جاپان کا رنگ بدلتا پھول
جاپان کے ایک خوبصورت دیہی علاقے میں ایک مخصوص قسم کا پھول کھِلتا ہے جو ہوتا تو پیلے رنگ کا ہے مگر وہ ایک محنت بھرے دلچسب عمل سے گُزر کر لال رنگ نکالتا ہے جِس سے قالین رنگے جاتے ہیں۔ اُس پھول کی کاشت کرنے والے چاشت کے وقت سے لے کر سُورج نکلنے تک اُنہیں توڑتے ہیں، جب پھُول کے ساتھ لگے ہوئے کانٹے شبنم کے قطرے اور رات کے ٹھنڈے درجہ حرارت کے باعث قدرے نرم ہوتے ہیں۔ اُن پھولوں کے لال رنگ کے پسِ پُشت ایک قدیم ثقافتی روایت ہے کہ صدیوں پہلے پُھول توڑنے والی لڑکیوں کے پاس کانٹوں سے بچاؤ کے لیے حفاظتی دستانے نہیں ہوتے تھے۔ لڑکیاں جب پُھول چُنتیں، اُنہیں کانٹے چُبھتے تو اُن کا خون پیلے رنگ کے پھول کو لال کر دیتا۔ اُس لمحے لڑکیاں دل شکستگی کے عالم میں کراہتے ہوئے شہر کی رنگنیوں اور چکا چوند کی آرزو میں آہیں بھرتیں، اپنی قمست کو روتیں کہ جن پھولوں کو اُن کے خون نے لال رنگ بخشا ہے وہ اُسی رنگ سے اپنا آپ نہیں رنگ سکتیں کہ اِس رنگ پر بھی کسی اور کا حق ہے۔


