مینگو کے بانی کی الٹی حرکتیں
14 دسمبر کو مشہور عالم برانڈ mango ( مینگو) کا بانی آئزک اینڈک بارسلونا کے قریب کوہ پیمائی کرتے ہوئے، ایک چٹان سے گرا اور خالق حقیقی سے جا ملا۔
عجیب یہودی تھا خود ہی سازش کا شکار ہو گیا۔ ویسے تو ہمارے محلے کے شیخ، شیخ ازپیئر فرماتے ہیں کہ تمام یہودی جہنمی ہیں۔ ہمارے یہاں یہودیوں کا بارہواں قبیلہ پٹھان پائے جاتے ہیں۔ یہودی اور پٹھان کبھی بھکاری نہیں بنتے، جہاں جاتے ہیں چھا جاتے ہیں اور کاروبار کی دنیا کے بے تاج بادشاہ ہیں۔ اسی لئے مجھے ان دونوں اقوام پر شدید غصہ آتا ہے۔
تو حضور والا! حضرت آئزک اکہتر سال کی عمر میں کوہ پیمائی کر رہے تھے۔ اللہ پوچھے! اچھا ہوا پہاڑ سے گرا، ان مغربیوں کو ایسے ہی نشان عبرت بننا چاہیے۔ ابے سالے تم اکہتر سال کی عمر میں پہاڑ چڑھ رہے ہو۔ ادھر ہم پاکستانیوں کی 30 سال کی عمر میں سڑک پر چہل قدمی کرتے ہوئے جوڑ دکھ جاتے ہیں اور ٹخنے سوجھ جاتے ہیں۔ کیا بے ہودگی ہے بھائی؟ کیا کھاتے ہیں یہ مغربیے؟
ستر سال کی عمر میں اللہ اللہ کیا جاتا ہے۔ ہمارے یہاں ایک اچھے شہری کا حیاتی چکر (life circle) یہ ہے۔
ا۔ 5 سے 25 سال تک نمبروں کے حصول کی مشقت۔
ب۔ 25 سے 30 سال تک دفتر میں خوشامدانہ پالیسی تاکہ ترقی ملے۔
ج۔ 50 سے 70 سال تک بچوں کی شادیاں اور نماز روزے کا اہتمام تاکہ جنت کی ٹکٹ بک کرائی جا سکے۔
بابا جی! گھر میں آرام کریں، نوکروں سے ٹانگیں دبوائیں، بہو سے کھیر بنوائیں، شوگر بلڈ پریشر کی دوائیاں لیں، ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کا پیسہ بنوائیں۔ یہ ہوتا ہے مومنانہ طرزِ حیات۔ کیا پاگل مغربیہ تھا آئزک، پہاڑ پر چڑھ رہا تھا۔ سبق مل گیا نا پہاڑ سے گر کے۔
کہتے ہیں آئزک کی دولت 4.5 بلین ڈالر تھی۔ اتنی دولت! او بھائی اتنے میں تم کتنے ہی پلاٹ، کتنی زرعی زمین اور کئی گھر بنوا سکتے تھے۔ مگر اس خبطی بڈھے کا شوق تھا بحری کشتیاں۔ اس کے پاس 175 فٹ لمبی yacht بنام nirvana کے تھی جس میں یہ سمندری ہواؤں کے مزے لیتا تھا۔ ہمارے ملک کے بزنس ٹائیکون صاحب چلنے سے قاصر ہیں اور سیاسی رہنما اپنی اولاد کو عظیم مسلم رہنما بنانے کے لئے رشوتیں دے رہے ہیں۔ یہ ہوتا ہے دولت کا درست استعمال۔
یہ خبطی یہودی نہ سیاست، نہ رشوت، نہ ملکی دولت کی لوٹ مار، نہ بیرون ملک جائیدادیں۔ یہی سوچ کر دل سے دعا نکلتی ہے! یا مولا اسلام کے دشمنوں کو شکست فاش دے۔ ال یہود کی توپوں میں کیڑے ڈال، آمین ثم آمین۔

