مجھے یہ نظم نہیں لکھنی چاہیے تھی
یہ نظم لکھنے سے بہتر تھا
میں کچھ دیر چھت پر چہل قدمی کرتے ہوئے
چہار اطراف دور تک پھیلی
اونچی نیچی بے ہنگم عمارتوں کی ساخت پر غور کرتا
یا پلستر کی دراڑوں سے نکلتی چیونٹیوں کے بارے میں سوچتا
کہ ان کی اوسط عمر کتنی ہے
یہ نظم لکھنے سے بہتر تھا
میں ریڈیو کے لیے نئے سیل خرید لاتا
جو کب کے ختم ہو چکے ہیں
یا پرانا ٹیپ ریکارڈر ٹھیک کرانے چلا جاتا
جو کئی برسوں سے خراب پڑا ہے
اور میں یو ٹیوب پہ میوزک سننے کا عادی
اور کانوں میں ہینڈ فری لگا لگا کر
اندرونی اور بیرونی آوازیں سننے سے محروم ہو چکا ہوں
یہ نظم لکھنے سے بہتر تھا
میں ٹیکس ریٹرن تیار کر لیتا
یا بجلی، گیس اور فون کے بل جمع کرا آتا
جن کی آخری تاریخ سر پر ہے
یا کسی احتجاجی مظاہرے میں شریک ہو جاتا
یا سستے بازار سے
ہفتہ بھر کی سبزی لے آتا
یہ نظم لکھنے سے بہتر تھا
میں نرسری سے نئے جھاڑ بوٹے، نئے پھولوں کی پنیریاں لے آتا
کیاریاں کب سے خالی پڑی ہیں
اور کچھ نہیں تو
لان میں بے ترتیب پڑی ہوئی کرسیاں ہی ٹھیک کر دیتا
ٹوٹے ہوئے گملوں کی جگہ نئے گملے رکھ دیتا
کچھ گملوں پہ کائی جمی ہوئی ہے
انہیں پینٹ کی ضرورت ہے
لیکن فی الحال بجٹ اس کام کی اجازت نہیں دیتا
گرانی جمالیات پر بھی اثر انداز ہونے لگی ہے
پہلے گروسری پوری کرنا ضروری ہے
یہ نظم لکھنے سے بہتر تھا
میں کوئی فلم دیکھ لیتا
یا کسی دوست کی حال پرسی کر آتا
یا کسی بھی طرف لمبی ڈرائیو پہ نکل جاتا
لیکن پیٹرول مہنگا اور سڑکوں پہ ٹریفک بہت ہے
رش میں گاڑی چلاتے ہوئے بلڈ پریشر خواہ مخواہ بڑھ جاتا ہے
اور یاد آیا میرا تو لائسنس بھی ایکسپائر ہو چکا ہے
یہ نظم لکھنے سے بہتر تھا
میں قریبی پارک میں واک ہی کر لیتا
اور جاگنگ کرتی کم لباس، خوش اندام عورتوں
اور بے ڈھب مردوں کو دیکھ دیکھ کر لطف اندوز ہوتا
لیکن انجائنا کا درد اب تھوڑا سا بھی چلنے نہیں دیتا
یہ نظم لکھنے سے بہتر تھا
میں کچھ نہ کرتا
یا کچھ بھی کر لیتا
اتنی طویل اور لایعنی نظم لکھ کر یوں تنہا اور اداس تو نہ ہوتا!
- مجھے یہ نظم نہیں لکھنی چاہیے تھی - 03/09/2023
- ہیلی کاپٹر - 27/08/2022
- مئی میں "دسمبر کی رات” اور کتابوں کی چھانٹی کا غم - 22/05/2020
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).