نوبل انعام کیا ہے؟
دنیا کے سب سے بڑے اعزازات میں سے ایک، نوبل انعام، صرف ایک ٹرافی یا سرٹیفکیٹ نہیں بلکہ ان غیر معمولی ذہنوں کی پہچان ہے جنہوں نے اپنی سوچ، محنت، اور لگن سے دنیا کو نئی راہوں پر گامزن کیا۔ یہ انعام اُن افراد کو دیا جاتا ہے، جن کی کاوشوں نے نہ صرف سائنس اور ادب میں انقلاب برپا کیا ہو بلکہ انسانیت کی بھلائی اور امن کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہو۔
اگرچہ نوبل انعام کے ساتھ ایک خطیر رقم بھی جیتنے والوں کو دی جاتی ہے لیکن زیادہ تر لوگ اس انعام کی امید پیسے کے لیے نہیں بلکہ اعزاز پانے کے لیے کرتے ہیں۔
نوبل انعام کی ابتدا سویڈن کے مشہور سائنسدان اور موجد الفریڈ نوبل کی وصیت سے ہوئی، جنہوں نے اپنی دولت کو انسانی ترقی کے فروغ کے لیے وقف کیا۔ 1901 سے شروع ہونے والا یہ انعام، ہر سال ان افراد کو دیا جاتا ہیں جن کی کاوشوں نے دنیا کو ایک بہتر جگہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
نوبل انعام کے بارے میں ایک کہانی مشہور ہے جس کے مطابق الفریڈ نوبل نے ایک فرانسیسی اخبار میں اپنی ہی وفات کی خبر پڑھی، جس کا عنوان تھا ”موت کا تاجر مر گیا“ اور یہ خبر اسے حیران کر گئی۔ دراصل، نوبل کا بھائی لوڈویگ فوت ہوا تھا۔ اس خبر نے نوبل کو پریشان کیا اور اسے اس بات کا احساس دلایا کہ مرنے کے بعد اسے کس طرح یاد کیا جائے گا۔ یہ کہانی نوبل کی وصیت میں تبدیلی کا باعث بنی۔ بعض مؤرخین اسے ایک افسانہ قرار دیتے ہیں۔ 10 دسمبر 1896 کو الفریڈ نوبل اٹلی کے شہر سان ریمو میں اپنی حویلی میں دماغی شریان پھٹنے سے فوت ہو گئے۔ اس وقت ان کی عمر 63 سال تھی۔
اپنی آخری وصیت انہوں نے اپنی وفات سے ایک سال قبل تیار کی تھی اور 27 نومبر 1895 کو پیرس میں سویڈش۔ نارویجن کلب میں اس پر دستخط کیے تھے۔ اس وصیت نے سب کو حیران کر دیا کیونکہ نوبل نے اپنی دولت کا 94 % حصہ، نوبل انعامات کے قیام کے لیے مختص کیا۔ وصیت پر شکوک و شبہات کی وجہ سے 26 اپریل 1897 کو ناروے کی پارلیمنٹ نے اس کی منظوری دی۔
وصیت کے نفاذ کے لیے رگنار ساہلمن اور روڈولف للجقوسٹ کو نامزد کیا گیا، جنہوں نے نوبل فاؤنڈیشن قائم کی تاکہ دولت کی دیکھ بھال کی جا سکے اور انعامات کی تقسیم کا انتظام کیا جا سکے۔
اپنی وصیت میں الفریڈ نوبل نے مخصوص اداروں کو ان انعامات کا ذمہ دار مقرر کیا جن کا قیام وہ چاہتے تھے : طبیعیات اور کیمسٹری کے نوبل انعام کے لیے رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز، فزیالوجی یا طب کے نوبل انعام کے لیے کارولنسکا انسٹیوٹ، ادب کے نوبل انعام کے لیے سویڈش اکیڈمی اور نوبل امن انعام کے لیے پانچ افراد کی کمیٹی، جسے نارویجن پارلیمنٹ منتخب کرے گی۔
1968 میں سویڈن کے مرکزی بینک نے الفریڈ نوبل کی یاد میں معاشیات کو بھی اس میں شامل کیا۔ 1969 سے معاشیات میں نوبل انعام کے فاتحین کا انتخاب بھی رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز کے ذمے ہے۔
نوبل انعام جیتنے والے افراد کو انعام میں ایک گولڈ میڈل، ڈپلومہ اور خطیر انعامی رقم دی جاتی ہیں۔
طبیعیات، کیمسٹری، فزیالوجی یا طب اور ادب کے میڈلز کے سامنے والے حصے ایک جیسے ہوتے ہیں، جن پر الفریڈ نوبل کی تصویر اور ان کی پیدائش اور وفات کے سال کندہ ہوتے ہیں۔ امن انعام اور اقتصادیات کے میڈل کے سامنے والے حصے پر بھی نوبل کی تصویر ہوتی ہے، مگر ڈیزائن میں معمولی فرق ہوتا ہے۔
1980 سے پہلے بننے والے تمام میڈلز 23 کیرٹ سونے سے بنائے گئے تھے۔ لیکن بعد ہر میڈل کے وزن اور سونے کی مقدار میں سونے کی قیمت کے ساتھ ساتھ بدلاؤ ہونے لگا، اوسطاً ہر میڈل کا وزن تقریباً 175 گرام ہوتا ہے۔ میڈل کا قطر 66 ملی میٹر اور موٹائی 5.2 ملی میٹر سے 2.4 ملی میٹر تک ہوتی ہے۔
نوبل انعام یافتہ افراد کو دیا جانے والا ڈپلومہ خصوصی طور پر تیار کیا جاتا ہے، جس میں ایک تصویر اور سویڈش زبان میں متن ہوتا ہے جو فاتح کا نام اور عام طور پر انعام حاصل کرنے کی وجہ بیان کرتا ہے۔
نوبل انعام جیتنے والے افراد کو انعامی رقم بھی دی جاتی ہے۔ اس انعامی رقم کا انحصار نوبل فاؤنڈیشن کی اس سال کی مالی حالت پر ہوتا ہے۔ 2009 میں، انعامی رقم تقریباً 1.4 ملین امریکی ڈالر تھی۔ اگر کسی زمرے میں دو فاتحین انعام بانٹتے ہوں، تو انعامی رقم دونوں کے درمیان برابر تقسیم ہوتی ہے۔ اگر تین فاتح ہوں، تو کمیٹی کے پاس یہ اختیار ہوتا ہے کہ انعامی رقم کو برابر تقسیم کرے، یا ایک کو نصف اور باقی دونوں کو ایک ایک چوتھائی دے۔ اکثر فاتحین اپنی انعامی رقم کو سائنسی، ثقافتی یا انسانی فلاحی مقاصد کے لیے عطیہ کرتے ہیں۔
سوائے امن کے نوبل انعام کے، تمام نوبل انعامات سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں سالانہ انعامی تقریب میں 10 دسمبر کو پیش کیے جاتے ہیں، جو الفریڈ نوبل کی برسی کا دن ہے۔ فاتحین کے لیکچرز عام طور پر انعامی تقریب سے پہلے کے دنوں میں منعقد کیے جاتے ہیں۔ امن انعام اور اس کے فاتحین کے لیکچرز ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں سالانہ انعامی تقریب میں پیش کیے جاتے ہیں، جو عموماً 10 دسمبر کو ہوتی ہے۔
اسٹاک ہوم میں نوبل فاتحین سویڈن کے بادشاہ سے اپنا انعام وصول کرتے ہیں۔ اوسلو میں نارویجن نوبل کمیٹی کے چیئرمین نوبل امن انعام پیش کرتے ہیں۔
نوبل فاؤنڈیشن کے قواعد کے مطابق، ہر فاتح کو اپنے انعام کے موضوع سے متعلق ایک عوامی لیکچر دینا ہوتا ہے۔ یہ لیکچرز عام طور پر نوبل ہفتے کے دوران منعقد کیے جاتے ہیں (جس کا آغاز فاتحین کی اسٹاک ہوم آمد سے ہوتا ہے ) ، لیکن یہ لازمی نہیں ہے۔ فاتح کو صرف انعام وصول کرنے کے چھ ماہ کے اندر لیکچر دینا ضروری ہوتا ہے۔


