سیلز کا گیم پلان: سیلز کا کھیل ہے کیا؟


sajid mehmood chohan

سیلز کو اکثر لوگ ایک غیر منظم اور اتفاقی عمل سمجھتے ہیں، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ سیلز ایک مکمل سسٹم ہے جو نہایت منظم اور منصوبہ بندی پر مبنی ہوتا ہے۔ ایک کامیاب سیلز کا دار و مدار اس کے ہر مرحلے پر ہوتا ہے، اور اگر کوئی ایک مرحلہ بھی نظرانداز ہو جائے، تو پورا عمل متاثر ہو سکتا ہے۔ جیسے کسی مشین کے اگر تمام پرزے صحیح کام کریں تو مشین بہترین نتائج دیتی ہے اور اگر ہزار پرزوں کی مشین ہو تو صرف چند پرزوں کے بغیر مشین شاید کام بھی نہ کر سکے، ویسے ہی سیلز کے ہر مرحلے کی اہمیت اپنی جگہ مسلم ہے۔

سیلز کا آغاز لیڈ جنریشن سے ہوتا ہے، جس میں ممکنہ کسٹمرز کی تلاش کی جاتی ہے۔ یہ کسٹمر مختلف ذرائع سے حاصل کیے جا سکتے ہیں، جیسے سوشل میڈیا، ریفرلز، یا فزیکل مارکیٹ وزٹس وغیرہ کے ذریعے۔ لیڈ جنریشن کے بغیر سیلز کا عمل شروع ہی نہیں ہو سکتا، اور یہ وہ مرحلہ ہے جہاں سے تمام کامیابی کا سفر شروع ہوتا ہے۔ اس کے بعد پراسپیکٹنگ کا مرحلہ آتا ہے، جس میں لیڈز کو اس بات کے لیے جانچا جاتا ہے کہ آیا وہ واقعی آپ کی پروڈکٹ یا سروس خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں یا نہیں۔ کسٹمر سے براہ راست سوالات کر کے ان کی ضروریات اور دلچسپی کو سمجھنا ضروری ہوتا ہے تاکہ وقت اور وسائل کا ضیاع نہ ہو۔

جب کسٹمر کی دلچسپی کا اندازہ ہو جائے، تو تیاری کا مرحلہ شروع ہوتا ہے۔ اس مرحلے میں سیلز پرسن کسٹمر کے حوالے سے مکمل تحقیق کرتا ہے اور ان کے مسائل اور ضروریات کو سمجھ کر ایک پیشہ ورانہ انداز میں اپنے آپ کو پیش کرنے کی تیاری کرتا ہے۔ یہ تیاری کسٹمر کے اعتماد کو جیتنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ اس کے بعد کسٹمر سے پہلا رابطہ قائم کیا جاتا ہے، جو سیلز کے عمل میں انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ رابطہ کولڈ کالنگ، ای میل، یا براہ راست ملاقات کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔ کسٹمر پر پہلا تاثر قائم کرنے کے لیے خوش اخلاقی اور اعتماد سے بات کرنا ضروری ہے۔

کسٹمر کے ساتھ رابطے کے بعد ، اگلا مرحلہ پریزنٹیشن کا ہوتا ہے، جس میں سیلز پرسن اپنی پروڈکٹ یا سروس کو اس انداز سے پیش کرتا ہے کہ یہ کسٹمر کی ضرورت اور مسائل کا حل نظر آئے۔ اس دوران پروڈکٹ کے فائدے اور اس کی افادیت پر زور دیا جاتا ہے۔ کسٹمر کو یقین دلانا ضروری ہے کہ آپ کی پروڈکٹ ان کے لیے کیوں ضروری ہے۔ اکثر سیلز کے دوران کسٹمر کے اعتراضات سامنے آتے ہیں، جیسے قیمت زیادہ ہونے یا دوسری آپشنز پر غور کرنے کے حوالے سے۔ ان اعتراضات کو مثبت انداز میں سننا اور ان کے حل پیش کرنا سیلز کے عمل میں کامیابی کی کنجی ہے۔

سیلز کے مراحل میں سب سے اہم مرحلہ معاہدہ طے کرنا یا سیلز کلوز کرنے کا ہوتا ہے، جہاں کسٹمر کو خریداری کے فیصلے پر آمادہ کیا جاتا ہے۔ اس کے لیے کسٹمر کو آسان آپشنز فراہم کیے جاتے ہیں اور انہیں فیصلہ لینے میں مدد دی جاتی ہے۔ اگر آپ نئے سیلز پرسن ہیں، تو اس مرحلے پر اپنے سینئرز یا مینٹور سے رہنمائی لینا مددگار ہو سکتا ہے۔ ایک بار سیلز مکمل ہو جائے، تو کسٹمر سے رابطے میں رہنا اور ان کے تجربے کے بارے میں جاننا بھی بہت ضروری ہے۔ یہ فالو اپ آپ کے کسٹمر کے ساتھ طویل مدتی تعلق قائم کرنے میں مدد کرتا ہے اور رپیٹ بزنس کے مواقع پیدا کرتا ہے۔

سیلز ایک سائنس اور ایک سسٹم ہے، جو ہر مرحلے کو یکساں اہمیت دینے کا تقاضا کرتا ہے۔ اگر آپ اس سسٹم کو سمجھ کر اس پر عمل کریں، تو آپ نہ صرف ایک کامیاب سیلز پرسن بن سکتے ہیں بلکہ کسٹمرز کے ساتھ مضبوط تعلقات بھی قائم کر سکتے ہیں۔ یہ عمل آپ کے کاروبار کو مستقل ترقی کی راہ پر گامزن کرے گا اور آپ کو ایک مستند اور قابلِ بھروسا پروفیشنل کے طور پر پہچانے جانے کا موقع دے گا۔

Facebook Comments HS