عمران خان اور جہانگیر ترین کیخلاف نااہلی ریفرنس خارج


چیف الیکشن کمیشنر نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری اور محمد خان ڈاہا کی جانب سے عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف دائر درخواستوں کو خارج کردیا۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان نے فیصلہ پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے دونوں رہنماؤں کے خلاف ریفرنس ناقابل سماعت ہے۔

تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے بدنیتی پر مبنی ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجا تھا جو الیکشن کمیشن نے خارج کر دیا ہے اس لئے اسپیکر قومی اسمبلی کو فوری طور پر معطل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج حق اور سچ کی فتح ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے عمران خان اور جہانگیر کے خلاف ریفرنس الیکشن کمیشن میں بھیجا تھا۔ الیکشن کمیشن نے تقریباً 6 ماہ تک کیس کی دو درجن سے زائد سماعتیں کیں۔