فیوچیریم۔ (مستقبل کا گھر)


دنیا کے کسی بھی کونے میں آپ کو ایسی نمائشی یا معلوماتی عمارت نہیں ملے گی جس پر اٹھاون ملین یورو کی لاگت آئی ہو۔ اور جس کے اہتمام و انتظام یعنی پرسونل، توانائی، دیکھ بھال، نمائشوں اور تقریبات کے انعقاد پر ، روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں یورو خرچ ہو رہے ہوں لیکن اس کے برعکس جو لوگ اس نایاب عمارت سے استفادہ کر رہے ہوں، انہیں کچھ بھی ادا نہ کرنا پڑے۔ یعنی وہاں داخلہ بالکل مفت ہو۔

یہ اعزاز، برلن کے سینٹرل ریلوے اسٹیشن کے ساتھ والی عمارت،الیگزینڈراوفر نمبر دو میں واقع ”فیوچیریم نامی نمائشی میوزیم“ کو حاصل ہے۔

میوزیم کی مثل پر ”مستقبل“ کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی یہ ایک غیر معمولی جدید فن تعمیر کی حامل عمارت ہے۔ جس کا افتتاح پانچ ستمبر دو ہزار انیس کو ہوا تھا۔ یہ ”مستقبل سینٹر“ متعدد سائنسی، تجارتی اداروں، مختلف این۔ جی۔ اوز، فاؤنڈیشنوں اور جرمنی کی وفاقی حکومت کے اشتراک سے عمل میں آیا ہے /تھا۔ یہاں پر سائنس کے ہر شعبے میں، مستقبل میں ہونے والی ترقی و ترویج کے متعلق پریزینٹیشنیں دی جاتی ہیں، نمائشوں کا اہتمام ہوتا ہے اور تقریبات میں اوپن مکالمہ نگاری بھی کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ نوجوانوں اور بچوں کے لئے بھی مختلف ورکشاپوں کا انعقادِ ہوتا ہے۔ فیوچیریم، مستقبل کے تمام ممکنہ سوالات و جوابات کے لئے ایک میوزیم، فورم اور پلیٹ فارم ہے۔ اس کے ہر شعبے میں غیر جانبدارانہ رویے دیکھنے میں آتے ہیں۔

تین منزلوں پر محیط اس عمارت کا ، آٹھ ہزار ایک سو چون مربع میٹر کا رقبہ، قابلِ استعمال ہے۔ جس میں سے دو ہزار چھ سو مربع میٹر مستقل نمائشوں کے لئے مختص ہے۔ علاوہ ازیں، عمارت کے تہہ خانے میں ”فیوچیریم لیب“ میں خصوصی نمائشوں اور تجربات کے لئے چھ سو مربع میٹر کی جگہ بھی ہے۔ تینوں منزلوں میں نمائشوں اور تقریبات کے علاوہ، فیوچیریم کی سکائی واک نامی چھت دیدنی ہے۔ جہاں ہر انسان جا سکتا ہے۔ جو ایک منفرد عمل ہے۔ سکائی واک کا خوبصورت نظارہ، جہاں پر چاروں طرف سولر پینلز لگے ہوئے ہیں اور جہاں موسم گرما یا دھوپ میں دور دراز کے علاقوں تک برلن کی خوبصورت عمارتیں دیکھی جا سکتی ہیں، فیوچیریم کی سیاحت کا ایک ناقابلِ فراموش حصہ ہے۔

:فیوچیریم کی افتتاحی تقریر پر اس کے پہلے ڈائریکٹر نے یہ الفاظ کہے تھے
”انتھروپوسین“ یہ ایک نئے جغرافیائی زمینی دور کی اصطلاح ہے جس میں انسان، زمین پر حیاتیاتی، ارضیاتی اور ماحولیاتی عمل کو متاثر کرنے والے سب سے اہم عوامل میں سے ایک ہے۔ تکنیک، فطرت اور انسان ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور ان تینوں کو ملا کر مستقبل میں سوچنے کی ضرورت ہے۔ صرف ایک مستقبل نہیں بلکہ بہت سے مختلف مستقبل ہیں۔ بہت سی چیزوں کا بہتر تصور کرنے کے قابل ہونا اور اگر ممکن ہو تو انہیں آزمانا ضروری ہے جس سے واضح ہو کہ مستقبل تشکیل دیا جا سکتا ہے اور مستقبل غیر متاثر نہیں ہے بلکہ علم پیدا کرنا ہے اور اس پر بات چیت کرنا ہے کہ مطلوبہ مستقبل کیسا نظر آ سکتا ہے اور اسے کس طرح تشکیل دیا جا سکتا ہے ”۔

فیوچیریم میں سب سے اہم سوال، کہ ہمیں مستقبل میں زندگی کیسے گزارنی ہے، کا جواب دینے کی کوشش ہو رہی ہے یہاں کی نمائشوں میں، تجربات کے ذریعے، مستقبل میں وقوع پذیر ہونے والے ممکنہ واقعات اور ان کے مشاہدات کی نشاندہی کی جاتی ہے۔ تقریبات کے سیمیناروں میں دلچسپ بحث و مباحثے ہوتے ہیں، نت نئے خیالات جنم لیتے ہیں۔ فیوچیریم اِنسانیت کے لئے ایک نہایت عمدہ پلیٹ فارم ہے۔

Facebook Comments HS