تینڈا لیڈر مینڈا لیڈر
پیارے وطن کو آزاد ہوئے 76 سال ہو چکے ہیں۔ سچ پوچھیے پاکستان جیسا خوبصورت ملک دنیا میں کہیں بھی اپ کو نظر نہیں آئے گا۔ کسی ملک کے اندر گرمی بہت زیادہ ہے اور کہیں سخت سردی ہے۔ لیکن پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں پر اپ کو چار طرح کے موسم انجوائے کرنے کا موقع ملتا ہے۔ سب سے بڑھ کر اتنی قابل زمین ہے اگر کسانوں کو حکومتی سرپرستی حاصل ہو اور ان کو ریلیف پیکج دیا جائے تو یقینی طور پر پیارا پاکستان ساری دنیا کو خوراک فراہم کر سکتا ہے۔
جب یوکرائن ساری دنیا کے لیے گندم فراہم کر سکتا ہے۔ جہاں اتنی سخت سردی ہوتی ہے تو پاکستان کیوں نہیں۔ اگر اپ کراچی سے خیبر تک سفر کریں تو بنجر زمین دیکھ کر اپ کی خوبصورت انکھیں تھک جائیں گی۔ اس بنجر زمین کی اہمیت ان ممالک سے پوچھیے جن کے پاس وسیع رقبہ موجود نہیں ہے ہمارے ملک کا سب سے بڑا معاشی ہتھیار زراعت ہے۔ جوہر گزرنے والے دن کے ساتھ زوال کی طرف گامزن ہے۔ اور اس کی بنیادی وجہ کسانوں کو حکومتی سطح سے کوئی ریلیف پیکج نہیں دیا جا رہا اگر حکومت کسی ریلیف پیکج کا اعلان کرتی بھی ہے تو وہ بھی میرٹ پر پورا نہیں اترتا اب ہمارے کسان اپنی قیمتی زمینیں بیچ کر پراپرٹی کی طرف آ گئے ہیں۔
قیمتی زمین کی اہمیت سنگاپور اور ہانگ کانگ سے پوچھیے جہاں ایک ایک انچ زمین کی کتنی قیمت ہے۔ دنیا کے کئی ممالک ایسے ہیں جو پاکستان کے بعد آزاد ہوئے لیکن ترقی میں وہ ہم سے بہت اگے نکل گئے۔ اس کی سب سے بڑی مثال چین اور ملائشیا کی لے سکتے ہیں۔ چین پاکستان سے ایک سال بعد آزاد ہوا اور دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے لیکن اس کی ترقی کا اپ اندازہ لگا لیجیے پاکستان اب زیادہ تر انہی کے قرضوں پر انحصار کر رہا ہے۔ اسی طرح ملائشیا پاکستان سے 10 سال بعد آزاد ہوا مگراس کی ترقی کا اندازہ اپ لگا سکتے ہیں۔
آج پاکستانی ہزاروں کی تعداد میں ملائشیا میں روزگار کی تلاش میں جاتے ہیں۔ دنیا کے جن ممالک نے تیز ترین ترقی کی ہے اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے ان ممالک میں عدالتی نظام حق کا ساتھ دیتا ہے اور فیصلے میرٹ پر ہوتے ہیں۔ دوسری بڑی وجہ ان ممالک میں ارباب اختیار کرپشن یعنی بدعنوانی سے پاک ہوتے ہیں۔ یعنی سادہ لفظوں میں اگر اپ نے ترقی کرنی ہے تو کرپشن کے ساتھ کبھی بھی ترقی نہیں کر سکتے اور یہ کیسے ہو سکتا ہے اپ کا عدالتی نظام فرسودہ اور سست ہو جہاں انصاف لینے کے لیے کئی کئی نسلیں گزر جائیں۔
ایسے ماحول میں ترقی کیسے ہو سکتی ہے اور ایسے عدالتی نظام کے ہوتے ہوئے غیر ملکی سرمایہ کار اپ کے ملک میں کیسے آئے گا۔ سرمایہ کار تو اس ملک میں جاتا ہے جہاں اس کے سرمائے کو عدالتی تحفظ موجود ہو۔ تیسری بڑی وجہ تینڈا لیڈر مینڈا لیڈر کی سوچ سے باہر نکلنا ہو گا موٹر سائیکل میں ڈالنے کے لیے پٹرول نہیں بچوں کو کھانا کھلانے کے لیے اٹا نہیں سکول بھیجنے کے لیے پیسے نہیں لیکن کسی بھی محفل میں بیٹھ جائیں۔ اپنی اپنی سیاسی جماعت اور اپنے سیاسی لیڈر کی ایسے جنگ لڑتے ہیں جیسے پتہ چلتا ہے یہ ملک ترقی یافتہ ملک بن چکا ہے تینڈا لیڈر مینڈا لیڈر کی سوچ کو ختم کرنا ہو گا اور یہ فیصلہ کرنا ہو گا ہمارا لیڈر وہی ہے جو ہمارے ملک کو ترقی کی جانب لے کر جائے گا جو غریب عوام کو کے لیے جینے کی لگن پیدا کرے گا 76 سالوں میں سارے گر آزما لیے گئے۔
تینوں بڑی سیاسی جماعتیں اپنے اپنے فن کا مظاہرہ کر چکیں۔ تینوں جماعتیں امیر سے امیر تر ہو گئیں۔ اور عوام غریب سے غریب تر۔ آمرانہ سوچ کو بھی آزما لیا نتیجہ صفر نکلا۔ ہمارے قائد نے انتھک محنت کے بعد ہمارے لیے خوبصورت وطن پاکستان حاصل کیا خدارا اس کی قدر کیجئے تینڈا لیڈر مینڈا لیڈر کی سوچ سے باہر نکلیے لیڈر وہی اچھا ہے جو پاکستان کے لیے ایسا کر جائے جیسا آج تک کوئی نہ کر سکا۔ اللہ تعالی پاکستان کا حامی و ناصر ناصر ہو۔


