مادیت کی دوڑ اور عصر حاضر کے انسان کا المیہ
آج دنیا میں ہر طرف شور ہی شور ہے، سڑکوں پہ دوڑتی گاڑیوں کا شور، کارخانوں اور فیکٹریوں کا شور، ٹیکنالوجی کا شور، اور ہمارے ذہنوں میں برپا جذبات کا شور، سب مل کر ایک ایسی بے چینی کو جنم دیتے ہیں جس میں سکون ناپید ہو چکا ہے۔ آج کا انسان ایک ایسے دور سے گزر رہا ہے جہاں مادی ترقی اور خود غرضانہ خواہشات نے جذباتی اور انسانی رشتوں کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ زندگی کی دوڑ میں ہم نہ صرف دوسروں سے بلکہ خود سے بھی دور ہوتے جا رہے ہیں۔ یہ وہ عہد ہے جہاں انسان کی گہرائی کھو گئی ہے، اور ہم سب ایک سطحی زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
مادی ترقی اور ٹیکنالوجی نے ہماری رفتار کو تیز تر مگر ہماری روحانی زندگی کو بے جان کر دیا ہے۔ ہر شخص ایک دوسرے سے مقابلہ کرنے میں مصروف ہے، اپنے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کی دوڑ میں ہم نے اس حقیقت کو فراموش کر دیا ہے کہ زندگی محض انعامات، کامیابیوں اور عیش و عشرت کا نام نہیں ہے۔ ہم بڑی جدوجہد سے زندگی کو اس کے اصل مقصد سے دور کر چکے ہیں اس لیے اب ہم ہر قدم پر خود کو تنہا محسوس کرنے لگے ہیں۔ انسانی رشتے، جو کبھی زندگی کی بنیاد ہوا کرتے تھے، اب بوجھ بن گئے ہیں۔ دلوں کے درمیان فاصلے بڑھتے جا رہے ہیں۔ ہماری یہ دوڑ صرف ہمارے سماجی رشتوں کو نہیں، بلکہ ہمارے جذباتی تعلقات کو بھی ختم کر رہی ہے۔ آج کے انسان کو کسی دوست یا ساتھی کے پاس بیٹھنے کا موقع بھی نہیں ملتا، وہ اپنی تنہائی میں قید ہو چکا ہے۔
دنیا کی رفتار جتنی تیز ہو رہی ہے، اتنی ہی زندگی کے معانی گھٹتے چلے جا رہے ہیں۔ ہم نے سکون کو موبائل کی سکرین میں تلاش کرنا شروع کر دیا ہے، لیکن وہ سکون، جو کبھی ہم اپنے اردگرد لوگوں سے، قدرت کی خوبصورتی سے، اور دل کی سچائیوں سے حاصل کرتے تھے، اب دھندلا چکا ہے۔ ایک خاموشی ہے جو دلوں پہ چھائی ہوئی ہے، اور ایک بوجھ ہے جو ذہنوں کو دبائے جا رہا ہے۔
جدید انسان کی سب سے بڑی ناکامی یہ ہے کہ اس نے اپنے اندر کے انسان کو کھو دیا ہے۔ اس کی نظر صرف کامیابی اور پیسے کے پیچھے بھاگتی ہے، مگر وہ بھول چکا ہے کہ اصل کامیابی دل کے سکون میں ہے۔ جذبات کی گہرائیوں کو چھوڑ کر، ہم سطحی اور مادی زندگیوں میں کھو گئے ہیں۔ ہمیں اب دوسروں کی فکر نہیں رہی، یہاں تک کہ ہم اپنے جذبات کو بھی محسوس کرنے سے قاصر ہیں۔ یہی وہ لمحہ ہے جب انسان خود سے بھی بیگانہ ہو جاتا ہے۔
آج کی دنیا ایک ایسی دنیا ہے جہاں زندگی کی رنگینیوں کے باوجود دلوں میں اداسی اور بے سکونی ہے۔ ہم اپنے رشتوں کو، اپنی جذباتی زندگی کو اور اپنے آپ کو نظرانداز کرتے جا رہے ہیں۔ جس محبت، ہمدردی اور اخلاص نے کبھی انسانیت کو مضبوط رکھا، وہ جذبات اب مادیت کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ لوگ اب ایک دوسرے کے ساتھ کم وقت گزارتے ہیں، دل کی باتیں بانٹنے کے لمحات کم ہو چکے ہیں، اور انسانی رشتے سطحی ہو گئے ہیں۔ یہ تنہائی، یہ جذباتی خلا، انسان کو اندر سے کھوکھلا کر رہا ہے۔ بے سکونی کی اس دنیا میں، انسان خود سے سوال کرتا ہے کہ آخر وہ کیا کھو رہا ہے؟ جواب یہ ہے کہ ہم نے وہ لمحے کھو دیے ہیں جنہیں ہم دل کی گہرائیوں سے محسوس کرتے تھے، وہ رشتے جو ہمیں جذباتی سکون دیتے تھے، اور وہ خاموشی جس میں سکون تھا۔ آج کے انسان کو شور میں دفن کر دیا گیا ہے۔
لیکن اس سب کے باوجود، کہیں نہ کہیں انسان کے اندر ایک چھپی ہوئی امید ہے، ایک جستجو کہ وہ واپس اس سکون کی تلاش میں جا سکے۔ شاید یہ سکون ان لمحات میں پوشیدہ ہے جب ہم خاموش بیٹھ کر زندگی کی چھوٹی چھوٹی خوشیوں کو محسوس کرتے ہیں۔ شاید یہ سکون ایک مسکراہٹ میں ہے جو کسی غمگین چہرے پر لائی جا سکتی ہے، یا کسی کی مدد کرنے میں ہے۔ یہ سکون صرف مادیت میں نہیں، بلکہ انسانیت کے سادہ اور سچے جذبات میں چھپا ہوا ہے۔ یہ وقت ہے کہ ہم ایک لمحے کے لیے رکیں، اور خود سے سوال کریں کہ کیا ہم واقعی وہ بن چکے ہیں جو ہم بننا چاہتے تھے؟ کیا یہ کامیابیاں، یہ ترقیاں، ہمیں وہ خوشی دے رہی ہے جس کی ہمیں تلاش تھی؟ اگر جواب نہیں ہے، تو شاید وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنی زندگی کو نئے سرے سے دیکھیں اور پرکھیں، اور ان لمحوں کی قدر کریں جو واقعی اہم ہیں۔
زندگی کی حقیقی خوبصورتی اس کی سادگی اور خلوص میں پنہاں ہے، اور سچی خوشی تب ملتی ہے جب ہم خود کو مصنوعی پابندیوں سے آزاد کر کے دل کی سچائیوں کے ساتھ جیتے ہیں۔ یہ دنیا محض چمک دمک، شہرت یا شور و غل کا نام نہیں، بلکہ وہ خاموش لمحے اور سچے جذبات ہیں جن میں سکون پوشیدہ ہوتا ہے۔ آج کا انسان، جو ہر لمحہ بے سکونی کی گرفت میں ہے، شاید یہ بھول چکا ہے کہ حقیقی خوشی ان چھوٹے چھوٹے لمحات میں ہے جو دکھاوے سے پاک، محبت سے بھرپور اور دل کی گہرائیوں سے محسوس کیے جاتے ہیں۔ یہ خوشی کہیں باہر نہیں، بلکہ ہمارے اندر ہی موجود ہے، بس اسے تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔


Interesting perspective