برلینالے۔ چھہترواں فلمی میلہ۔ برلن جرمنی


مورخہ چوبیس فروری 2024، بروز ہفتہ، چھہترواں برلینالے نامی فلمی میلہ برلن میں اپنے اختتام کو پہنچا۔ اس میلے میں، بہترین فلم کا اعلیٰ ترین ایوارڈ، گولڈن بئیر، فرانسیسی۔ سینی گالنیشی فلمساز ماتی دیوپ کی فلم ”داہومی“ کے نام رہا۔

”جیوری کا بڑا ایوارڈ“ چاندی بئیر، جنوبی کوریا کے فلمساز ہونگ سانگ سو کی فلم ”اے ٹریولرز نیڈ“ کو ملا۔ اس کے ساتھ ہی سات رکنی جیوری نے ”جیوری ایوارڈ“ چاندی بئیر، ہدایتکار برونو ڈومونٹ کی فلم ”ایل ’ایمپائر“ ، جو فرانس، جرمنی، اٹلی، بیلجیم اور پرتگال کی مشترکہ پروڈکشن ہے، کو دیا۔

ان تین اعلیٰ ایوارڈز کے علاوہ دیگر فلمی کیٹیگریز میں، خوش قسمت فلمی لوگوں کو ایورڈز ملے ہیں۔

15 فروری کو برلن کے پوٹسدامر پلاٹس پر واقع برلینالے پلاسٹ نامی عمارت میں، یورپ کے مشہور ترین بین الاقوامی فلمی میلے کا افتتاح ہوا تھا۔ اس میلے میں کل 230 فلمیں دکھائی گئی تھیں۔ 25 فروری تک جاری رہنے والے فلمی میلے میں گولڈن اور سلور ٹرافیاں جیتنے والی فلموں کو نامزد کیا جانا تھا۔ ان ٹرافیوں کو برلن کی مناسبت سے گولڈن اور سلور بئیر کہا جاتا ہے ۔ ان کے لئے 20 انٹرنیشنل فلموں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ 30 ممالک بشمول افریقہ اور انڈیا کی فلمیں فیسٹیول میں دکھائی گئی تھیں۔

3 فلموں ؛ 2 فیچر اور ایک ڈاکومینٹری فلم نے، جرمنی کی نمائندگی کی۔ 19 فلموں کے لئے اس میلے کے پلیٹ فارم پر ورلڈ پریمیئر تھا۔ سیلین مرفی اور ایمیلی واٹسن بطور مین اداکار، ”سمال تھنگز لائک دیز“ نامی آئرش۔ بلجیمی اس فیسٹیول کی افتتاحی فلم تھی جو اس مقابلے کی 20 فلموں میں بھی شامل ہوئی تھی۔ اس کیٹیگری کے علاوہ برلینالے اسپیشل، اینکونٹرز، برلینالے شارٹس، پینوراما، فروم اور فوروم ایکسپینڈڈ، جنریشن اور پس منظر، برلینالے کلاسکس خراج عقیدت جیسی کیٹیگریز میں بھی فلمیں دکھائی گئی تھیں۔

میلے کی انتظامیہ کے مطابق اس میلے سے مشرق وسطی تنازع کے حل کے لئے امن پسند مذاکرات کے اشارے ملے ہیں۔

ایک ڈاکومنٹری فلم، جس میں فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان تنازع کی آگاہی دی گئی ہے، کے شو کے دوران لوگوں نے ”فری فلسطین“ کے نعرے لگانے شروع کر دیے تھے۔

برلینالے کا انتظامی ادارہ ہر قسم کے امتیازی سلوک کی مذمت کرتا ہے۔ افریقن ملک گھانا کے ایک ہدایتکار نے، غزوہ میں اسرائیلی مظالم اور جرمنی کی اسرائیل نواز پالیسی کے خلاف اپنی برلینالے میں بھیجی ہوئی فلم کو واپس لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ برلینالے انتظامیہ نے، جرمنی کی، اے۔ ایف۔ ڈی نامی فاشسٹ سیاسی جماعت کو پہلے دعوت نامہ بھیجا اور بعد میں ان کو، برلینالے میں شرکت کرنے سے منع کر دیا تھا۔

جیوری کو ہیڈ کرنے والی، کینیا کی چالیس سالہ اداکارہ اور فلمساز، لوپیتا نئینگ، جسے اس کی ”ٹویلو ییرز اے سلیو“ نامی فلم پر آسکر ایوارڈ مل چکا ہے، تھیں۔

انٹرنیشنل جیوری کرٹکس میں میرا بیٹا ایم۔ ایس۔ ریاض، ایک رکن کی حیثیت سے اس میلے کا حصہ تھا۔

ایرانی حکام کی طرف سے مشہور ایرانی ہدایت کار جوڑی کی برلینالے میں شمولیت کی ممانعت اور ایران سے باہر نکلنے پر پابندی کے خلاف، غیر جانبدار ایرانین فلم ساز نامی یونین نے سخت الفاظ میں مذمت کی تھی جبکہ ان کی فلم، برلن فلمی میلے میں شامل کی گئی تھی۔

برلن۔ فلمی میلے کو، کینز اور وینیڈگ کے برعکس، عوامی فلمی میلہ کہا جا سکتا ہے۔ سینما بینوں اور سینما گھروں کے لئے یہ سنہری موقع ہوتا ہے۔ تقریباً 78000 ٹکٹیں، پہلے ہی دن فروخت ہو چکی تھیں۔

Facebook Comments HS