پاکستان ایک نازک موڑ پے
آج ہم ایک ایسے وقت میں جمع ہیں جب ہمارا وطن عزیز پاکستان ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے۔ ایک ایسا موڑ جہاں ہمارے فیصلے، ہمارے مستقبل کا تعین کریں گے۔ میں آپ کے سامنے ان چیلنجز اور مشکلات پر بات کرنا چاہتا ہوں جو ہمارے ملک کو درپیش ہیں اور اس بات پر غور کرنا چاہتا ہوں کہ ہمیں اس صورتحال کا مقابلہ کیسے کرنا ہے۔
سب سے پہلے، میں سیاسی بحران پر بات کرنا چاہوں گا۔ ہماری سیاست میں ایک گہری تقسیم پیدا ہو چکی ہے، جس نے ملک کو عدم استحکام کی جانب دھکیل دیا ہے۔ آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے لیے ہر ممکن حربہ استعمال کر رہی ہیں، جب کہ عوام کی فلاح و بہبود کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے۔ کسی بھی پولیٹیکل پارٹی کے پاس عوام کو درپیش مسائل کے بارے میں سوچنے کا وقت نہیں۔ پارلیمان کی بے حسی، حکومتی اداروں کی کمزوری، اور طاقتور حلقوں کی مداخلت نے ہمارے جمہوری نظام کو کھوکھلا کر دیا ہے۔ ہمیں سوچنا ہو گا کہ کیا ہم ایک مضبوط جمہوریت کی طرف بڑھ رہے ہیں، یا پھر ہمیں کسی اور راستے پر ڈال دیا گیا ہے؟ اس کے ساتھ ساتھ، ہم ایک بڑے اقتصادی بحران کا بھی شکار ہیں۔ روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔ بے روزگاری کا طوفان اٹھ رہا ہے اور عام آدمی کی زندگی دن بدن مشکل ہوتی جا رہی ہے۔ ہمارے پاس وسائل کم ہیں، مگر قرضوں کا بوجھ بڑھتا جا رہا ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی شرائط نے ہمارے خود مختاری کو چیلنج کیا ہے۔ آج ہمارے ماہر معاشیات یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ ”ہم اپنے ادارے بیچنا چاہتے ہیں اور کوئی ان کو لینے کے لیے تیار نہیں“ ۔ اور آخر کار نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ ایک ادارے کو بیچنے کے لیے ساتھ میں ایک ادارہ ”فری“ میں دینے کو تیار ہیں مگر پھر بھی کوئی اس ملک میں آنے کو تیار نہیں۔ آج ہم سب کو یہ سوال پوچھنا ہو گا کہ ہم اپنی معیشت کو کیسے مستحکم کریں گے؟ کیا ہم اپنے وسائل کا درست استعمال کر رہے ہیں یا پھر ہمیں اپنے معاشی منصوبوں پر نظرثانی کرنی ہوگی؟
سماجی سطح پر بھی حالات کچھ بہتر نہیں ہیں۔ ہماری تعلیم کا نظام برباد چکا ہے، صحت کے شعبے میں نا اہلی اور بدعنوانی نے عوام کو مایوس کر دیا ہے۔ غربت کا گراف اوپر جا رہا ہے اور امیر اور غریب کے درمیان فرق بڑھتا جا رہا ہے۔ نوجوانوں کے پاس نوکری کے مواقع کم ہیں اور مایوسی زیادہ۔ کیا ہم نے سوچا ہے کہ ہماری آنے والی نسلیں کس مستقبل کا سامنا کریں گی؟ کیا ہم انہیں ایک بہتر پاکستان دے سکیں گے؟
بین الاقوامی سطح پر بھی ہمیں کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ بھارت کے ساتھ کشیدگی، افغانستان کی بدلتی صورتحال، چین کے ساتھ اقتصادی وابستگی اور امریکہ کے ساتھ تعلقات میں اتار چڑھاؤ نے ہماری خارجہ پالیسی کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔ ہمیں ایک مضبوط، آزاد اور متوازن خارجہ پالیسی کی ضرورت ہے تاکہ ہم بین الاقوامی سطح پر اپنے مفادات کا تحفظ کر سکیں۔ اور مزے کی بات یہ ہے کہ ایک مضبوط اور آزاد خارجہ پالیسی پچھلے 77 سالوں میں پاکستان کو میسر نہیں آئی۔ جب دیکھو یہی سننے کو ملا کہ پاکستان ایک نازک موڑ سے گزر رہا ہے۔
میرے عزیزو! جہاں ہمیں اپنے فیصلوں میں دور اندیشی، بصیرت اور حکمت سے کام لینا ہو گا۔ یہ وقت ہے کہ ہم اپنی غلطیوں سے سیکھیں، ماضی کو بھول کر مستقبل کی جانب دیکھیں، اور ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کریں جو مضبوط، خود مختار اور خوشحال ہو۔
ہمیں اپنی سیاست کو اصلاحات کی طرف لے جانا ہو گا، اپنی معیشت کو مستحکم کرنا ہو گا، اور اپنی سماجی پالیسیوں کو درست سمت میں گامزن کرنا ہو گا۔ اگر ہم نے آج کے چیلنجز کا سامنا جرات مندی اور اتحاد سے کیا، تو یقیناً ہمارا پاکستان ایک روشن اور مستحکم مستقبل کی جانب گامزن ہو گا۔ نہیں تو جیسے 77 سالوں سے ہوتا آ رہا ہے آگے بھی ہوتا رہے گا۔ اور یہ نازک موڑ کبھی اپنے اختتام کو نہیں پہنچے گا۔

