لاہور ائرپورٹ پر پبلک ٹرانسپورٹ کا فقدان

دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں ٹرانسپورٹ کا نظام اس طرح ڈیزائن کیا جاتا ہے کہ عوام کو اہم مقامات جیسے ریلوے اسٹیشن، ہسپتال، لاری اڈے، یونیورسٹیاں اور ائرپورٹس تک باآسانی رسائی حاصل ہو۔ یہ نہ صرف وقت اور پیسے کی بچت کرتا ہے بلکہ سفر کو آسان اور آرام دہ بھی بناتا ہے۔ لیکن بدقسمتی سے، لاہور جیسے بڑے شہر میں، جہاں لاکھوں لوگ روزانہ سفر کرتے ہیں، اس قسم کی منصوبہ بندی کا شدید فقدان نظر آتا ہے۔
لاہور کا علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ ایک اہم مقام ہے، جہاں روزانہ ہزاروں مسافر آتے اور جاتے ہیں۔ کسی وقت یہاں پبلک ٹرانسپورٹ موجود تھی، لیکن اب صورتحال یہ ہے کہ مسافروں کو اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے مہنگی ٹیکسی یا رکشہ کرنا پڑتا ہے۔ یہ نہ صرف مسافروں کی جیب پر اضافی بوجھ ڈال رہا ہے بلکہ ایک ایسے نظام کی عدم موجودگی کو ظاہر کرتا ہے جو عوامی ضروریات کو مدنظر رکھ سکے۔
ممکنہ حل اور تجاویز
1۔ 23 نمبر بس کا روٹ ائرپورٹ تک بڑھایا جائے : یہ بس ٹھوکر نیاز بیگ سے بھٹہ چوک تک جاتی ہے۔ اگر اس کا آخری سٹاپ ائرپورٹ کر دیا جائے تو یہ نہ صرف مسافروں کے لیے آسانی پیدا کرے گا بلکہ علاقے کے مکینوں کے لیے بھی مفید ہو گا۔
2۔ ریلوے اسٹیشن اور لاری اڈے کی بسوں کے روٹس میں تبدیلی: ریلوے اسٹیشن اور لاری اڈہ سے آر اے بازار جانے والی متفرق بسوں میں سے کم از کم ایک بس کا روٹ ائرپورٹ سے گزرنے والا بنایا جائے۔ اس سے مختلف علاقوں کے مسافر ائرپورٹ تک براہ راست پہنچ سکیں گے۔
3۔ رنگ روڈ پر میٹرو اور اورنج لائن کو شٹل سروس سے جوڑنا: رنگ روڈ پر میٹرو بس اور اورنج لائن کے سٹاپ بنا کر ان کو ائرپورٹ کی شٹل سروس کے ساتھ جوڑا جائے۔ یہ جدید اور مربوط نظام عوام کو تیز اور آسان سفری سہولت فراہم کرے گا۔
یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ لاہور جیسا بڑا شہر، جو ایک ثقافتی، تجارتی اور تعلیمی مرکز ہے، کیوں اس بنیادی ضرورت سے محروم ہے؟ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ عوام کے مسائل کو سنجیدگی سے لے اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
پبلک ٹرانسپورٹ ایک جدید شہر کی ریڑھ کی ہڈی ہوتی ہے۔ لاہور کے ائرپورٹ کو شہر کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنا نہ صرف ایک ضروری اقدام ہے بلکہ یہ شہر کے مسافروں کی زندگیوں میں آسانی اور خوشحالی کا باعث بھی بنے گا۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ اس مسئلے پر فوری توجہ دیں اور لاہور کو ایک مربوط اور جدید سفری نظام فراہم کریں۔

