کیا سیاست ایک سوشل سرگرمی ہے؟

سیاست لفظ ایک وسیع معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔ سیاست کا تعلق معاشرے سے ہوتا ہے۔ سیاست ایک معاشرتی عمل ہے۔ ایک ایسی سرگرمی ہے جس میں افراد ایک دوسرے کے ساتھ مل کر مشغول ہوتے ہیں۔ جس میں افراد ایک دوسرے کے ساتھ مل کر معاشرتی مسائل کے حل کے لیے کوششیں کرتے ہیں۔ جس میں افراد مل کر معاشرتی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھاتے ہیں۔ سیاست انفرادی عمل نہیں بلکہ اجتماعی عمل ہے۔ جس میں معاشرے کے تمام افراد ملتے ہیں۔
مثال کے طور پر آج بھی ہمارے معاشروں میں جرگہ، پنچایت اور معرکہ جیسی مختلف شکلوں میں یہ سرگرمی موجود ہے۔ کسی گاؤں میں کوئی چوری ہو جائے تو تمام اہالیان علاقہ مل بیٹھ کر لائحہ عمل طے کرتے ہیں۔ جب کوئی قتل ہو جائے تو علاقے میں بیٹھک ہوتی ہے۔ جس میں قتل کے محرکات معلوم کرنے کی کوششیں ہوتی ہے۔ فریقین کے درمیان راضی نامے کے اوپر بات چیت ہوتی ہے۔ مستقبل میں قتل عام روکنے کے لیے اہالیان علاقہ مشترکہ طور پر اقدامات اٹھاتے ہیں۔ یوں سیاست ایک معاشرتی سرگرمی کا نام ہے۔ جس میں معاشرے کے اندر اجتماعیت کو فروغ ملتا ہے۔ ہمارے بچپن میں گاؤں میں چوری ہوئی تو گاؤں کے تمام لوگوں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ ہر گھر سے ایک فرد ہفتہ وار چوکیداری کرے گا اس طرح گاؤں کو محفوظ بنانے کے لئے ایک مشترکہ ذمہ داری اور معاشرتی سرگرمی شروع کی گئی۔
کچھ لوگ تنقیدی سوالات پوچھ رہے ہیں۔ کہ کیا یہ صرف ایک ایسی سرگرمی ہے جس میں دو سے زیادہ لوگ مصروف ہیں؟ اگر ایسا ہے تو کیا ہر وہ چیز جو سماجی بھی ہے، سیاسی بھی ہے؟ کیا کرکٹ، والی بال اور فٹ بال کا کھیل یا شاپنگ سیاسی ہے؟ اگر سیاست ایک مکالمہ ہے تو کیا ہر گفتگو سیاسی ہے؟ اس کے برعکس، کیا سیاست کبھی یک زبان نہیں ہوتی؟ کیا ہمیشہ بات چیت ہونی چاہیے؟ اور کیا بات چیت کے طور پر خاص طور پر کون اہل ہے؟ کیا پارلیمانی بحث کے دوران ایک دوسرے پر چیخنے چلانے والے سیاست دان مکالمے کے اہل ہیں؟ یا کیا وہ ایک دوسرے کے خیالات سے جڑے بغیر محض چیخ رہے ہیں، اور اس وجہ سے حقیقت میں سیاست نہیں کر رہے ہیں؟ سیاست کہیں بھی ظاہر ہو سکتی ہے۔ سیاست لوگوں کو بے وقوف بنانے کا نام نہیں۔ لوگوں کے حقوق کے نام پر ذاتی مفادات کا حصول سیاست نہیں۔ بلکہ سیاست ایک عوامی کوشش ہے اور معاشرتی سرگرمی ہے۔ کسی چیز کے عوامی ہونے کے لیے، اسے عوامی میدان میں ہونے کی ضرورت نہیں۔ کسی عمل کی سیاسی حیثیت عوامی یا نجی میدان میں اس کے مقام پر نہیں بلکہ اس کے عوامی رجحان پر منحصر ہے۔ مثال کے طور پر، کوئی کتاب پڑھنے یا فلم دیکھنے کے عمل کو لیجیے جس پر حکومت نے سنسر یا پابندی لگا دی ہے۔ ایسی کتاب کو کسی چائے خانے میں پڑھنا یقیناً ایک سیاسی سرگرمی ہوگی۔
المختصر ہم کہہ سکتے کہ سیاست ایک سوشل سرگرمی کا نام ہے۔ جس کا مقصد معاشرے میں اصلاح، تبدیلی، بہتری اور ترقی ہے۔

