ہمارے اسکول میں ایک نئے لیکن انتہائی متحرک استاد تشریف لائے جنھوں نے پہلی بار ہمیں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ دوسری مختلف سرگرمیوں میں شامل کیا۔ گو کہ ان سے قبل ہمارے اسکول میں کھیلوں کی سہولتیں موجود تھیں، لیکن یہ تو ہم نصابی سرگرمیوں کا ایک ہی عنصر تھا۔ ہمارے نئے استاد نے اسکول میں بزم ادب سوسائٹی کی بنیاد رکھی اور ہر جمعرات کو اسکول میں وقفے کے بعد اس سوسائٹی میں طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے نئے نئے مواقع فراہم کیے۔

اسکول میں تقریریں ہونے لگیں، ڈرامے اور خاکے پیش کیے جانے لگے، نعت اور نظمیں پڑھی جانے لگیں، مشاعرے ہونے لگے اور ثقافتی پروگرام ہونے لگے۔ ہم جیسے پڑھائی سے اکتائے ہوئے طلبہ کی نصابی سرگرمیوں میں دل چسپی پھر سے بڑھنے لگی اور ایسے پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے لگے۔ اب جب پیچھے مڑ کر دیکھتے ہیں تو اندازہ ہوتا ہے کہ اصل تعلم تو ان ہم نصابی سرگرمیوں سے تھا ورنہ نصابی کتب تو صرف ’پاس‘ (اگلے درجے میں جانے کے لیے ) ہونے کے لیے ہی پڑھتے تھے۔

ہم نصابی سرگرمیاں اسکولوں میں طلبہ کی مجموعی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اگرچہ بنیادی تعلیمی نصاب ضروری معلومات اور مہارتیں فراہم کرتا ہے، ہم نصابی سرگرمیاں کمرۂ جماعت سے باہر سیکھنے کے تجربات کے زرین مواقع پیش کرتی ہیں۔ ہم نصابی سرگرمیاں رسمی نصاب کی تکمیل اور طلبہ کے سیکھنے کے عمل میں اضافہ کرتی ہیں۔ ان سرگرمیوں میں کھیل، فنون، کلب، سوسائٹیز، قائدانہ صلاحیتوں کو پروان چڑھانے والے پروگرام، سماجی خدمات اور ثقافتی تقریبات وغیرہ شامل ہیں۔ غیر نصابی سرگرمیوں کے برعکس جو کہ عموماً اسکول کے مقررہ اوقات اور حدود سے باہر ہوتی ہیں، ہم نصابی سرگرمیاں اسکول ٹائم ٹیبل میں ضم ہوجاتی ہیں اور انھیں طلبہ کے لیے تعلیمی تجربے کا ایک لازمی حصہ بناتی ہیں۔

ہم نصابی سرگرمیوں کو نصاب کے ساتھ جوڑنا

ہم نصابی سرگرمیاں کمرۂ جماعت میں پڑھائے جانے والے تصورات کو تقویت اور وسعت دینے کے لیے باضابطہ نصاب کے ساتھ قریب سے جڑی ہوئی ہوتی ہیں۔ وہ نظریاتی علم کا عملی اطلاق فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ موضوع کی گہری سمجھ کو فروغ دیتی ہیں۔ مثلاً: ایک سائنس کلب طلبہ کو مختلف تجربات کے ذریعے سائنسی اصولوں کو سمجھنے، کمرۂ جماعت میں سیکھے ہوئے تصورات کی گہری تفہیم اور سوچنے کی تنقیدی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔

سیکھنے کے عمل میں معاونت

ہم نصابی سرگرمیاں مختلف قسم کے فوائد کے ساتھ سیکھنے کے عمل میں معاونت کرتی ہیں۔ یہ سرگرمیاں طلبہ کو کمرۂ جماعت کے علم کو حقیقی زندگی کی مختلف صورت حال میں اطلاق کے مواقع فراہم کر کے سیکھنے کے عمل اور اس کی منتقلی کو فروغ دیتی ہیں۔ مزید یہ کہ یہ سرگرمیاں علمی مہارتوں مثلاً مسائل کا حل تلاش کرنے، فیصلہ سازی، تخلیقی صلاحیتوں اور جدت طرازی کی صلاحیتوں کو پروان چڑھاتی ہیں۔ متنوع ہم نصابی سرگرمیوں میں شامل ہو کر طلبہ ایسی مہارتیں سیکھتے ہیں جو صرف نصابی کتب پڑھ کر یا سننے سے آسانی سے حاصل نہیں ہوتیں۔ اس کا نتیجہ سیکھنے کا عمل مزید پرلطف، بامعنی اور دیرپا بنتا ہے۔

طلبہ کی ہمہ گیر شخصیت کی اہمیت

ہمہ گیر شخصیت میں طالب علم کی جسمانی، فکری، جذباتی، سماجی اور اخلاقی جہتوں کی پرورش شامل ہے۔ ہم نصابی سرگرمیاں طلبہ کی ہمہ گیر شخصیت کی اس جامع ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ کھیلوں میں حصہ لینے سے جسمانی تن درستی بہتر ہوتی ہے، ٹیم ورک، نظم و ضبط اور جسم اور مزاج دونوں میں لچک کو فروغ ملتا ہے۔ فن کارانہ سرگرمیاں تخلیقی صلاحیتوں، اظہار ذات اور جمالیاتی قدردانی کو بڑھاتی ہیں۔ اسی طرح قائدانہ صلاحیتوں کو پروان چڑھانے والے پروگرام تنظیمی اور گفتگو کی مہارتوں کو فروغ دیتے ہیں، جب کہ سماجی خدمات کی سرگرمیاں ہم دردی، سماجی ذمہ داری اور تمدنی شعور کا احساس پیدا کرتی ہیں۔ ان سرگرمیوں میں شامل ہو کر طلبہ اپنی پروقار شخصیت کی نشوونما کرتے ہیں اور اپنے آپ کو زندگی کے مختلف پہلوؤں میں کامیابی کے لیے تیار کرتے ہیں۔

موثر اور فعال ہم نصابی سرگرمیوں کی مثالیں

کھیل: مختلف کھیلوں میں شرکت، مثلاً: فٹ بال، کرکٹ یا والی بال جسمانی تن درستی، منظم کام، خوش دلی اور کھیل کے اصولوں پر کاربند ہونے کو فروغ دیتی ہے۔ انفرادی کھیل جیسے تیراکی، ورزش، دوڑنا، بیڈمنٹن یا مارشل آرٹس نظم و ضبط، جسم اور مزاج دونوں میں لچک اور منزل مقصود کے تعین کی مہارتیں پیدا کرتے ہیں۔

پرفارمنگ آرٹس: ڈراما، موسیقی اور رقص کے پروگرام تخلیقی صلاحیتوں، خود اعتمادی، مجمع کے سامنے گفتگو کی صلاحیتوں اور منظم طریقے سے گروہ میں کام کرنے کو پروان چڑھاتے ہیں۔ طلبہ فنکارانہ انداز میں اظہار ذات اور فن کی مختلف شکلوں کی قدر کرنا سیکھتے ہیں۔

مباحثہ اور فن تقریر: یہ سرگرمیاں طلبہ میں تنقیدی سوچ، پر اثر گفتگو، تحقیقی مہارتوں اور خود اعتمادی کو بڑھاتی ہیں۔ ان سرگرمیوں سے طلبہ اپنے خیالات کو موثر انداز میں بیان کرنا، مخالف نقطۂ نظر کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا اور سننا، اور تعمیری مکالمے میں شرکت کرنا سیکھتے ہیں۔

سماجی خدمات: کمیونٹی پروجیکٹس، ماحولیاتی اقدامات، شجر کاری مہم، قدرتی آفات، مختلف امور کے لیے آگاہی مہم یا دیگر سماجی کاموں کے لیے رضاکارانہ خدمات پیش کرنا طلبہ میں ہم دردی، رحم دلی اور سماجی ذمہ داری کے احساس کو فروغ دیتی ہیں۔ ایسی سرگرمیوں کی بہ دولت طلبہ سماجی مسائل پر ایک وسیع نکتۂ نظر حاصل کرتے ہیں اور اپنے اندر سماج میں اپنا مثبت اثر ڈالنے کی خواہش پیدا کرتے ہیں۔

کلب اور سوسائٹیز: مختلف کلب اپنے مشن کے مطابق مختلف تقریبات اور مقابلوں کا انعقاد کرتے ہیں۔ جب طلبہ کلب اور سوسائٹی کی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں، تو وہ متعدد طریقوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ وہ قیادت، ابلاغ اور مل کر کام کرنے کے بارے میں سیکھتے ہیں۔ نیز وہ واقعات کو مربوط کرنے، تخمینے کو برقرار رکھنے اور پراجیکٹ مینجمنٹ کے مختلف مسائل سے نمٹنے کا تجربہ حاصل کرتے ہیں۔

راقم کا مشاہدہ اس نکتے کی تائید کرتا ہے کہ دوران ملازمت جن طلبہ کو ہم نصابی سرگرمیوں میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع دیے گئے تھے، وہ عملی زندگی میں قائدانہ صلاحیتوں، بہتر فیصلہ سازی، مل جل کر کام کرنے، ہم دردی، رحم دلی اور ذمہ داری کا بہترین مرقع پیش کر رہے ہیں۔ ملازمتوں کے ساتھ دیگر قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے دیکھ کر ہمیں دلی خوشی ہوتی ہے کہ ہماری کوششیں رنگ لائی ہیں۔

ہم نصابی سرگرمیوں کے نامناسب طرز عمل کے نتائج

اگرچہ ہم نصابی سرگرمیاں طلبہ کی نشوونما کے لیے از حد ضروری ہیں، لیکن اگر وہ غلط طریقے سے منعقد کی جائیں تو کچھ مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ ان مسائل میں ضرورت سے زیادہ مسابقت، تمام طلبہ کی عدم شمولیت، جیت پر زیادہ زور، اور تعلیمی اور ہم نصابی اہداف کے درمیان عدم توازن شامل ہیں۔ اگر یہ مسائل برقرار رہے تو طلبہ کو تناؤ کی سطح میں اضافہ، تعلیم سے جی چرانے، تعلیمی کارکردگی میں کمی، اور سیکھنے سے لطف اندوز ہونے میں کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ معلمین اور اسکولوں کے لیے یہ بہت ضروری ہے کہ وہ ایک ایسا معاون ماحول پیدا کریں جو تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے درمیان اچھے توازن کو برقرار رکھے اور طلبہ کی فلاح و بہبود کو یقینی بنائے۔

ہم نصابی سرگرمیاں تعلیمی سفر کا نہایت اہم جزو ہیں جو طلبہ کو ایک جامع اور اچھی طرح سے سیکھنے کا تجربہ فراہم کرتی ہیں۔ وہ علم کے عملی اطلاق، متنوع مہارتوں کی نشوونما اور زندگی میں کامیابی کے لیے ضروری اقدار کی آب یاری کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔ تخلیقی صلاحیتوں، ٹیم ورک، قیادت اور سماجی ذمہ داری کو فروغ دے کر ہم نصابی سرگرمیاں طلبہ کو اچھی طرح سے ایسے افراد بننے کے لیے تیار کرتی ہیں جو تیزی سے تبدیل ہوتی دنیا کی آزمائشوں کے لیے ہر دم تیار ہوں۔ اسکولوں کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ ہم نصابی سرگرمیوں کی اہمیت کو سمجھیں اور تعلیمی میدان میں ان کے موثر انضمام کو یقینی بنائیں۔

Facebook Comments HS