بہا الدین زکریا یونیورسٹی خانقاہی راہوں پر


مرشد جمشید اقبال کی ایک پوسٹ نظروں سے گزری، جس میں انہوں نے پاکستان کے نظام تعلیم کے حوالے سے اقوام متحدہ کی ایک خبر شیئر کی۔
” جس میں اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کا تعلیمی بندوبست دنیا سے 60 سال پیچھے ہے“
1947 میں اس ملک کا جنم ہوا اور آج 2023 بھی ختم ہونے کو ہے۔

تقریباً ہمارے ملک کو معرض وجود میں آئے ہوئے 75 سال ہو چکے ہیں اور حیرت کی بات یہ ہے کہ ہمارا نظام تعلیم 60 سال قبل کی دنیا میں خجل ہو رہا ہے۔

مطلب ہم آج بھی زمانہ جاہلیت میں جی رہے ہیں اور آگے بڑھنے کا رتی بھر بھی امکان موجود نہیں ہے۔
کیا جاہل رہنا ہمارا انتخاب ہے یا کوئی مجبوری؟
ہم اپنی آ نے والی نسلوں کو تاریکی کی گہری غار میں کیوں دھکیلنا چاہتے ہیں؟
ہم بدلتی دنیا کے تقاضوں اور تصورات سے اتنے خائف کیوں ہیں؟

تھوڑا ذہن پر زور ڈالیں تو ممکن ہے ہمیں ہمارے سوالوں کا جواب قرب و جوار میں ہی مل جائے اور ہمیں وہ بنیادی ”وجہ“ مل جائے جس کی وجہ سے ہم بڑی تیزی سے پتھر کے زمانے کی طرف لوٹ رہے ہیں۔

یونیورسٹی ایک ایسی جگہ ہوتی ہے جہاں اسٹوڈنٹس کچھ ”نیا اور منفرد“ ڈھونڈنے نکلتے ہیں اور دنیا بھر کی یونیورسٹیز میں کم و بیش ہر شعبے کے ماہرین کو بلایا جاتا ہے تاکہ وہ اپنی اپنی فیلڈ کی نئی جہتیں اور نئے جنم لینے والے تصورات طلباء سے شیئر کر سکیں۔

طلباء سوال جواب کرتے ہیں اور ماہرین تعلیم اپنے اپنے تجربات و تحقیق کی روشنی میں بچوں کو مطمئن کرنے کی کوشش کرتے ہیں مگر ہماری جامعات میں اس کے بالکل برعکس ہوتا ہے۔

رئیس جامعہ یونیورسٹی میں ایسے لوگوں کو مدعو کرتے ہیں جن کا سائنس و ٹیکنالوجی اور دنیا کے نئے تصورات سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ بلکہ وہ تو دنیا کو ہی مردار اور کوئی پلید شے سمجھتے ہیں۔ جبکہ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہوتا، یوں کہہ لیجیے کہ جو جتنا بڑا دیندار ہوتا ہے وہی سب سے بڑا دنیا دار ہوتا ہے۔

دنیا کی چمک دھمک سے بظاہر نفرت کرنے والے ہی تو صحیح طور پر اس کی ٹھاٹ باٹ سے لطف اندوز ہوتے ہیں، اس بات کا ثبوت ہمارے مذہبی رہنماؤں کے بچے ہیں جو یورپ کی کھلی فضاؤں میں تعلیم حاصل کرنے جاتے ہیں۔

ہمیں دنیا سے بیزاری کا چورن بیچتے ہیں اور غرباء کے بچوں کو حافظ و عالم بنانے کے نام پر اپنے مدرسے بھرتے رہتے ہیں۔ جبکہ اپنے بچوں کو اعلی تعلیم کے لیے یورپ روانہ کر دیتے ہیں اور کسی کو کانوں کان خبر بھی نہیں ہونے دیتے۔

ہمیں صالح علیہ السلام کی اونٹنی کا پاٹھ پڑھانے والا ساشے پیک ”ننھا پروفیسر“ کدھر ہے؟ سنا ہے آج کل برطانیہ میں مقیم ہے اور اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہا ہے کیونکہ ہمارے ہاں اعلی تعلیم کا کوئی خاطر خواہ بندوبست نہیں ہے۔

اتنی بڑی تمہید کا مقصد آپ کے ساتھ ایک خبر شیئر کرنا تھی جو مجھے بی زیڈ یو کے ہی ایک اسٹوڈنٹ نے بتائی ہے، شنید ہے کہ بہا الدین زکریا یونیورسٹی کے جناح آڈیٹوریم میں بپا جانی کے دست راست ”المعروف ساکن زمین والے“ مولانا محمد عمران عطاری کو مدعو کیا گیا ہے، اس روحانی اور دنیا سے بیزاری کی محفل کی صدارت رئیس جامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شاہ فرمائیں گے۔

یاد رہے کہ یہ وہی بندہ ہے جس نے اپنے چینل پر بیٹھ کر یہ شوشہ چھوڑا تھا کہ زمین ساکن ہے اور سورج حرکت کرتا ہے۔ موصوف چھوٹے چھوٹے بچوں کو درس دے رہے تھے اور ایک چھوٹے سے بچے نے ایک بڑا سوال کیا تھا

” کہ حضرت جی سائنس کے مطابق زمین حرکت کرتی ہے جبکہ ہمارا موقف اس کے برعکس ہے“ ؟

سوال سن کر حضرت جی تھوڑا سا سٹپٹائے کیونکہ کیمرہ آن تھا سائنسی منطق کا سائنسی فکر سے جواب دینے کی بجائے امام احمد رضا کو بیچ میں لے آئے اور فرمانے لگے ” ہمارے حضرت جی کے مطابق زمین ساکن ہے تو ہے، اس میں کیا بحث“ ؟

اب سوال یہ ہے کہ اس قسم کا بندہ وی سی کی موجودگی میں طلباء کو کیا بتا پائے گا؟
جس قسم کی باتیں یہ بندہ کرے گا کیا بطور مسلمان وہ پہلے سے ہماری تربیت کا حصہ نہیں ہے؟
اسلامیات اختیاری و لازمی اور اب ترجمہ القرآن کے نام سے یہ سب ہمارے نصاب کا حصہ نہیں ہے؟
کیا ہم جمعہ و عیدین کے موقع پر ان تعلیمات سے استفادہ نہیں کرتے؟

اگر یہ سب کچھ لاشعوری طور پر ہماری ذہنی ساخت کا جزو لاینفک بنا دیا گیا ہے تو پھر یونیورسٹیز کے آڈیٹوریم میں ان سب کی ضرورت کیوں؟

عقیدہ و یقین کی آماجگاہ دل ہوتا ہے دماغ نہیں اور عقیدہ و مذہب ہر انسان کا انتہائی نجی سا معاملہ ہوتا ہے جسے چوک چوراہے میں زیر بحث نہیں لایا جاتا اور یونیورسٹی میں تو بالکل نہیں۔

یونیورسٹی اور خانقاہ میں زمین آسمان کا فرق ہوتا ہے یونیورسٹی میں خالصتاً دنیاوی علوم زیر بحث لائے جاتے ہیں اور انہیں سوالات کی چھلنی میں چھانا جاتا ہے، کچرا الگ کر کے کام کے مواد کو ڈسپلن کا حصہ بنا لیا جاتا ہے۔

اب سوال یہ ہے کہ کیا اس قسم کی آزادی اور چھان پھٹک کی عقیدے میں کوئی گنجائش ہوتی ہے؟

کیا ایمانیات یا مذہب پر سوالات اٹھائے جا سکتے ہیں؟ اس سے بڑا سوال یہ ہے کہ کیا عقائد پر سوالات اٹھانے سے جو چیلنجز سامنے آئیں گے یا مختلف طرح کی آوازیں اٹھیں گی کیا اہل جبہ و دستار اس رد عمل کو سہار پائیں گے؟

ملا، فادر اور پنڈت کی دنیا بالکل ہی الگ ہوتی ہے، ان کا یونیورسٹی سسٹم سے کیا لینا دینا؟

کتنے افسوس کی بات ہے کہ 21 ویں صدی میں بھی ہمارا نظام تعلیم دنیا کے تعلیمی بندوبست سے 60 سال پیچھے جا رہا ہے۔

بنیادی وجہ ہمارے سامنے ہے کہ ہمارے ہاں یونیورسٹیز میں اسٹوڈنٹس کی تخلیقی صلاحیتوں کو کچلنے کا پورا پورا بندوبست کیا جاتا ہے اور ان کے سروں پر جہالت کے خول فخریہ چڑھائے جاتے ہیں تاکہ وہ دولے شاہ کے چوہے بنے رہیں اور سوچ بچار کی راہوں پر نہ چل نکلیں۔

جہالت اپنا اظہار ہمیشہ دبنگ لہجے میں کرتی ہے، یونیورسٹی کے کلاس رومز میں تو اس قسم کی رجعت پسندانہ ذہنیت پہلے ہی راج کر رہی ہے اگر یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں پہنچ گئی تو کیا فرق پڑتا ہے؟