کچھ ذکر پختون کلچر شو کا


پاکستان کو مختلف ثقافتوں کا گل دستہ کہا جائے تو غلط نہ ہو گا۔ ہر رنگ و نسل کے لوگ اور ان کے ثقافتی ڈھنگ اس ملک کی رعنائی کو چار چاند لگا دیتی ہے۔

میرا تعلق بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ سے ہے یوں کہ لیں میری جڑیں سنگلاخ چٹانوں میں پیوست ہیں۔ شادی بیاہ اور خوشی کے موقع پر بجتا ڈھول اور ڈھول کی تھاپ پر اتن اور چاپ دیکھنا مجھے بے سدھ کر دیتا ہے۔ بچپن سے اتن اور چاپ دیکھنے کی وجہ سے کافی حد تک سیکھا بھی۔

پھر زندگی کی دھارا میں بہتے بہتے کراچی پہنچنے اور وہاں سے منزل اسلام آباد ٹھہری۔ برسوں بہت گئے حالات اور واقعات نے خوشی کو کہیں محصور کر دیا۔

کہتے ہیں نا جہاں کا خمیر ہو وہ اٹھتا ضرور ہے۔ مجھے بھی جیسے ہی 17 جولائی 2023 پختون کلچر شو کے بارے میں پتا چلا اور اس شو کے آرگنائیزر ذیشان صاحب نے پروگرام کے پاس بھیجے تو میں نے بھی کوئی موقع ضائع کیے بغیر اس میں شرکت کا فیصلہ کیا۔ مجھے بالکل اندازہ نہیں تھا کہ پختون کلچر شو ایک بہترین پروگرام ہو گا۔ اس میں فیملیز کی شرکت اور منظم انتظام نے اس پروگرام کو چار چاند لگا دیے۔

پختون کلچرل آرگنائزیشن اسلام آباد اور پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے باہمی اشتراک سے کلچرل شو کا انعقاد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کیا گیا۔ کلچرل شو میں پختون برداری کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بھر پور شرکت کی۔

پختون کلچر فیملی شو کے مہمانان خصوصی ملک ناور خان چیئرمین پاک قطر پشتون کمیونٹی، زرعی ترقیاتی بینک کے سینیئر وائس پریزیڈنٹ انعام اللہ خٹک، معروف سماجی شخصیت نور نائب خان اور ڈی جی ایوب خان نے بھی شرکت کی۔ کلچرل شو میں فنکار حشمت سحر، ارزو ناز طیبہ ملک، اجمل سعید، پی این سی اے کے ڈانس گروپ نے پختون اور ہزارہ ثقافتی رقص میں اپنے جوہر دکھائے اور شرکاء سے خوب داد سمیٹی۔ طبلہ ساز نے اپنی کارکردگی کے باعث محفل میں سماں باندھ دیا۔

بلاشبہ یہ ایک بہتر ین پروگرام تھا۔ پختون کلچر آرگنائزیشن اسلام آباد 2008 سے اسلام آباد، کراچی اور راولپنڈی میں اپنی مدد آپ کے تحت پروگرام کر رہے ہیں۔

شرکاء کا بھی کہنا تھا کہ اس طرح کی تقریبات منعقد ہوتی رہنا چاہیے ان سے ہماری ثقافت ہمارے بچوں میں منتقل ہوتی ہے اور روزانہ کی مصروفیت کے باعث ہونے والی ذہنی تھکان کو ختم کرنے کا باعث بنتی ہیں۔

اس پروگرام میں شریک مہمانوں اور منتظمین نے فنکاروں کے ساتھ ڈھول کی تھاپ پر اتن کیا۔ اتن میں ڈھول کی رفتار کے ساتھ ساتھ پیروں کی رفتار بھی بڑھتی جاتی تھی گول دائرے میں گھومتے اور جھومتے اتن کرتے بھائیوں نے مجھے بلوچستان کی چٹانوں میں پہنچا دیا، میرے ساتھ ساتھ باقی شریک محفل بھی اس پروگرام سے خوب لطف اندوز ہوئے اور تالیوں کی صورت میں داد دی۔

شو کے اختتام پر کارکردگی دکھانے والوں کو مہمان خصوصی کی جانب سے انعامات دیے گئے اور ان کی خوب حوصلہ افزائی کی گئی۔ آئندہ بھی ایسے ثقافتی پروگرام کے انعقاد کو ممکن بنانے کا عہد کیا گیا۔

 

Facebook Comments HS