سانحہ مال روڈ کے سہولت کار کا باپ اور 3 بھائی بھی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے


لاہور کی انسداددہشت گردی کی عدالت میں مال روڈ خودکش حملے کے مرکزی سہولت کار انوار الحق کے باپ اور 3 بھائیوں کو پیش کیا گیا، سی ٹی ڈی پولیس نے عدالت میں مؤقف دیا کہ ملزمان میں سانحہ چئیرنگ کراس کے مرکزی سہولت کار ملزم انوار الحق کے 3 بھائی اور والد شامل ہے۔ پولیس نے بتایا کہ چاروں ملزمان کے قومی شناختی کارڈ میں غلط معلومات درج ہیں جب  کہ چاروں ملزمان کے قومی شناختی کارڈ پر تاریخ پیدائش یکم جنوری درج ہے اور خاندان کے تمام افراد نے مختلف اوقات میں شناختی کارڈ بنوائے۔

پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان نے چئیرنگ کراس دھماکے میں سہولت کار کا کردار ادا کیا لہذٰا انہیں مزید تفتیش کے لئے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحے کے مرکزی ملزم انوار الحق کے 3 بھائیوں وحیداللہ، ابوہرہرہ اور عبداللہ جب کہ ان کے باپ فضل الرحمان کو 30 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

واضح رہے کہ لاہور کے مال روڈ پر خودکش حملے میں ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن (ر) احمد مبین اور ایس ایس پی زاہد گوندل سمیت 13 افراد شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جب کہ شہدا میں زیادہ تر پولیس اہلکار شامل تھے اور ملزم انوار الحق کو سی سی ٹی ویڈیو کی مدد سے گرفتار کیا گیا تھا جس پر خود کش حملہ آور کی معاونت کا الزام ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).