ڈیجیٹل عید
ہم شاید واحد جنریشن ہیں جس نے ٹرانسفریشن کی انتہا دیکھی ہے اور شاید آخری جنریشن ہیں جس نے ٹریڈیشنل عید انداز کے سورج کو دور حاضر کے انداز عید میں غروب ہوتے دیکھا ہے۔ اس سے بڑی اذیت شاید ہی کوئی ہوگی کہ ہمارے ہاتھوں سے عید پیغامات کے کارڈز اور خطوط نکلے ہیں اور ہم ہی واٹس ایپ اسٹیٹس پر عید مبارک کہے رہے ہیں۔
یہ روایت شاید مزید ایک دو برس اور چلے اور بڑے بڑے سپر مارٹس کے بلنگ کاؤنٹر پر عید کارڈز مل رہے ہوں آنے والے برسوں میں یہ روایتی عید کارڈز، روایت بن جائیں گے اور پھر شاید ڈھونڈنے سے بھی کہیں ملیں یا ترمیم برائے افسوس کے لیے سننے کو ملے ”جی وہ کارڈز ہمارے پاس دستیاب نہیں آپ کہیں اور سے معلوم کر لیں۔“
عید کارڈز میں سمائی خوشی تو بہرحال Whatsapp Greetings کے کاپی پیسٹ ٹیکسٹ میں تو نہیں، جیسے
سویاں پکی ہیں سب نے چکھی ہیں
یار تم کیوں رو رہے ہو تمہارے لیے بھی رکھی ہیں۔
چاول چنتے چنتے نیند آ گئی
صبح اٹھ کر دیکھا تو عید آ گئی
نازک سی انگلی منہ میں چبانا
عید کارڈ پڑھنے سے پہلے تھوڑا مسکرانا
اب نازک انگلی عید کے دن پر کسی کی جانب سے گرافِکس ایمیج کو بغیر ڈاؤنلوڈ کیے لکھ دیتی ہے (خیر مبارک آپ کو بھی عید مبارک) یہ وقت تیز بہت تیز چل رہا ہے اور پھر نا جانے کس AI ٹول سے جا ٹکرا کر کے کسی روایتی انداز کو روند کے رکھ دے نہیں معلوم۔ میں کسی بھی طور اس برق رفتاری سے چلنے والے دور کے خلاف نہیں ہوں لیکن اب چیزیں، تہوار اس ڈیجیٹل دور میں برائے نام کی خوشی دینے لگیں ہیں جہاں پر ایک ”عید سیلفی“ پر دن چڑھ کے ڈھل جاتا ہے۔
ٹیکنالوجی کے بھاگتے دور میں جہاں زندگی سلوگن بنی ہوئی ہے اس کی کلیدی سروسز میں ایک تہوار اتنا ہی اہم ہو سکتا ہے کہ فلاں نے عید مبارک کہی آپ نے ٹھک سے اسے کہے دیا آپ کو بھی عید مبارک۔ کلپ بورڈ پر دو عدد تین عدد ٹیکسٹ کاپی کیے ہوئے ہیں اور وہی تمام دن چلتے رہتے ہیں۔
عید کارڈز والے دن آنے والی جنریشن کو اگر ہم بتانے لگ جائیں تو جینزی بولیں گے ”پاگل تو نہیں تھے تم لوگ“ ہاں ہم پاگل تھے ہم رشتوں، عمروں اور روایتوں کے بندھنوں میں بندھے پاگل ہی ہیں جو تمہارے اس ٹیکنیکل اور ڈجیٹل دور میں ڈھلنے کی ممکنہ کوشش کر رہے ہیں یہ کوشش ناکام نہیں ہے کیوں کہ ہم تخلیق کے نفوذ پر یقین رکھنے والے تھوڑے کچے تھوڑے پکے دو الگ الگ وقتوں کو ہاتھوں سے پکڑ کر ملانے کی کوشش کر رہے ہیں تم خوش رہو کہ تم جیت رہے ہو، کاغذی عید ہار رہی ہے ڈجیٹل عید جیت رہی ہے!


