گلیڈیٹر میکسمس اور عمران خان کی جدوجہد
آزادی کی جنگ کبھی آسان نہیں ہوتی۔ یہ وہ کٹھن راستہ ہے جو جرات، قربانی، اور غیر متزلزل عزم کا تقاضا کرتا ہے۔
فلم ”گلیڈیٹر Gladiator“ کا وہ مشہور منظر یاد آتا ہے، جب میکسمس، جو کبھی ایک عظیم جنرل تھا اور جسے بادشاہ اپنی سلطنت سونپنے کا ارادہ رکھتا تھا، حالات کی ستم ظریفی کا شکار ہوتا ہے۔ وقت کی طاقتور پی ڈی ایم اس کے خاندان کو برباد کر دیتی ہے، اور میکسمس کو جیل کی تنگ دیواروں میں قید کر دیا جاتا ہے۔ بعد میں، وہ غلام بنا کر فروخت کر دیا جاتا ہے اور بالآخر ایک دن اس کی یقینی موت کا تماشا دیکھنے اس نہتے کو میدان جنگ میں لایا جاتا ہے۔ یہ وہی میدان ہے جہاں اس کی شکست کو یقینی سمجھا جاتا ہے، ایک ایسی تصویر جو بظاہر نا امیدی اور بے بسی کا منظر پیش کرتی ہے۔ مگر یہی وہ لمحہ ہے جب اس کا مالک اسے ایک زریں نصیحت کرتا ہے،
Win the crowd, win your freedom
یہ جملہ صرف ایک ہدایت نہیں، ایک فلسفہ ہے۔ میکسمس میدان میں اترتا ہے، اور تماشائیوں کی چیخ و پکار کے بیچ اپنی آنکھوں میں ایک عزم لیے، وہ لڑائی کی ہر ضرب کو، ہر وار کو اپنے خون سے سینچتا ہے۔ وہاں موجود بادشاہ، جرنیل، وزراء اور اشرافیہ، سب کی نظریں اس پر جمی ہوتی ہیں، سب اس کی شکست کا تماشا دیکھنے کے منتظر ہوتے ہیں، مگر کچھ پرانے دل جانتے ہیں کہ یہ جنگ محض تلواروں کی نہیں، جذبے کی ہے۔
یہ منظر ہمیں عمران خان کی سیاسی جد و جہد کی یاد دلاتا ہے۔ جب وہ اس سیاسی دنگل میں داخل ہوا، حالات اس کے مخالف تھے۔ طاقتور طبقے، اقتدار کے ایوان، سب اس کی شکست کی پیشگوئیاں کرتے۔ لیکن، جیسے میکسمس کی طرح عمران خان بھی ایک فلسفے کو جینے آیا تھا۔ کہ اگر عوام کا دل جیت لو، تو تم اقتدار کے اس کھیل کے سب سے بڑے حریف بن جاؤ گے۔ اس کا ہر لفظ، ہر تقریر، ایک وار تھا، اس کا ہر عمل ایک جذبہ۔
میکسمس جب خون میں لت پت، تھکا ہارا، میدان میں کھڑا ہوتا ہے تو آخری لمحے میں عوام کی آواز بادشاہ کی طاقت کو شکست دے دیتی ہے۔ یہ وہ لمحہ ہے جہاں ایک غلام اپنے دل کی جیت سے، لوگوں کی محبت سے، اپنی آزادی لے لیتا ہے۔ عمران خان کی جدوجہد میں بھی، ہر لمحہ یہی فلسفہ کارفرما ہے کہ جب عوام کی محبت تمہارے ساتھ ہو، تو چاہے حکمران کتنے ہی مضبوط ہوں، عوام کی فتح ہی اصل فتح ہے۔
میکسمس کی داستان ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ آزادی کی اصل جنگ صرف میدانوں میں تلواروں کی چکا چوند سے نہیں لڑی جاتی، بلکہ یہ دلوں کی گہرائیوں میں اٹھنے والے طوفان سے جیتی جاتی ہے۔ یہ ایک ایسی جنگ ہے جس کی راہوں پر ہر قدم ایک آزمائش، ہر سانس ایک قربانی، اور ہر لمحہ ایک امتحان ہوتا ہے۔ جب کوئی فرد سچائی اور خلوص کی مشعل لے کر میدان میں اترتا ہے، تو اس کی جنگ محض ایک ذاتی بقا کی جنگ نہیں رہتی، بلکہ وہ انسانیت کے اس ابدی سفر کی نمائندگی کرتا ہے جس میں عظمت کا راز عوام کی محبت اور ان کی حمایت میں پوشیدہ ہوتا ہے۔
عمران خان کی سیاسی جد و جہد بھی اسی حقیقت کی آئینہ دار ہے۔ جب وہ میدان سیاست میں اترا، اس کے سامنے تخت و تاج کی بازیگری تھی، طاقتوروں کی چالیں اور سیاست کی تاریک راہیں تھیں۔ مگر وہ جانتا تھا کہ اگر دلوں کی بستیوں میں اپنی جگہ بنا لی جائے، تو زمانے کی زنجیریں بھی پگھل سکتی ہیں۔ یہ وہ فلسفہ ہے جو میکسمس اور عمران خان کی جدوجہد کو ایک ابدی رشتے میں باندھتا ہے، جسے نہ وقت مٹا سکتا ہے، نہ تاریخ بھلا سکتی ہے۔ حقیقت میں، اصل فتح وہی ہے جو عوام کی آنکھوں کی چمک اور ان کے دل کی دھڑکنوں میں دکھائی دیتی ہے، جہاں آزادی ایک خواب نہیں بلکہ حقیقت بن کر سانس لیتی ہے۔


