سیکھنے کے عمل میں اسکول ہوم ورک کا کردار


اسکول ہوم ورک ایک طویل عرصے سے اساتذہ، والدین اور طلبہ کے درمیان زیرِ بحث ہے۔ سیکھنے کے عمل میں اس کی تاثیر جانچ پڑتال کا موضوع بنی ہوئی ہے۔ اس کے حامی کمرۂ جماعت میں سیکھنے کے عمل کو تقویت دینے میں اس کے فوائد کو واضح کرتے ہیں اور مخالفین طلبہ کی مجموعی تعلیمی ترقی اور بہبود پر اس کے پڑنے والے اثرات پر سوال اٹھاتے نظر آتے ہیں۔ ہوم ورک کی تاثیر کا جائزہ لینے کے لیے اس کے مقصد، نفاذ اور مختلف طلبہ یا افراد پر اس کے متنوع اثرات کو باریک بینی سے سمجھنے کی ضرورت ہے۔

ہوم ورک کی حمایت کرنے والے بنیادی دلائل میں سے ایک کمرۂ جماعت میں سیکھنے کے عمل کو تقویت دینے میں اس کے کردار کو اہم ہونے کی بات کرتے ہیں۔ ہوم ورک کی مد میں کوئی بھی تفویض کردہ کام جب سوچ سمجھ کر دیا جاتا ہے، تو وہ طلبہ کو کلاس میں پڑھائے جانے والے تصورات پر عمل کرنے اور ان کا اطلاق کرنے کا موقع فراہم کر سکتا ہے۔ یہ مشق موضوعات کی تفہیم کو مستحکم کرنے، مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے ان کا حل تلاش کرنے کی مہارتوں کو فروغ دینے اور طلبہ کے آزادانہ تعلم کو فروغ دینے میں معاون ہے۔ مزید برآں، ہوم ورک اساتذہ کے لیے طلبہ کے فہم کا اندازہ لگانے اور ان تصورات کی نشان دہی کرنے کے لیے ایک آلے کے طور پر کام کر سکتا ہے جن پر مابعد اسباق میں مزید توجہ کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

ہوم ورک کے حامی اکثر طلبہ میں نظم و ضبط اور وقت کے بہتر انتظام کی مہارتوں کو فروغ دینے میں اس کے کردار کو نمایاں کرتے ہیں۔ مقررہ وقت میں تفویض کردہ کام کو مکمل کرنا طلبہ کو اپنے وقت کا موثر طریقے سے انتظام کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ یہ ایک اہم ہنر ہے جو طلبہ میں اعلیٰ تعلیم اور عملی زندگی میں افرادی قوت کے تقاضوں کے لیے تیاری کے حوالے سے ذمہ داری اُٹھانے اور جواب دہی کا احساس پیدا کر سکتا ہے۔

تاہم، ہوم ورک کی تاثیر بغیر کسی تنازعہ کے نہیں ہے۔ مخالفین کا استدلال ہے کہ ضرورت سے زیادہ یا بے جا طور پر تیار اور تفویض کردہ ہوم ورک طلبہ میں ذہنی تناؤ، تھکاوٹ، بیزاری اور اُن کی مجموعی صحت پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔ متعدد اسائنمنٹس کو مکمل کرنے کے دباؤ کے نتیجے میں سیکھنے کی تحریک میں کمی، تھکن اور غیر نصابی سرگرمیوں یا دیگر نجی معاملات کے لیے وقت محدود ہو سکتا ہے۔ مزید برآں، ہوم ورک تعلیمی عدم مساوات کو بڑھا سکتا ہے، کیوں کہ کم مراعات یافتہ اور پس ماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو گھر میں ضروری وسائل یا تدریسی معاونت تک رسائی کی کمی ہو سکتی ہے۔ نتیجتاً وہ سیکھنے کے عمل میں پیچھے رہنے کے ساتھ ساتھ ذہنی خلفشار میں بھی مبتلا ہو سکتے ہیں۔

ہوم ورک کی تاثیر کا انحصار اس کے معیار اور مطابقت پر بھی ہے۔ طلبہ کے سیکھنے کی سطح کے مطابق تفویض کردہ کام، بامعنی مشقیں اور بروقت تعمیری رائے فراہم کرنا سیکھنے کے عمل میں زیادہ موثر ہوتے ہیں۔ وہ کام جو تنقیدی سوچ، تخلیقی صلاحیتوں اور مسائل کو حل کرنے کی مہارتوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، مختلف اسباق کے اختتام پر اکثر بار بار دہرائے جانے والی مشقوں اور مکمل طور پر یادداشت پر مرکوز ہوم ورک کے مقابلے میں زیادہ فائدہ مند ہوتے ہیں۔

طلبہ کی عمر اور نشو و نما کا معاملہ ہوم ورک کی موزونیت اور اثر کا تعین کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ چھوٹے بچے ہوم ورک کی اُن سرگرمیوں سے زیادہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں جن میں والدین کی مصروفیت اور مختلف تصورات کے عملی اطلاقات شامل ہوتے ہیں، جب کہ بڑے طلبہ کو گہری تجزیاتی سوچ اور تحقیقی مہارتوں کو ابھارنے والے اسائنمنٹ کی زیادہ ضرورت پڑ سکتی ہے تاکہ اُن کے سیکھنے کا عمل زیادہ موثر اور دیر پا ہو۔

چھوٹے بچوں مثلاً: پرائمری سطح کے طلبہ کو قدرتی مناظر کا جائزہ لے کر اپنے مشاہدات کو قلم بند کرنے کا کام تفویض کر سکتے ہیں۔ وہ اپنے گھر یا اسکول سے باہر نکل کر پودوں، کیڑے مکوڑوں، جانوروں یا قدرتی مظاہر کا مشاہدہ کر سکتے ہیں اور اپنے مشاہدات و نتائج کو ڈرائنگ، مختصر وضاحت یا پتوں یا پھولوں جیسی اشیا جمع کر کے دستاویز کی صورت میں پیش کر سکتے ہیں۔ طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کیجیے اور انھیں رنگوں، اسٹِکر اور دیگر آرٹ کے سامان کو اپنی نوٹ بک کو مزّین کرنے کے لیے استعمال کرنے دیجیے۔ یہ سرگرمی تجسس، مشاہدے کی مہارت اور قدرتی مناظر خوب صورتی کی پہچان کو فروغ دے سکتی ہے۔

ثانوی یا اعلیٰ ثانوی سطح کے طلبہ کو ان کے اپنے نصاب سے متعلق کسی موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے ایک پوڈ کاسٹ یا ولاگ بنانے کا کام تفویض کیجیے۔ اس میں کوئی تاریخی واقعہ، سائنسی دریافت، ادبی تجزیہ یا کوئی سماجی مسئلہ ہو سکتا ہے۔ انھیں تحقیق کرنے، اسکرپٹ لکھنے، ریکارڈ کرنے اور اپنے مواد میں ترمیم کرنے کی ضرورت ہوگی۔ یہ تفویض کردہ کام تنقیدی سوچ، تحقیقی صلاحیتوں، تخلیقی صلاحیتوں اور موثر ابلاغ کی حوصلہ افزائی کرے گا۔

اس طرح کے تخلیقی ہوم ورک تفویض کرنے کا مقصد طلبہ کو مشغول کرنا، کمرۂ جماعت سے باہر سیکھنے کو فروغ دینا اور ان کی تعلیمی اور ذاتی ترقی کے لیے مختلف ضروری مہارتوں کو پروان چڑھانا ہے۔

مزید برآں، تفویض کردہ ہوم ورک کا سیاق و سباق سیکھنے کے عمل میں بہت اہمیت کا حامل ہے۔ گھر میں معاون ماحول، ضروری وسائل تک رسائی اور والدین کی شمولیت ہوم ورک کی تاثیر کو نمایاں طور پر مثبت انداز میں ظاہر کر سکتی ہے۔ اسائنمنٹس کو مکمل کرنے کے مقصد میں ایک سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے اساتذہ اور والدین کے درمیان تعاون بھی طلبہ کے سیکھنے کے تجربے پر مثبت اثر ڈال سکتا ہے۔

سیکھنے کے عمل میں بہتری کو بڑھانے میں ہوم ورک کی تاثیر کا جائزہ لینے کے لیے کثیر الجہتی نقطہ ٔنظر کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگرچہ ہوم ورک کمرۂ جماعت کے سیکھنے کے عمل کو تقویت دینے، ضروری مہارتوں اور ذمہ داری کو فروغ دے سکتا ہے، لیکن اس کی افادیت کا انحصار مختلف عوامل مثلاً: ہوم ورک کے معیار، طلبہ کی کیفیت و نوعیت اور والدین کے تعاون پر ہوتا ہے۔ بامعنی اور متوازن ہوم ورک طلبہ کے سیکھنے کے نتائج اور بہبود پر اس کے مثبت اثرات کو یقینی بنانے کے لیے ازحد ضروری ہیں۔ ہوم ورک تفویض کرنے کے لیے اچھی اور لچک دار منصوبہ بندی اس کی ممکنہ کم زوریوں پر قابو پاتے ہوئے اس کے فوائد کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

 

Facebook Comments HS