آخر کیوں؟
ایک غلطی آپ کی زندگی تباہ کر سکتی ہے اور ایک اچھا کام آپ کی زندگی بنا بھی سکتا ہے لیکن ان کا کیا جو غلطی کیے بغیر غلطی کی سزا کاٹتے ہیں؟
ان والدین کا کیا جو اپنی بیٹیوں کو پر دینے کے بعد وہ پر کاٹ دیتے ہیں، ان والدین کا کیا جو اپنی بیٹیوں کو بغیر کسی سوال کے اس پر یقین کر کے کہیں بھی بھیج دیتے تھے لیکن ایسا کیا ہوتا ہے کہیں جانے کا نام لے تو ہزار سوال اٹھتے ہیں اس لڑکی پر۔ جبکہ گناہ نہ بھی کیا ہو تو ایسا لگتا ہے پتا نہیں کتنا بڑا گناہ کر بیٹھی ہے، ان والدین کا کیا جو اپنی بیٹیوں کو آزادی دیتے ہیں لیکن ایسا کیا ہوتا ہے جو وہ آزادی بھی چھین لی جاتی ہے کیوں دکھائے جاتے ہیں آزادی کے خواب؟
آخر کیوں؟
آخر کیوں ہر بات شادی پر ختم ہوتی ہے؟ کیوں شادی ہی ہر مسئلے کا حل ہے؟ جبکہ لڑکی کی کوئی غلطی نہیں۔ کیوں اسے غلط سمجھا جاتا ہے؟
آخر کیوں؟
بیٹیوں پر پابندی لگانے والے کبھی بیٹوں سے بھی پوچھ لیا کریں۔ ان سے تو کوئی نہیں پوچھتا کہ کہاں گئے تھے؟ کس کے ساتھ تھے؟ اتنی دیر کیوں لگائی؟ اگر بیٹی وہی کام کرے تو قیامت کیوں ٹوٹ پڑتی ہے؟
آخر کیوں؟
کیا لڑکی ہونا جرم ہے؟
کیا لڑکی کو چھپا کر رکھنا چاہیے؟
دکھ تو اس بات کا ہے کہ جب اپنے ہی اٹھ کر سوال کرنے لگتے ہیں، دکھ تو تب ہوتا ہے جب آپ پر کوئی یقین نہیں کرتا، دکھ تو تب ہوتا ہے جب آپ نے کچھ نہ کیا ہو لیکن آپ کی کوئی نہیں سنتا۔
آخر کیوں؟
کیا لڑکی ہونا گناہ ہے؟
میں نے تو سنا تھا کہ لڑکی، بیٹی رحمت ہوتی ہے تو لوگ کیوں بھول جاتے ہیں؟ کیوں ہر مسئلے کی جڑ لڑکی کو سمجھا جاتا ہے۔
آخر کیوں؟
اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی اس کا ہے کیا؟
وہ لڑکی جو ہر وقت خوش رہتی تھی پھر وہ کبھی خوش نہیں ہو پاتی، ہر کسی سے بات کرنے والی آج کسی سے بات نہیں کرتی۔
آخر کیوں؟
ایک غلط فہمی اس کی زندگی تباہ کر کے رکھ دیتی ہے لیکن کیا اس سے کوئی پوچھتا ہے؟ جب اس جہاں میں اپنے، اپنے نہیں رہتے تو غیروں سے کیا شکوہ۔ ان کے مطابق لڑکی کو پڑھاؤ، آزاد کرو جب وہ کچھ خواب دیکھ لے تو وہ آزادی چھین لو، پھر وہ کیوں نہ سوچے کہ ایسی زندگی سے بہتر موت ہے۔
آخر کیوں؟
کیا یہ ہے زندگی لڑکی کی؟
کون بولے گا اس پر ؟
لوگ کیوں نہیں سمجھتے کہ لڑکی ایک رحمت ہے، کسی کی بیٹی ہے، بہن ہے، ماں ہے۔
آخر کیوں؟


