بے روزگاری


بے روزگاری کیا ہے۔

انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے مطابق انسان کی اس حالت کو بے روزگاری کہتے ہیں جب اسے روزگار میسر نہ ہو اور وہ ایک ماہ سے روزگار تلاش کر رہا ہو اور اسے روزگار نہ ملے۔ بے روزگاری کی شرح پاکستان میں آٹھ فیصد سے زیادہ ہے ایک سروے کے مطابق پاکستان میں 66 لاکھ سے زیادہ نوجوان بے روزگار ہیں۔

بے روزگاری ایک انتہائی سنگین مسئلہ ہے جس سے معاشرتی برائیاں جنم لیتی ہیں۔

بے روزگاری ہمارے معاشرے کا ایک ایسا روگ ہے جو بے شمار جرائم پھیلنے کا سبب بن رہا ہے نوجوانوں کو اچھی تعلیم کے ساتھ اچھا روزگار فراہم کیا جائے تو جرائم کی شرح میں کافی حد تک کمی ہو سکتی ہے مگر۔ افسوس کہ بے روزگاری کی شرع میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو جرائم میں اضافے کا بھی باعث بن رہا ہے۔ آج کل جدھر دیکھیں بے روزگاری کا رونا رویا جاتا ہے اور حالات کی ستم ظریفی ہے کہ نامور تعلیمی اداروں سے پڑھے لکھے نوجوانوں کے چہرے پر بھی بے یقینی اور ناکامی کا لیبل سجا ہے۔

بے روزگاری میں اضافے کی وجوہات میں بہت سارے عوامل شامل ہیں۔ مثلاً ملک کی معیشت کی حالت، سیاسی اور معاشرتی عدم استحکام، کرپشن جیسا ناسور، تعلیم کا عملی میدان سے ہم آہنگ نہ ہونا۔ آبادی میں بے انتہا اضافہ جو موجودہ وسائل کو بہت بری طرح متاثر کر رہا ہے اور ہم اس میں مسلسل اضافہ کیے جا رہے ہیں۔ اور آبادی پر کنٹرول کے نام پر بے فائدہ پالیسیاں بناتے ہیں ہمارے ہاں صنعتی شعبہ کی ترقی بھی نہ ہو پائی جو روزگار کا بڑا سبب ہے۔ ٹیکنالوجی کے بڑھتے استعمال سے بھی روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

بے روزگاری کی وجہ سے معاشرے پر بے انتہا برے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ مثلاً غربت میں بے انتہا اضافہ، معاشرے میں عدم مساوات، نوجوانوں میں مایوسی، اور اس کے نتیجے میں ذہنی مسائل، سماجی طور پر بدامنی اور جرائم میں اضافہ۔ بے روزگاری معیشت پر بھی بوجھ بنتی ہے اور ملک سے ذہین اور ہنر مند افراد کا اخراج ہو جاتا ہے۔ پاکستان میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری ایک سنگین مسئلہ ہے جو فوری توجہ طلب ہے۔ بے روزگاری سے مسائل بڑھتے ہیں۔

روزگار کی عدم دستیابی سے مایوسی اور اضطراب بڑھتے ہیں۔ بلاوجہ کے لڑائی جھگڑے بڑھتے ہیں۔ پاکستان کی حکومت کی عدم توجیہی کی وجہ سے معیشت مستقل خسارے میں جا رہی ہے دوسرے ملکوں کے مقابلے میں پاکستان میں انٹرنیٹ کے ذریعے کام کے مواقع بھی کم ہیں اور جو لوگ کر رہے ہیں ان کو بھی کافی زیادہ مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ حکومت پاکستان کو اب بہت زیادہ ایسے موثر اور دیرپا اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جو روزگار کو بڑھائیں۔

ہنرمند تعلیم سائنس اور ٹیکنالوجی کی تعلیم کو عام کریں۔ ہمارے ملک میں زراعت سے متعلق جدید طریقوں سے کسان کو روشناس کرائیں اور جدید مشینری انہیں فراہم کریں۔ اپنی پیداوار میں اضافہ کریں نئی صنعتیں لگائیں اور اپنے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار فراہم کریں۔ مہنگائی میں کمی آنے سے غربت میں بھی کمی واقع ہو جائے گی۔ آن لائن کمانے کے طریقوں کو فروغ دیا جائے تاکہ لوگ گھر بیٹھے کما سکیں۔ آبادی کنٹرول کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔

موثر اقدامات اور پالیسیوں کے ذریعے اس مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے اور ان اقدامات اور پالیسیوں پر عمل درآمد سے ملک کے نوجوان ہی نہیں ملک اور ملک کی معیشت بھی ترقی کریں گے۔

Facebook Comments HS