کیتھارسس (Catharsis)


کیتھارسس ایک یونانی لفظ ”کیتھاروس“ سے اخذ ہوا ہے جس کے معنی ہیں: ”صاف کرنا، پاک کرنا، کسی مضر شے کو اپنے وجود سے نکال دینا۔“ (یا) ”جذبات و احساسات کو کسی اور شکل میں بدل کر ذہن سے خارج کرنا۔“
نفسیات میں اس اصطلاح کا تعلق خاص طور پر دبے ہوئے صدمے کے اظہار سے ہے۔

کسی بھی قسم کے پیچیدہ جذبات جیسے کہ اضطراب، خوف، غصہ، پچھتاوا اور صدمہ وغیرہ، وقت کے ساتھ شدید اور مشکل احساسات پیدا کرنے کا سبب بنتے ہیں۔ ایک خاص موڑ پر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جذبات کی شدت اور ہنگامہ آرائی ہے اور یہ سب ہم پر غلبہ پا رہا ہے۔ لوگ یہاں تک محسوس کرتے ہیں جیسے وہ ”پھٹنے“ جا رہے ہیں جب تک وہ اپنے مضر صحت جذبات کو خارج کرنے کا کوئی مناسب راستہ خود تلاش نہیں کر لیتے۔

اپنے ہی جذبات سے بھاگنا یا ان کو دبانا (جو عارضی طور پر نمٹنے کی حکمت عملی میں عام ہے ) ”جذباتی بے حِسی“ اور ”ذہنی امراض“ کا باعث بن سکتا ہے۔ خود کو نقصان پہنچانا بھی ایک انتہائی خطرناک نقطہ نظر ہے۔ آخر میں، اس کیفیت سے مقابلہ کرنے کے طریقہ کار کے طور پر ”تنہائی“ کو ترجیح دی جاتی ہے۔ مگر یہ سب افسردگی اور مایوسی کو جنم دیتا ہے۔

یہ اصطلاح قدیم یونانیوں کے زمانے سے استعمال ہو رہی ہے، لیکن ”سگمنڈ فرائیڈ“ (Sigmund Freud) کے ساتھی ”جوزف بریور“ (Josef Breuer) نے علاج کی تکنیک کو بیان کرنے کے لیے اس اصطلاح کو ”دیوانہ پن“ (Hysteria) کے علاج میں استعمال کیا۔ ان کے علاج میں مریضوں کو ”مصنوعی خواب آور کیفیت“ (Hypnosis) کے دوران تکلیف دہ تجربات یاد کروانا شامل تھا۔ شعوری طور پر جذبات کا اظہار کرتے ہوئے (جو طویل عرصے سے دبائے گئے تھے ) ، ”جوزف بریور“ نے جانا کہ اس کے مریضوں کو ان کی علامات سے راحت ملی ہے۔

”سگمنڈ فرائیڈ“ کا بھی یہی خیال تھا کیتھارسس پریشانی کی علامات کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اپنی کتاب ”اسٹڈیز آن ہسٹیریا“ (Studies on Hysteria) میں سگمنڈ فرائیڈ اور جوزف بریور نے کیتھارسس کی تعریف کچھ اس طرح کی ہے :

”کسی پیچیدگی کو شعوری بیداری میں یاد کرنے اور اظہار کی اجازت دے کر اسے کم کرنے یا ختم کرنے کا عمل کیتھارسس ہے۔“

اس نظریہ کے ماننے والوں کا استدلال ہے کہ:

غصے کا اظہار کرنا کیتھارٹک ہے، یہ جذبات کو آزاد کرنے میں مدد دیتا ہے اور جذباتی ترقی کو آسان بناتا ہے۔

نتیجتاً، ایسے افراد جو پُرتشدد یا جارحانہ رویوں میں مشغول ہوں یا ان کا مشاہدہ کرتے ہوں، ان کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی غیر واضح مایوسیوں سے منسلک ”نفسیاتی بوجھ“ کو کم کرتے ہیں۔

کیتھارسس میں ایک طاقتور جذباتی جزو شامل ہے جس میں مضبوط احساسات کو پہلے محسوس کیا جاتا ہے اور اس کا اظہار کیا جاتا ہے، نیز ایک علمی جز بھی شامل ہوتا ہے جس میں فرد نئی بصیرت حاصل کرتا ہے۔

مضر جذبات و احساسات کو نامناسب طریقے سے ظاہر کرنے کے بجائے، صحت مند طریقے سے خارج کیا جا سکتا ہے، جن میں سے چند درج ذیل ہیں :

* بول کر اظہار کرنا
* لکھنا
* رونا
* فن تخلیق کرنا
* فن سے محضوظ ہونا
* رضاکارانہ خدمات پیش کرنا
* ورزش، واک
* جسمانی سرگرمیاں
* مراقبہ
* فطرت کے قریب وقت گزارنا
* اپنی غلطیوں کا اعتراف کرنا
* غیر ضروری اشیاء پر احتیاط کے ساتھ، غصہ نکالنا

(جیسے کہ: کاغذ کو پھاڑ کر ٹکڑوں میں تقسیم کرنا، کپڑے یا کاغذ کے گولے بنا کر دیوار کی جانب پھینکنا، لکڑی کے بورڈ کو توڑنا، نرم گیند کے ساتھ کھیلنا)

* سائیکو ڈرامہ تھیراپی وغیرہ۔

کیتھارسس کا عمل کامیاب ہونے پر، علمی بصیرت اور مثبت تبدیلیوں کا سبب بنتا ہے۔ نفسیاتی نظریے کے مطابق، یہ ”جذباتی رہائی“ لاشعوری تنازعات کو دور کرنے سے منسلک ہے۔ خود کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ مضر اور منفی جذبات و احساسات پر قابو پانے کا پر اثر طریقہ ہے۔

امن، تنازعات کی عدم موجودگی نہیں ہے بلکہ پُر امن طریقوں سے تنازعات سے نمٹنے کی صلاحیت ہے۔ امن و سکون اور خوشیوں کو بیرونی عوامل میں تلاش کرنے کے بجائے، اپنے اندر پیدا کرنا زیادہ سود مند ثابت ہو سکتا ہے۔

Facebook Comments HS