آرے واہن سیاسی توجہ کا طالب علاقہ


راقم کی جنم بھومی آرے واہن جغرافیائی طور پر کراچی لاہور شاہراہ پر ضلع وہاڑی اور ضلع لودھراں کے سنگم پہ واقع ہے۔ یہ تحصیل میلسی کا وہ علاقہ ہے، جہاں پر ضلع وہاڑی کی حدود ختم ہوتی ہے اور ضلع لودھراں کی حدود شروع ہو جاتی ہے۔ ضلعی اہمیت کے ساتھ ساتھ آرے واہن مقامی طور پر بھی بڑی جغرافیائی اہمیت رکھتا ہے۔ جہاں یہ ایک طرف بلند پور اور اس کے نواحی علاقوں کو کروڑ پکا اور میلسی سے ملاتا ہے، وہاں یہ دوسری طرف کوٹلی جنید، آرے پور، ماڑی بھاگو خان، رحیم کلی جیسے بڑے علاقوں اور ان کے نواح و اطراف کو بھی بڑے شہروں کی طرف جانے کے لیے ایک جنکشن کی حیثیت رکھتا ہے۔

ایک زمانہ تھا، جب یہاں پر واقع ریلوے اسٹیشن بھی فعال تھا، جو کہ اب بند ہو چکا ہے۔ حالانکہ اتنی بڑی آبادیوں کے سنگم پہ واقع اس ریلوے اسٹیشن کی بڑی ہی شدید ضرورت ہے، جس کے ذریعے اس علاقے کو پورے پاکستان سے جوڑا جا سکتا ہے۔ اتنی اہم جغرافیائی اہمیت کے باوجود آرے واہن کو سیاسی طور پر ہمیشہ نظر انداز کیا گیا ہے۔ جس کی چنیدہ وجوہات میں تعلیمی پسماندگی، سیاسی عدم شعور اور مقامی برادریوں کا یکجا نہ ہونا ہے۔

گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا نے اس علاقے کے لوگوں کو بھی آہستہ آہستہ شعور اور بیداری عطا کی ہے۔ اب آرے واہن اور اس کے گردونواح کے لوگ خاص کر نوجوان نسل سیاسی بیداری کی طرف بڑھ رہی ہے۔ اسی کڑی میں آرے واہن پریس کلب کا قیام ایک نہایت ہی احسن اقدام ہے، جس نے اس علاقے کے نوجوانوں کو سیاسی اور سما جی دھارے میں لا کھڑا کیا ہے۔ کسی بھی سیاسی یا عصبیتی تعلق سے بالاتر ہو کر سیاسی اور سماجی مسائل کے متعلق آواز اٹھانا آرے واہن پریس کلب کے ممبرز کے لیے ایک چیلنج ہو گا، جو کہ گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ آرے واہن پریس کلب کی افادیت اور مقصد کو ظاہر کرے گا۔

جہاں تک آرے واہن کے مسائل کا تعلق ہے، یہاں صرف مسائل نہیں، بلکہ مسائل کا انبار ہے۔ سب سے پہلے تو یہاں پر تعلیم کے مسئلے کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔ اتنی بڑی آبادی کا علاقہ ہونے کے باوجود یہاں پر کوئی بھی ہائی یا ہائر سیکنڈری سکول نہیں بن سکا جو کہ حکمرانوں کی غفلت کا نتیجہ ہے اور اس علاقے کے پسماندہ ہونے کی ایک اہم وجہ ہے۔ اس وقت الیکشن کی گہما گہمی میں نوجوان نسل کا سب سے بڑا مطالبہ یہی ہے کہ آرے واہن میں ہائر سیکنڈری سکول کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ اس علاقے کے بچے اپنے گھروں کے پاس ہی تعلیم حاصل کر سکیں۔

جبکہ یہاں پر سب سے سنگین مسئلہ بنیادی ہیلتھ کیئر سینٹر اور ایک اچھے ہسپتال کا نہ ہونا ہے، جس کی وجہ سے مقامی افراد کو قریبی شہر میلسی یا پھر کہروڑ پکا کے دھکے کھانے پڑتے ہیں۔ ارباب اختیار اور سیاسی قائدین سے اپیل ہے کہ وہ اس بنیادی سہولت کی فراہمی کو اپنے منشور کا اولین ایجنڈا بنائیں۔ اس کے علاوہ پینے کے صاف پانی کا مسئلہ آہستہ آہستہ سنگین ہو رہا ہے اور اس سلسلے میں کبھی بھی حکام بالا نے نوٹس نہیں لیا۔

کچھ جگہوں پر تو پینے کے پانی کی حالت بہت خراب ہے، جس کی وجہ سے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی اشد ضرورت ہے۔ تمام ملحقہ آبادیوں میں بجلی کے نئے کنکشن اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی بھی اہل علاقہ کا دیرینہ مطالبہ ہے۔ آرے واہن میں بنیادی سرکاری اداروں کی بھی ضرورت ہے جس کے لیے سب سے پہلے آرے واہن کے اپنے ڈاک خانے کو فعال کیا جانا چاہیے، جس کا مرکزی دفتر بھی آرے واہن ہونا چاہیے۔ اسی سلسلے میں میلسی میونسپل کمیٹی کا کردار بہت اہم ہو جاتا ہے کہ وہ آرے واہن کو بھی اپنے حدود کا حصہ سمجھتے ہوئے وہاں پر سرکاری سہولیات مہیا کرے اور مسائل پر نظر رکھے۔

جبکہ ٹرانسپورٹ کے دیرینہ مسئلے کو حل کرنے کے لیے دیگر شہروں کے درمیان چلنے والی ویڈا بس سروس یا اس جیسی بس سروس کا کہروڑ پکا اور میلسی کے درمیان بھی آغاز ہونا چاہیے، تاکہ باقی ٹرانسپورٹ مافیا کو نہ صرف لگام ڈالی جا سکے بلکہ شہریوں کو بھی آرام و سکون کے ساتھ سفر کرنے کی سہولت ملے۔ اس کے علاوہ بچوں اور نوجوانوں کے پاس کھیل اور تفریح کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہے، اسی لیے ارباب اختیار سے اپیل ہے کہ آرے واہن میں ہائر سیکنڈری سکول کے ساتھ ہی ایک سپورٹس کمپلیکس بھی بنایا جائے کہ جہاں بچے اور نوجوان اپنے اپ کو صحت مندانہ سرگرمیوں میں مصروف رکھ سکیں۔

بڑھتے ہوئے سیاسی شعور کے ساتھ اب نوجوان نسل بھی ان سارے مسائل کو اپنے اپنے سیاسی قائدین کے سامنے لا رہی ہیں جو کہ انتہائی خوش آئند بات ہے۔ الیکشن کی گہما گہمی میں تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈران کو یہ سوچنا ہو گا کہ نوجوان نسل کے ان مطالبات کو پورا کیے بغیر اب آگے سیاست کرنا ممکن نہیں۔ الیکشن چاہے کوئی بھی جیتے، فاتح چاہے کوئی بھی ہو، لیکن اس بات سے انکار نہیں کہ آرے واہن سیاسی توجہ کا طالب علاقہ ہے جو کہ ماضی میں ہمیشہ نظر انداز ہوا ہے۔ سیاسی توجہ اور انتظامی کوششوں کے ساتھ اس علاقے کا احساس محرومی ختم کیا جا سکتا ہے۔

Facebook Comments HS

One thought on “آرے واہن سیاسی توجہ کا طالب علاقہ

  • 01/02/2024 at 10:42 صبح
    Permalink

    "Never be afraid to raise your voice for honesty and truth and compassion against injustice and lying and greed. If people all over the world… would do this, it would change the earth.” –William Faulkner.

Comments are closed.