جب یاہو نے گوگل کو 10 لاکھ ڈالر میں خریدنے سے انکار کیا
دنیا میں کچھ کہانیاں ایسی ہیں جو کامیابی سے شروع ہو کر ناکامی پر ختم ہوتی ہیں اور ان کہانیوں میں سبق چھپے ہوتے ہیں جو کاروباری افراد، طلبا اور پروفیشنلز کے لیے رہنما اصول بن سکتے ہیں۔ یاہو کی کہانی بھی انہی میں سے ایک ہے۔ 1990 کی دہائی میں، یاہو انٹرنیٹ کی دنیا کا بادشاہ تھا۔ یہ وہ ویب سائٹ تھی جسے ہر انٹرنیٹ صارف نے اپنی پہلی پسند کے طور پر چنا۔ میں جب خود 90 کی دہائی میں بی سی ایس کر رہا تھا تو یاہو اور ہاٹ میل ہی استعمال کرتا تھا۔ لیکن آج، یہ کمپنی تاریخ کے اوراق میں دفن ہو چکی ہے اور اس کی جگہ گوگل اور فیس بک جیسے پلیٹ فارمز نے لے لی ہے۔
1990 کی دہائی میں یاہو کا عروج قابلِ دید تھا۔ 2000 تک، یہ کمپنی 50 کروڑ ایکٹیو کنزیومرز، 125 بلین ڈالر کی مارکیٹ ویلیو اور 36 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ انٹرنیٹ کی دنیا پر راج کر رہی تھی۔ لیکن پھر 1998 میں ایک چھوٹا سا اسٹارٹ اپ ”گوگل“ میدان میں آیا اور آ کر بھونچال برپا کر دیا۔ یاہو کے پاس گوگل کو صرف 10 لاکھ ڈالر میں خریدنے کا موقع تھا، لیکن انہوں نے اس پیشکش کو مسترد کر دیا۔ یہی نہیں، 2006 میں یاہو نے فیس بک کو خریدنے کی کوشش کی لیکن قیمت کم لگا کر یہ ڈیل خراب کر دی۔ یہ وہ لمحات تھے جہاں یاہو اپنی سب سے بڑی غلطیاں کر رہا تھا۔
2007 میں، یاہو نے $ 6.7 بلین ڈالر کا ریونیو کمایا، جو ظاہر کرتا ہے کہ اس کے پاس اب بھی طاقت تھی۔ لیکن قیادت کی کمی، جدید تقاضوں کو نظر انداز کیا جس میں موبائل ٹیکنالوجی کو نظرانداز کرنا اور صارفین کی بدلتی ضروریات کو نہ سمجھنے کی وجہ سے یاہو کی بنیادیں کمزور ہونے لگیں۔ مائیکروسافٹ نے یاہو کو خریدنے کے لیے $ 44 بلین کی پیشکش کی، لیکن اس موقع کو بھی ضائع کر دیا گیا۔ اور آخر کار، ویرائزن نے یاہو کو محض $ 4.8 بلین ڈالر میں خرید لیا۔
یاہو کی ناکامی کی ایک بڑی وجہ اس کے غلط فیصلے تھے۔ سولہ سال میں کمپنی نے 7 چیف ایگزیکٹو بدلے اور ہر قیادت نے ایک نئی سمت میں کمپنی کو لے جانے کی کوشش کی۔ اس کے علاوہ، یاہو نے Broadcast.com ($ 5.7 بلین ڈالر) اور Tumblr ($ 1.1 بلین ڈالر ) جیسی ناکام کمپنیوں پر سرمایہ کاری کی، جو کمپنی کی مالی حالت کو مزید نقصان پہنچانے کا سبب بنیں۔
یہ کہانی صرف ایک ناکامی نہیں بلکہ ایک سبق ہے، خاص طور پر پاکستانی کاروباری حلقوں اور نوجوان طلبا کے لیے۔ یاہو کی کہانی ہمیں سکھاتی ہے کہ کامیابی کو برقرار رکھنے کے لیے کیا ضروری ہے :
1۔ ہمیشہ نئی تبدیلیوں کو قبول کریں اور بدلتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے ساتھ خود کو ہم آہنگ رکھیں۔
2۔ طویل مدتی ترقی کے لیے سمجھداری سے فیصلے کریں، کیونکہ ایک غلط فیصلہ پوری کمپنی کو تباہ کر سکتا ہے۔
3۔ اپنی بنیادی صلاحیتوں پر توجہ مرکوز رکھیں اور غیر ضروری کاموں میں وقت ضائع نہ کریں۔
4۔ صارفین کی ضروریات کو گہرائی سے سمجھیں اور ان پر فوری ردِ عمل دیں۔
5۔ قیادت کو مستحکم اور مستقل رکھیں تاکہ کمپنی کے لیے واضح حکمتِ عملی بنائی جا سکے۔
6۔ سرمایہ کاری کرتے وقت دانشمندی کا مظاہرہ کریں اور غیر ضروری خریداریوں سے گریز کریں۔
7۔ ڈیٹا کا درست استعمال کریں تاکہ جدت کو فروغ دیا جا سکے اور مقابلے میں آگے رہا جا سکے۔
8۔ موبائل اور دیگر ڈیجیٹل ٹرینڈز کو فوراً اپنانا ضروری ہے، کیونکہ مارکیٹ تیزی سے بدل رہی ہے۔
9۔ بڑھتے ہوئے مقابلے کے خلاف تیزی سے ردِ عمل دیں اور اپنی حکمت عملی کو اپ ڈیٹ رکھیں۔
10۔ ایک واضح ویژن اور مضبوط حکمت عملی کو برقرار رکھیں تاکہ کامیابی برقرار رہ سکے۔
یاہو کی کہانی پاکستانی نوجوانوں کے لیے ایک رہنما ہے۔ یہ بتاتی ہے کہ مواقع کو وقت پر پہچاننا کتنا ضروری ہے۔ اکثر کاروبار اور طلبا اپنی ماضی کی کامیابیوں پر اکتفا کرتے ہیں، لیکن مستقبل کی کامیابی کے لیے نئی سوچ، جدت اور وقت کے ساتھ قدم سے قدم ملانا لازمی ہے۔
یاہو کی ناکامی ایک ایسی داستان ہے جو ہمیں بتاتی ہے کہ بزنس میں کامیابی کا مطلب صرف عروج حاصل کرنا نہیں، بلکہ اسے برقرار رکھنا زیادہ اہم ہے۔ پاکستانی طلبا اور کاروباری افراد کو چاہیے کہ وہ اپنے اہداف واضح رکھیں، مسلسل سیکھتے رہیں اور بدلتی دنیا کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کریں۔ وقت کے ساتھ نہ چلنے کی قیمت بہت بھاری ہو سکتی ہے، جیسا کہ یاہو کی کہانی ہمیں دکھاتی ہے۔


