آج ہم ایک ایسے مسئلے پر بات کرنے کے لئے جمع ہوئے ہیں جو ہمارے ملک کی اکثریت کو براہ راست متاثر کر رہا ہے۔ یہ مسئلہ ہے مہنگائی کا، جو روز بروز بڑھتی جا رہی ہے اور عوام کی زندگیوں کو مشکلات میں مبتلا کر رہی ہے۔ پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ضروری اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ آٹا، چینی، دالیں، سبزیاں، پھل، اور دیگر بنیادی ضرورت کی چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو چکا ہے۔

بجلی، گیس، اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی مشکلات کو دوگنا کر دیا ہے۔ اس مہنگائی کے اثرات ہر طبقے پر پڑ رہے ہیں، مگر سب سے زیادہ متاثر غریب اور متوسط طبقہ ہو رہا ہے۔ لوگوں کی قوت خرید کم ہو گئی ہے۔ روزمرہ کے اخراجات پورے کرنا مشکل ہو چکا ہے۔ بچوں کی تعلیم، صحت کی سہولیات، اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی ایک خواب بنتی جا رہی ہے۔ جس سے عوام کے اندر غم اور غصہ پروان چڑھ رہا ہے۔ عوام کا ردعمل مختلف انداز میں سامنے آ رہا ہے۔

ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج اور مظاہرے ہو رہے ہیں۔ جیسا کہ پچھلے کچھ دنوں سے جماعت اسلامی کا اسلام آباد میں دھرنا ہے۔ لوگ سڑکوں پر نکل کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر عوام اپنی آواز بلند کر رہے ہیں، حکومت سے مہنگائی پر قابو پانے کے لئے اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ مگر بد قسمتی سے پاکستان میں حکومتی عدم استحکام اور عوام کی ناپسندیدہ حکومت نے حالات مزید خراب کر دیے ہیں۔ موجودہ حکومت نے کچھ اقدامات اٹھائے ہیں، جیسے کہ سبسڈی دینا، قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے قوانین نافذ کرنا، اور معاشی اصلاحات کی کوشش کرنا۔

مگر یہ اقدامات ابھی تک عوام کی توقعات پر پورا نہیں اترے ہیں۔ حکومت کو مزید جامع اور موثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مہنگائی پر قابو پایا جا سکے۔ اور اس کے لیے حکومت کو معاشی پالیسیاں بہتر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مہنگائی پر قابو پایا جا سکے۔ زرعی شعبے کو فروغ دے کر خوراک کی قیمتوں میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ صنعتی ترقی سے ملازمتوں کے مواقع بڑھیں گے اور عوام کی آمدنی میں اضافہ ہو گا۔ جس سے ہم بیرونی قرضوں کے موثر انتظام سے روپے کی قدر کو مستحکم کر سکتے ہیں۔

اور آخر میں سب سے زیادہ پاکستان کی غریب عوام متاثر ہو رہے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ غریب طبقے کے لئے سماجی تحفظ کے پروگرامز شروع کیے جائیں تاکہ ان کی مشکلات میں کمی آئے۔ کیونکہ مہنگائی کا مسئلہ ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے اور اس کا حل بھی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔ حکومت کو عوام کی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے فوری اور موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ہمیں بھی بطور شہری اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہو گی اور حکومت کے ساتھ مل کر اس مسئلے کا حل تلاش کرنا ہو گا۔