ایک ایک بارش دو آسمان- کتاب پر تبصرہ


راحیلہ خان، پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں اور ہاتھ میں نشتر رکھنے کے باوجود ایک گداز دل کی مالک ہیں۔ یہ گداز دل ان کے افسانوں کے پہلے مجموعے، ”ایک بارش دو آسمان” میں بدرجہ اتم نمایاں ہے۔ اس مجموعے میں چھتیس افسانے ہیں اور ہر افسانہ پڑھتے ہوئے ہمیں اس کے کردار اپنے آس پاس زندگی بسر کرتے نظر آتے ہیں۔ سیدھے سبھاؤ سے واقعہ چلا لینا اور بات ہے اور اسے فکشن کی زبان میں ڈھال کر افسانہ بنانا دوسرا معاملہ۔ راحیلہ خاں نے انہی سیدھی سادی کہانیوں کو افسانوی شکل دی ہے اور کامیابی سے دی ہے۔ جہاں تک ان افسانوں میں منظر نگاری کا تعلق ہے تو اس میں بھی قاری کو وہ منظر دکھائے گئے ہین جو وہ عمومی طور پر نہیں دیکھ پاتا۔

راحیلہ خان نے متنوع موضوعات کا انتخاب کیا ہے اور افسانوں کے مطالعے سے پتہ چلتا ہے کہ انہیں معلوم ہے کہ ایسے موضوعات پر اب تک کیا لکھا گیا ہے اور کون سا زاویہ ہے جسے وہ اپنی تخلیق میں شامل کر سکتی ہیں۔ ان افسانوں میں متن کا سیاق و سباق، مناظر، متن کا تحت الشعور، افسانہ نگار کے سماج اور ثقافت سے پوری طرح جڑا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ لکھنے کا انداز سادہ اور عام بول چال میں ہے، خیال کی روانی اور احساسات کی درست تصویر کشی قاری کو ادھر ادھر بھٹکنے نہیں دیتی۔

راحیلہ خاں کا مشاہدہ اور احساس ان افسانوں کی نمایاں صفت ہے۔ ان افسانوں میں طبقاتی استحصال، معاشرے کی ناہمواریوں اور زندگی کی کئی اور بے ترتیبیوں کا بے باکانہ احوال ہے۔ افسانوں کے کردار ہمارے جانے پہچانے ہیں اور اپنی تمام خوبیوں، خامیوں اور رویوں کے ساتھ موجود ہیں۔ کہیں کہیں افسانہ نگار والی سفاکی بھی نظر آتی ہے۔ واقعاتی اتار چڑھاؤ، مکالمہ اور منظر نگاری، سماجی حقیقتوں سے آراستہ ہیں۔ سبھی افسانے تقریباً آنکھوں دیکھے حالات کی تفصیل لیے ہوئے ہین۔ موضوعات میں تنوع ہے۔ افسانوں کے عنوانات کہیں کہیں چونکا دینے والے ہیں، تاہم موضوع کے ساتھ پوری جڑت رکھتے ہیں۔ اس مجموعے کے سبھی افسانے قابل تعریف ہیں۔

انسان کی جمالیاتی حس پیدائشی نہیں بلکہ سماجی حالات کی پیداوار ہوتی ہے۔ یہ جمالیاتی قدر اور اس طبقے کی نفسیات ان افسانوں میں مکمل فنی پختگی کے ساتھ موجود ہے۔ خاص طور پر ”ایک بارش دو آسمان۔ ٹھنڈی بوتل گرم چائے۔ پیا میں چلی۔ بڑی کھڑکیوں والا فلیٹ۔ لاک ڈاؤن اور کافی ہاؤس اولڈ ہوم اور چمن آرا“ ، کمال کی کہانیاں ہیں۔ راحیلہ خان اردو افسانے میں اپنے اسلوب اور فنی پختگی کی بنا پر ایک اہم نام ثابت ہوں گی۔

کتاب کا انتساب۔ ان کرداروں کے نام ہے جو ان کہانیوں کی تخلیق کا باعث بنے اور یہ ایک عمدہ انتساب ہے، گویا کہانیوں کے کرداروں کے لیے خراج تحسین۔

کتاب کا سرورق بہت خوبصورت اور دیدہ زیب ہے۔ طباعت بھی عمدہ ہے۔ کتاب ماورا پبلشرز لاہور سے دستیاب ہے۔

Facebook Comments HS