مشہور فلسفی روسو کی زندگی کے حیران کن پہلو


آپ سب نے مشہور مفکر ژاں ژاک روُسّو کے متعلق ضرور سنا ہو گا۔ روشن خیالی کی نوید سنانے والے، فرانسیسی انقلاب کے بانی سمجھے جانے والے اور 18 ویں صدی کے مشہور فلسفی ژاں ژاک روُسّو کی زندگی میں ایک ایسا افسوسناک پہلو بھی تھا جس نے اُن کی زندگی اور شخصیت پر سوالات اُٹھائے۔ روسو، جو اپنے نظریات اور خیالات سے معاشرتی تبدیلیاں لانے کے خواہاں تھے، نے بچوں کی تعلیم اور تربیت پر بے پناہ زور دیا اور اپنی معروف کتاب ایمیلی میں بچوں کی مناسب پرورش اور تعلیم کے اہمیت پر مفصل گفتگو کی، وہ ہم کسی اور دن اس پر گفتگو کریں گے۔

رُوسّو کا ماننا تھا کہ معاشرتی ترقی اور انسانی فلاح کا دار و مدار اسی بات پر ہے کہ بچوں کی تربیت صحیح طور پر کی جائے۔ لیکن حقیقت میں روسو کی اپنی زندگی میں ایک ایسی بات سامنے آئی جس نے اُن کے نظریات اور عمل کے درمیان واضح تضاد کو ظاہر کر دیا۔ روسو اور اُن کی ساتھی تھریس لیواسیر کے پانچ بچے پیدا ہوئے۔ مگر افسوس کہ فلسفیانہ اصولوں کی تشہیر کرنے والے روسو نے اپنے بچوں کو خود پالنے کی بجائے پیدا ہوتے ہی انہیں پیرس کے ایک یتیم خانے میں بھیج دیا، جہاں بچوں کی نگہداشت اور بقا کی شرح انتہائی کم تھی۔

اُس دور میں یتیم خانوں میں بچوں کی موت ایک عام سی بات تھی، اور یوں روسو کے بچے بھی اُن حالات میں پلنے لگے جہاں زندہ بچنا مشکل تھا۔ یہ ایک خطرناک اور احمقانہ فیصلہ تھا۔ روسو کا یہ اقدام اُس وقت بھی لوگوں کی نظر میں شدید تنقید کا نشانہ بنا، اور آج بھی اُن کے کردار پر سوالات اُٹھائے جاتے ہیں، اور والٹئر نے بھی شدید تنقید کی۔ روسو نے خود اپنے اس فیصلے کی وضاحت کرنے کی کوشش کی اور کہا کہ غربت، غیر یقینی معاشی صورتحال اور اُن کے فلسفیانہ کام نے اُنہیں بچوں کی پرورش کرنے اور کفالت کرنے سے روکا۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ ایک اچھے باپ کا کردار ادا کرنے کے قابل نہ تھے، اس لیے انہوں نے اپنے بچوں کو یتیم خانے میں بھیج کر یہ سمجھا کہ وہ اُن کے لیے بہتر فیصلہ کر رہے ہیں، لیکن وہ ان بچوں کی پیدائش میں وجہ بن کر انہیں دنیا میں لاکر، پھر یتیم خانہ بھیج کر اپنی ذمہ داری سے کیسے سبکدوش ہوسکتے ہیں؟

لیکن یہ وضاحت اُن کی شخصیت کے تنازعات کو ختم نہ کر سکی، اور اُن کے اس عمل کو ان کے خیالات اور تحریروں کے ساتھ تضاد کے طور پر دیکھا گیا۔ روسو کے اس قدم نے اُن کی ساکھ پر ایک گہرا اثر ڈالا اور اُن کی سوچ اور عمل کے درمیان موجود فرق کو ظاہر کیا۔

Facebook Comments HS