حساب بے باق


۔8 فروری 2024 ء

پرچہ 1 مضمون ”حساب بے باق“ کل نمبر 100
(نوٹ: تمام سوالات کے نمبر یکساں ہیں۔ اختصار، مگر مدلل اور خوش خط جوابات پہ اضافی نمبر ہوں گے۔ )

سوال 1 :۔ اگر ایک وفاقی مخلوط حکومت 13 اتحادی جماعتوں کے ساتھ 16 مہینے چل سکتی ہے، تو بتائیے ویسی ہی ایک اور مخلوط حکومت 3 اتحادی جماعتوں کے ساتھ کامیابی کے ساتھ اور بغیر کسی اختلاف کے کتنا عرصہ گھسیٹی جا سکتی ہے؟

سوال 2 :۔ اگر ایک صدرِمملکت مختلف مقدمات میں اُلجھا کے 11 سال قید میں رکھا جا سکتا ہے، تو بتائیے ایک آئین شکنی کا مجرم صدر پھانسی چڑھائے جانے سے پہلے کتنی مدت جیل میں گزارے گا؟

سوال 3 :۔ اگر ایک ایویں سا وزیرِاعظم مقدمات نبٹائے جانے تک مختلف ادوار میں دو سال سے زائد پابندِ سلاسل رہ سکتا ہے، تو بتائیے ایک خوش شکل، نڈر، بے خوف اور بے باک وزیرِاعظم کو تمام مقدمات ختم ہونے تک کتنی قید کاٹنا ہو گی؟

سوال 4 :۔ اگر کسی وزیرِاعظم کو غلط سزا دے کر پھانسی چڑھا دیا جاتا ہے، تو بتائیے کیا ”حساب بے باق“ کرنے کے لئے چیف جسٹس کو پھانسی کی سزا دی جا سکتی ہے؟

نوٹ: جواب میں موجودہ یا کسی سابق زندہ چیف جسٹس کی تخصیص کرنے کے علیحدہ اضافی نمبر ملیں گے۔

سوال 5 :۔ اگروکلا، صحافی اور سیاست دان اہانتِ عدالت کے جرم میں قید کی سزا کاٹ سکتے ہیں، تو بتائیے ”حساب بے باق“ کی رو سے توہینِ قومی اسمبلی یا توہینِ عوام کے مرتکب ججوں، فوجی افسران اور پراپرٹی ٹائیکونز کی سزا کیا ہوگی؟

سوال 6 :۔ اگر ایک وزیرِاعظم آئین سازی، اشتمالِ اراضی، شملہ معاہدہ، اسلامی کانفرنس، نجی اداروں کو قومیانے جیسے کارہائے نمایاں کرتا ہے، اور ایک دوسرا وزیرِاعظم مواصلات کے شعبے کی ترقی، آمدورفت کے بہتر ذرائع کے لئے سڑکوں اور موٹرویز کا جال بچھانے، ایٹمی دھماکے کر کے خطے میں ہمیشہ کے لئے نیوکلیر ڈیٹرینس لانے، اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے بجلی کی پیداوار کو بڑھانے جیسے اقدامات کرتا ہے، تو ”حساب بے باق“ کی رو سے ثابت کیجئے کہ مرغی انڈے اور بھینس کٹے کا بے مثال معاشی نظریہ اور دو تین لنگر خانے اور پناہ گاہیں کھولنے والا وزیرِاعظم پہلے دونوں بیان کردہ وزیرِاعظموں سے کیوں کر برتر ہے۔

سوال 7 :۔ ماضی کے تجربات نے سکھایا ہے کہ کسی بھی شخص کی پہلی سرکاری جاب وزیرِاعظم یا وزیرِاعلیٰ کی نہیں ہونی چاہیے۔ دلائل سے ثابت کیجئے کہ یہی اُصول کسی بھی خاتون کے لئے بھی درست ثابت ہو گا۔

سوال 8 :۔ ”حساب بے باق“ کی مدد سے آئندہ ہونے والے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی تصویر کشی کیجئے، اور بتائیے کہ چاروں صوبائی وزرا اعلیٰ کیوں کر ایک ہی کمرے میں مذاکر ات کے لئے اکٹھے ہوں گے اور کسی متفقہ فیصلے پہ پہنچ سکیں گے۔

Facebook Comments HS