پاکستان انقلاب کے دہانے پر


دنیا کے بڑے انقلابات کو دیکھا جائے تو ایک بات واضح ہوتی ہے کہ انقلاب لانے میں ہمیشہ مڈل کلاس کے لوگوں کا کردار اہم رہا۔ انقلاب فرانس سے پہلے فرانسیسی حکمرانوں کی شاہ خرچیاں، کرپشن، اقربا پروری اور بدانتظامی جب عروج پر پہنچی تو عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا۔ تب کوئی طاقت عوامی تحریک کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈال سکی۔ مملکت خداداد پاکستان میں گزشتہ 77 سالوں سے جو کرپشن، اقربا پروری، بدانتظامی جاری ہے اس نے اس ملک کے ہر شہری کو باغی بنا دیا ہے۔

اس وقت پاکستان میں 64 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ جن میں اکثریت مڈل کلاس سے تعلق رکھتے ہیں۔ مڈل کلاس لوگوں کو سب سے زیادہ مصائب و مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بنیادی ضروریات زندگی کے لیے سب سے زیادہ تگ و دو یہی لوگ کرتے ہیں۔ ملک میں لاقانونیت، بدانتظامی، بدامنی، مہنگائی روز بروز بڑھ رہی ہے۔ انصاف کا حصول مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے۔ ان حالات نے ملک کے نوجوانوں کو باغی بنا دیا ہے کیونکہ ان نوجوانوں کو روزگار اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی میسر نہیں۔ جو بچے 90 اور 2000 کی دہائی میں بڑے ہوئے ہیں۔ جنہوں نے ملک میں جمہوریت کے نام پر بدترین فسطائیت اور آمریت دیکھی۔ جن بچوں نے بچپن سے کرپشن کی کہانیاں سنیں وہ ملک میں جمہوریت لانا چاہتے تھے وہ ملک میں مساوات لانا چاہتے تھے وہ ملک میں برابری لانا چاہتے تھے۔ عمران خان کی صورت میں ایک لیڈر ملا مگر قابض مافیا نے اس لیڈر کے خلاف ہر سطح پر محاذ بنایا۔

افسوس عمران خان کو صاف ستھری اور قابل ٹیم نہ ملی بلکہ فرسودہ نظام کے فرسودہ روایات کے مطابق نالائق، ڈرپوک اور مفاد پرست لوگ ملے۔ جنہوں نے عمران خان کے مشن کو ناکام بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ لیکن دوسری طرف مڈل کلاس نوجوان طبقہ ملک میں انقلاب کا خواہاں ہے۔ آج ملک کے نوجوان ملک میں انقلاب سے کم کسی بھی قدم پر کمپرومائز نہیں کرتے۔ فوجی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کسی لیڈر نے نہیں کیا بلکہ ان نوجوانوں نے خود شروع کیا اور ان کے نتائج بھیانک اور خوفناک ہیں۔ یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ پاکستانی نوجوان ملک میں انقلاب کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہیں۔ اب بھی وقت ہے کہ حکومت وقت ملک میں جمہوریت کی بحالی، انصاف کے حصول اور معاشی برابری کے لیے عملی اقدامات اٹھائے اس سے پہلے کہ بارود پھٹ جائے۔ نہ رہے گا بانس نہ بجے گی بانسری۔