نو آبادیاتی لاہور: مقامی تمدن کی تشکیل نو


تہذیب و تمدن، انسانی ارتقا کی میراث ہے، خطہ زمین پر انسانوں کے اجتماع نے نفس انسانی کو مہذب رکھنے کے لیے نظام ہائے زندگی ترتیب دیے جس کا مقصد سماج میں ترقی کی منازل عبور کرنا رہا۔ نظام شمسی کے تابع، ارض زمین پر قدیم سماج کے نقوش ہمیں تاریخ کی داستان بتاتے ہیں، انھی داستانوں میں ایک کہانی لاہور بھی اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے۔ سماج جن تجربات سے گزرتا ہے، اس کے اثرات سماجی پرتوں میں پیوست رہ جاتے ہیں۔ لاہور نے ارتقائی سفر میں مختلف طرز حکمرانی کے تجربات کا سامنا کیا۔ جدید لاہور کا سنگم، ماضی کی یادگاروں اور نشانیوں سے جا ملتا ہے۔ مملکت پاکستان کی تاریخ صرف 77 برس پر محیط ہے تاہم لاہور کی تاریخ ظہور اسلام سے بھی 600 سال قبل کی ہے۔

لاہور نے فنون لطیفہ میں اساطیر، روایات، عقائد کی صورت میں کس طرح اپنا اظہار کیا؟ طرز زندگی، معاشرت، رسوم، روایات، عقائد، لباس، غذا، تہوار، کاروبار اور زبان، کلچر یعنی ثقافت کے اجزائے ترکیبی شمار کیے جاتے ہیں۔ ہر سماج کی روایات، زبان، لباس، طرز معاشرت یعنی بود و باش وغیرہ جُدا ہیں بلکہ یوں کہہ سکتے ہیں کہ ایک دوسرے سے بیگانگی کا بھی اظہار کرتے ہیں۔ یہ جُدا کلچر ہی دراصل باشندوں کے مزاج، افکار اور طبعی تقاضوں میں فرق پیدا کرنے کا موجب بنتا ہے۔ ہر ثقافت کا نمائندہ نوجوان، دیگر ثقافت کے نوجوان سے متعلق الگ رائے رکھتا ہے، یہ رائے قومی سماج کی تشکیل پر گہرے اثرات مرتب کرتی ہے۔ ہم اپنی لوک روایات، کہانی، داستان اور رائے عامہ میں دیگر شہروں، دیہات حتیٰ کہ صوبوں میں بسنے والے باشندوں سے متعلق ثقافتی پہلوؤں کو بنیاد بنا کر رائے کا تعین کرتے ہیں۔

مذکورہ بالا تصورات کو پیش نظر رکھتے ہوئے، برطانوی نو آبادکاروں نے لاہور کی تہذیبی شناخت کی تشکیل نو کا فیصلہ کیا جس پر یورپی یا مغربی ثقافت کا رنگ غالب ہو اور نو آبادکاروں کے پیش نظر یہ رہا کہ مقامی تہذیبی شناخت کو کیسے مغلوب کیا جائے۔ ٹی بی میکالے نے 10 جولائی 1833ء کو برطانوی پارلیمان سے خطاب میں کہا تھا: ”ممکن ہے اقتدار و حکمرانی ہمارے ہاتھوں سے کسی اور قوم کو منتقل ہو جائے، ہو سکتا ہے نادیدہ حوادث و واقعات ہماری پالیسی کی بہت عمیق اسکیموں کو تتر بتر کر دیں اور ہمارا نام بگاڑ دیں، ہو سکتا ہے غلبہ ہمیشہ ہمارے مقدر میں نہ رہے، تاہم بعض فتوحات ایسی ہیں کہ جنہیں کوئی پسپائی نہیں، یعنی کوئی زوال نہیں۔ ہماری دو فتوحات بربریت پر عقل و دانش کی فتوحات ہیں۔ وہ دائمی و لازوال سلطنت ہمارے آداب و فنون، ہماری اخلاقی اقدار ہماری ادبیات اور ہمارے قوانین کی سلطنت ہے“ ۔

میکالے کے مقولے کو بطور استدلال بروئے کار لاتے ہوئے لاہور کی تہذیب و تمدن کی تشکیل کی گئی۔ لاہور کی تہذیبی شناخت کو دو حصوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے : اوّل قبل از نو آبادیات یعنی مغل عہد حکمرانی کا 300 سالہ دور، دوم؛ نو آبادیاتی عہد یعنی برطانوی نو آبادکاروں پر مشتمل حکمرانی کا دور۔ قبل از نو آبادیات میں، لاہور کی اربنائزیشن کا دائرہ قلعہ کے اِرد گرد تھا اور قدیم لاہور کی تہذیبی شناخت اسی حدود سے وابستہ ہے جسے ہم والڈ سٹی کہتے ہیں۔

پنجاب پر مارچ 1849ء میں قبضہ کے بعد ، نو آبادیاتی منتظمین نے لاہور کی تہذیبی شناخت کو از سر نو تشکیل دینے کا منصوبہ نافذ کیا جس کے لیے شہر کاری (اربنائزیشن) کا سہارا لیا گیا جس میں سول لائنز، کنٹونمنٹ ایریاز، ریلوے اور مائیگریشن پر مبنی آبادکاری شامل ہے۔ مال روڈ کی برطانوی وراثت، لندن کے مشہور پال مال سے ملتی ہے۔ یہ لندن کی اُن سڑکوں میں ایک تھی جہاں پیلی میل کا کھیل کھیلا جاتا تھا۔ مال روڈ لاہور کا تصور سول انجینئر Lieut نے 1851ء میں پیش کیا تھا۔ کرنل نیپئر نے بنیادی طور پر مقبرہ انار کلی سے میاں میر چھاؤنی تک ایک سیدھی سڑک کے لیے نوآبادیاتی ضرورت کے تحت مال روڈ کا نقشہ بنایا۔ ’انارکلی اسٹیشن‘ انارکلی باغات اور اس سے ملحقہ علاقوں پر مشتمل تھا جسے برطانوی افواج استعمال کرتی تھیں۔ یہ اسٹیشن پہلے ہی سکھ دور میں فوجوں کے ذریعہ جزوی طور پر بیرکوں کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔ مال روڈ کی تعمیر کے لیے کنکر کی مدد سے 12544 روپے کی لاگت سے اور چھ انچ موٹی ٹوٹی ہوئی اینٹوں کی تہہ سے 10428 روپے کی لاگت سے دو مالیاتی تخمینہ جات لگائے گئے تھے اور موخر الذکر منصوبہ کو منظور کیا گیا۔ مال روڈ کے ساتھ، نو آبادیاتی منتظمین نے جمعدار خوشحال سنگھ کے گھر کو سرکاری عمارت میں تبدیل کیا، اس عمارت کی تعمیر نو کا آغاز 1851ء میں ہوا اور 1853ء میں مکمل ہوا۔ اس مقصد کے لیے 10 ہزار روپے مختص ہوئے، عمارت کو گورنمنٹ ہاؤس ڈیکلیئر کیا گیا۔ ہنری لارنس نے اسے رہائش گاہ بنایا اور سر رابرٹ منٹگمری نے اسے گورنمنٹ ہاؤس کے طور پر استعمال کیا جسے بعد ازاں گورنر پنجاب کی رہائش گاہ قرار دیا گیا۔

1861ء میں قدیم شہر کے شمالی مغرب میں ڈیڑھ میل کے فاصلے پر یورپی آبادی کے لیے ایک جدید لاہور سول اسٹیشن بنایا گیا، اس کے بعد سول لائنز میں رہائشی اور تجارتی عمارتیں تعمیر کی گئیں۔ آبادکاری کے اس منصوبہ کے تحت یورپی تہذیب و تمدن کی ترویج کے لیے مخصوص تعلیمی ادارے، میڈیکل مشن، گرجا گھروں کی تعمیرات، ضلعی عدالتیں، ٹریژری، جیل اور پولیس لائنیں بھی تعمیر کی گئیں۔ مشرق کی طرف سول لائنز سے آگے، ایک بڑی فوجی چھاؤنی، جو تقریباً ایک ہزار تین سو بارہ مربع میل کا علاقہ ہے، جدید نفاست کے ساتھ تعمیر کی گئی تھی۔ 1880ء کی دہائی کے اوائل میں، لاہور میں ریلوے نے مغل پورہ کے علاقے کے ساتھ ساتھ بڑی اراضی حاصل کی تھی، جس میں میو گارڈنز سمیت ریلوے ملازمین کی کالونیوں کے لیے نولکھا کا علاقہ آباد کیا گیا تھا۔ 1892ء میں، 4000 سے زائد افراد یہاں رہائش پذیر تھے جو ریلوے ورکشاپس میں ملازم تھے، ملازمین کی اکثریت روزگار کی تلاش میں یہاں آ کر آباد ہوئی تھی۔ 1875ء کے لاہور کے نقشے میں دو اہم مشاہدات مال روڈ پر روشنی ڈالتے ہیں۔

سب سے پہلے، وہاں صرف ایک مال روڈ موجود تھی، جسے ’لوئر مال‘ کہا جاتا ہے، جو ڈپٹی کمشنر کی عدالت سے ملتان روڈ موڑ تک پھیلا ہوا ہے۔ دوسری بات یہ کہ جو اب اپر مال کے نام سے جانا جاتا ہے اسے اسی سال تک ’لارنس روڈ‘ کہا جاتا تھا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ لوئر مال اور لارنس روڈ آج کی طرح براہ راست منسلک نہیں تھے۔ اس عرصے میں سڑک کے بنیادی ڈھانچے میں وسیع ترقی دیکھنے میں آئی، جس میں کئی بڑی سڑکیں۔ جیسے کہ ہال روڈ، ایبٹ روڈ، میو روڈ، مزنگ روڈ، اور ٹمپل روڈ۔ شہر کے نقشے پر ابھرتی ہیں۔ یہ سڑکیں مال روڈ سے اہم رابطے کا کام کرتی ہیں، جو اسے لاہور کے روڈ نیٹ ورک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت دیتی ہیں۔ نقشے میں بعد میں ایک اضافہ ’بیڈن روڈ‘ تھا، جو مال روڈ کا ایک اور اہم لنک تھا۔

نو آبادکاروں نے شہر کی تہذیبی شناخت کو عمارتوں کی تعمیرات سے جوڑ دیا جنھیں ہم دو حصوں میں تقسیم کر سکتے ہیں ؛ یعنی ریلیجئیس اور یوٹیلیڑین۔ ان عمارات میں گرجا گھر، کیتھیڈرل، لارنس اور منٹگمری ہال، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، میؤ کالج، ایچی سن کالج، پنجاب یونیورسٹی، لاہور میوزیم، جنرل پوسٹ آفس، سینٹ ہال، یادگاریں، ریلوے اسٹیشن اور پل شامل ہیں، مجموعی طور پر یہ 12 عمارتیں تعمیرات میں شامل ہیں جنھیں عطیہ کنندگان کی مالی امداد سے تعمیر کیا گیا تھا یعنی ان کے اخراجات سرکاری خزانے سے ادا نہیں کیے گئے تھے تاہم عوامی تاثر ہے کہ ان عمارتوں کی تعمیرات میں برطانوی نو آبادکاروں نے رقم خرچ کی تھی۔ برطانوی حکام کی جانب سے تعمیر شدہ ورثے کو ”نوآبادیاتی فن تعمیر“ سے منسوب کیا جاتا ہے۔ لاہور کے نو آبادیاتی فن تعمیر نے یورپی کلاسیکی طرزوں کو انڈو اسلامک شکلوں کے ساتھ ملایا۔ خواہ ہندوستانی یا مغربی ماڈلز سے متاثر ہوں، یہ آرکیٹیکچرل ڈیزائن محض اپنی اصلی شکلوں کی نقل ہی نہیں کرتے تھے۔ اس کے بجائے، انھیں نوآبادیاتی ماحول کے مطابق ڈھال لیا گیا، جو کہ اختیار کی واضح اور مرئی علامت کے طور پر کام کرتے ہیں۔ برطانویوں کا مقصد یورپی کردار اور روح کو برقرار رکھتے ہوئے مشرقی تعمیراتی عناصر کو شامل کرنا تھا۔

لاہور کا نیا تمدن کنٹونمنٹ کے علاقوں، سول لائنز، نیو مزنگ اور نولکھا کے علاقے میں مضبوط یورپی موجودگی سے جڑا ہوا تھا۔ 1875ء میں، شہر میں یورپی آبادی 1700 سے تجاوز کر گئی۔ یورپی النسل افراد کی آبادکاری کے ساتھ، شہری آبادی نے بہت زیادہ سماجی اور شہری تبدیلیوں کا تجربہ کیا۔ اعلیٰ طبقے، خاص طور پر اونچی ذات کے ہندو اور اندرون شہر کے سکھ نئی سہولیات سے مستفید ہوئے۔ ان کی دولت اور طرز زندگی (جو یورپیوں کی طرح تھی)، انھیں سول لائنز میں جانے کے قابل بنایا۔ 1901ء کی مردم شماری تک سول لائنز کی آبادی بڑھ کر 16080 ہو گئی تھی۔

عمارتوں کے ان ڈھانچوں میں محض فن تعمیر ہی پنہاں نہیں تھا بلکہ لاہور میں نو آبادیاتی تشخص میں جدیدیت اور یورپی بالادست تصورات رائج کرنا تھا۔ مال روڈ سے منسلک پانچ اہم ترین ادارہ جات تشکیل دیئے گئے : پنجاب یونیورسٹی، گورنمنٹ کالج، کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج، ویٹرنری کالج اور میؤ سکول آف آرٹس۔ ان درس گاہوں کے ذریعے سے یورپی علوم و افکار کو رائج کیا گیا۔ مقامی طب کے مقابلے پر یورپی طبی مصنوعات کو متعارف کرایا گیا اور اس کے لیے میڈیکل کالجز کی رسمی تعلیم کا سہارا لیا گیا۔ گورنمنٹ کالج لاہور، نوآبادیاتی مشینری کو چلانے کے لیے ہیومن ریسورس کی تیاری کا مرکز بنا اور یہ کالونیل بیوروکریسی کی آبیاری کے لیے نرسری کا درجہ اختیار کر گیا۔

لاہور ڈسٹرکٹ پر 1893ء میں گزٹ شائع ہوا۔ گزٹ کے مصنف جی سی واکر نے لکھا: شہر لاہور صوبے کا سب سے بڑا یورپی تجارتی اور خریداری کا مرکز ہے۔ مال روڈ بڑی یورپی دکانوں پر مشتمل ہے، جن میں سے کچھ مقامی کاروباری ادارے ہیں جبکہ دیگر کلکتہ اور بمبئی کے کاروباری گھرانوں کی شاخیں ہیں۔ بیسویں صدی کے آغاز تک چھاؤنی، سول لائنز اور اپر مال روڈ کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی شروع ہو چکی تھی۔

پہلی عالمی جنگ کے خاتمے نے شہر کاری کے عمل کو مزید تیز کر دیا۔ واپس آنے والے ہندوستانی فوجیوں کی ایک بڑی تعداد اس کی جدید سہولیات اور تعلیم کے مواقع کی وجہ سے شہر میں منتقل ہو گئی۔ تجارت میں جنگ کے وقت کی تیزی نے شہری کاری کے عمل کو متحرک کیا، کیونکہ مزدور طبقے کی ایک بڑی تعداد کام کی تلاش میں شہر میں آ گئی تھی۔ شہر میں مزدوروں کی تیزی سے نقل مکانی کے نتیجے میں پرانے شہر کے مشرقی جانب ریلوے اور راوی پل سے نواں کوٹ تک کچی آبادیوں کی تعمیر بھی ہوئی۔ مزید برآں، امیر ترین زمیندار، جو بہتر تعلیم یافتہ ہوتے جا رہے تھے بھی شہر میں منتقل ہو گئے۔ لاہور 1891ء میں آبادی کے لحاظ سے دسواں بڑا شہر تھا، جس کی آبادی 76 ہزار 854 نفوس پر مشتمل تھی اور یہ 1921ء میں بڑھ کر دو لاکھ 81 ہزار 781 تک پہنچ گئی اور یوں یہ برطانوی ہند میں پانچواں بڑا شہر بن گیا۔

ہندوؤں کے مقابلے میں، تجارت اور صنعت میں مسلمانوں کی کم نمائندگی کو بہت زیادہ تحقیقی کام کے ذریعے اُجاگر کیا گیا ہے، جو نئے اقتصادی مواقع سے فائدہ اٹھانے سے متعلق ہے۔ لاہور میں، ہندوؤں نے ریٹیل اور ہول سیل تجارت پر غلبہ حاصل کیا اور صنعتی شعبے کو کنٹرول کیا۔ اس تجارتی طبقے کے صنعتی اور تجارتی اداروں نے مختلف علاقوں میں بڑی تعداد میں کارخانے، ورکشاپس اور تجارتی ادارے بنائے تھے جن میں زیادہ سرمایہ شامل تھا۔ انارکلی بازار اور مال روڈ کے ساتھ ساتھ اندرون شہر کے اندر پرانے تجارتی علاقوں جیسے دہلی گیٹ، اکبری منڈی، چونا منڈی،کسیرا بازار، رنگ محل اور شاہ عالمی گیٹ کے آس پاس کی زیادہ تر دکانیں غیر مسلموں کی ملکیت تھیں۔

انیسویں صدی کے اواخر سے نو آبادیات اور مشنری سرگرمیوں کی وجہ سے مقامی عقائد کو درپیش چیلنج شمالی ہندوستان میں متعدد مذہبی اصلاحی تحریکوں کی تشکیل کا باعث بنا۔ عیسائی مذہب اختیار کرنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ، لاہور میں مذہبی اور فرقہ ورانہ احیا کے پیچھے ایک اہم محرک بن گیا۔ پنجاب بھر میں، عیسائی مذہب اختیار کرنے والوں کی تعداد 1881ء میں 3912 سے بڑھ کر ایک دہائی بعد 19000 سے زیادہ ہو گئی، اور 1901ء تک تقریباً 38000 ہو گئی۔ لاہور میں، 1901ء کی مردم شماری تک یہ تعداد بڑھ کر 4000 ہو گئی اور دو دہائیوں میں مزید بڑھ کر 16500 ہو گئی۔ یوں، لاہور شہر کے نئے تمدن کی تشکیل میں مذہب بھی ایک اہم اکائی کا درجہ اختیار کر گیا، منتظمین نو آبادیاتی عزائم کے تحت لاہور شہر کی تہذیب و ثقافت کی جڑیں پھیلا رہے تھے جس کی شاخیں یورپی تمدن میں پیوست ہوں۔

عیسائی مشنریوں، فرقہ ورانہ تعلیمی اداروں اور پرنٹنگ پریس کی مضبوط موجودگی کی وجہ سے لاہور کا شہری علاقہ ان ابھرتی ہوئی تنظیموں کا ایک اہم مرکز بن گیا۔ بیسویں صدی کے آغاز تک لاہور میں ایک درجن سے زیادہ مختلف سماجی اور مذہبی تنظیمیں قائم ہو چکی تھیں۔ ان گروہوں کے درمیان بڑھتی ہوئی تنظیمی طاقت اور دشمنی نے فرقہ ورانہ تقسیم کو مزید تیز کر دیا۔ ماضی کی دوبارہ تشریح کرنے اور مستقبل کا ایک نیا وژن پیش کرنے کے اس عمل نے ان کمیونٹیز کے درمیان تعلقات کو مستقل طور پر تبدیل کر دیا جو نسلوں سے کسی حد تک ہم آہنگی کے ساتھ رہائش پذیر تھے۔

لاہور پرنٹنگ انڈسٹری کا مرکز بن چکا تھا۔ 1896ء میں، شہر میں 17 پرنٹنگ پریس تھے، جن کی تعداد اگلی دو دہائیوں میں بڑھ کر 75 ہو گئی، اور ان اداروں کی ملکیت حریف برادریوں میں یکساں طور پر تقسیم ہو گئی۔ مقامی پرنٹنگ پریس نے بڑھتی ہوئی مذہبی دشمنی کو بڑھاوا دیا اور رویوں کی پولرائزیشن میں حصہ لیا۔ تقسیم کے وقت تک صرف لاہور نے 32 انگریزی اور 100 سے زیادہ مقامی زبان کے رسالے شائع کیے تھے۔ نوآبادیاتی حکمرانی کے آخری مہینوں کے دوران، بڑھتی ہوئی دشمنی اور علاقائی دعووں کے درمیان، فرقہ پرست پریس نے نہ صرف ایک متزلزل تاریخی ریکارڈ پیش کیا اور غیر مصدقہ کہانیاں شائع کیں بلکہ تناؤ کو اجاگر کرنے اور فسادات کو ہوا دینے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

لاہور میں مختلف مذہبی برادریوں کے ارتکاز نے ایک منقسم اور غیر یقینی معاشرہ تشکیل دیا، جو ’نسل کشی کے تشدد‘ میں پھوٹ پڑنے کے لیے حساس تھا۔ نو آبادیاتی دور سے پہلے کا لاہور ایک فصیل والا شہر تھا جس میں بارہ دروازے تھے، جس میں تنگ گلیوں میں رہائشی اور تجارتی عمارتیں تھیں۔ ہندو، سکھ اور مسلم کمیونٹیز الگ الگ لیکن قربت میں رہتے تھے۔ مخلوط لیکن باہم ملے جلے علاقوں میں نہیں۔ غریب اور کاریگر ہندو آبادی چاردیواری والے شہر کے اندر رہتی تھی، خاص طور پر شاہ عالمی، چونا منڈی، اکبری منڈی، و چھووالی، رنگ محل اور دہلی گیٹ جیسے علاقے ہندوؤں کے اہم رہائشی اور تجارتی مراکز تھے۔ مسلمان کاریگر زیادہ تر موچی گیٹ اور بھاٹی گیٹ کے علاقوں میں رہتے تھے۔ اندرون شہر سے باہر، مسلمان بنیادی طور پر اسلامیہ پارک، سعدی پارک، و سن پورہ، احمد پورہ اور مصری شاہ جیسے محلوں میں رہتے تھے۔ یہاں تک کہ مزنگ، اچھرہ اور باغبانپورہ جیسے مخلوط علاقوں میں بھی مسلمانوں اور غیر مسلموں کے لیے الگ الگ گلیاں اور کوارٹر تھے۔

لاہور کی طرف ہجرت کے ساتھ ساتھ، شہر کے اندر ہی آبادی میں نمایاں تبدیلیاں ہوئیں۔ فصیل والے شہر سے باہر آباد ہونے والے پہلے امیر ہندو تھے، جو کرشن نگر، نسبت روڈ، سنت نگر اور سنگھ پورہ جیسے متوسط ​​طبقے کے مضافات کے ساتھ ساتھ ماڈل ٹاؤن میں منتقل ہو گئے، جہاں ان کی دو تہائی ملکیت تھی۔ نو آبادیاتی حکمرانی کے اختتام تک، اس ہجرت نے شہر کو موثر طریقے سے تین الگ الگ حصوں میں تقسیم کر دیا تھا۔ سماجی، اقتصادی اور اس کی ساختی اور مقامی ترتیب میں۔ لاہور میں بھی دوسرے خطوں کی طرح ’روایتی‘ مذہبی تنازعات کی ایک طویل تاریخ ہے۔ تاہم، یہ تنازعات عام طور پر قابل انتظام تھے اور نو آبادیاتی حکمرانی کے آخری مہینوں تک شدید تشدد میں تبدیل ہو چکے تھے۔

لاہور شہر میں فرقہ ورانہ فسادات کی سماجی تشکیلات نو آبادیاتی پالیسی کا نتیجہ تھی جس نے تقسیم ہند اور تقسیم پنجاب کے وقت انگریز بیوروکریسی کی سرپرستی میں جلاؤ گھیراؤ کو بڑھاوا دیا۔ آج ڈیجیٹل ایج میں بھی لاہور کی سماجی تقسیم انھی اُصولوں پر قائم ہے جس کی بنیاد انگریزوں نے رکھی تھی۔ لاہور جو سیاسی تحریکوں کا مرکز رہا، اب یہاں سے نئی تحریکیں برپا ہونے میں یہاں کا سماجی ڈھانچہ رکاوٹ بن گیا ہے۔

Facebook Comments HS