ڈیجیٹل سیلز ماڈل اور پاکستانی تاجروں کے لیے رہنمائی
جدید دنیا میں کاروبار کی کامیابی کے لیے سیلز کا ڈیجیٹل ماڈل ناگزیر ہو چکا ہے۔ وہ دور گزر چکا جب محض دُکان پر بیٹھ کر یا روایتی مارکیٹنگ کے طریقوں سے سیلز کی جا سکتی تھی۔ آج کے جدید دور میں کسٹمرز کی رسائی پہلے سے کہیں زیادہ وسیع ہو چکی ہے اور وہ اپنی خریداری کے فیصلے آن لائن ریسرچ، سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ریویوز دیکھ کر کرتا ہے۔ ایسے میں اگر پاکستانی تاجر بھی جدید سیلز ماڈل کو اپنانا چاہتے ہیں تو انہیں اپنی حکمت عملی کو روایتی انداز سے نکال کر ڈیجیٹل دنیا کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ہو گا اس میں روایتی طریقوں کی نفی نہیں ہے بلکہ ان کے ساتھ جدید تقاضوں کو مدِ نظر رکھنا مقصود ہے۔
ڈیجیٹل سیلز ماڈل کی بنیاد آن لائن موجودگی پر ہے۔ اگر آپ کا کاروبار انٹرنیٹ پر موجود نہیں تو سمجھیں کہ آپ بے شمار ممکنہ کسٹمرز سے محروم ہو رہے ہیں۔ آج کا صارف سب سے پہلے اپنی مطلوبہ پروڈکٹ یا سروس کے بارے میں گوگل یا سوشل میڈیا پر سرچ کرتا ہے، اگر وہاں اسے آپ کی کمپنی کا نام یا ویب سائٹ نظر نہ آئے تو وہ کسی اور کے پاس چلا جائے گا۔ اس لیے ہر پاکستانی کاروباری فرد کے لیے ضروری ہے کہ وہ کم از کم ایک پروفیشنل ویب سائٹ یا سوشل میڈیا پیجز ضرور بنائے تاکہ اس کی مصنوعات اور خدمات آن لائن دستیاب ہوں۔
سیلز کے اس نئے ماڈل میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ پہلے زمانے میں کاروبار کے لیے اخبار، بینرز اور ٹی وی کے اشتہارات پر انحصار کیا جاتا تھا، لیکن آج کے دور میں فیس بک، انسٹاگرام، یوٹیوب، ٹک ٹاک اور گوگل ایڈز سب سے موثر اور کم خرچ ذرائع ہیں۔ ان پلیٹ فارمز کے ذریعے نہ صرف کسٹمرز تک براہ راست رسائی حاصل کی جا سکتی ہے بلکہ اشتہارات کو مخصوص ہدفی صارفین (Target Audience) تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر، اگر کوئی پاکستانی تاجر جوتوں کا کاروبار کرتا ہے تو وہ اپنے اشتہارات صرف ان صارفین کو دکھا سکتا ہے جو جوتے خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اس طرح اشتہار بازی کے پیسے ضائع ہونے کے بجائے صحیح صارفین تک پہنچتے ہیں اور سیلز کے مواقع بڑھ جاتے ہیں۔
اکثر آپ نے دیکھا ہو گا کہ آپ کسی چیز کے بارے میں بات کریں تو چند ہی منٹوں پر آپ کے سوشل میڈیا پر اس چیز سے متعلق اشتہارات اور ویڈیوز چلنا شروع ہو جاتی ہیں۔ یہ جدید ٹیکنالوجی Behavioral Tracking اور Targeted Advertising کہلاتی ہے، جو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) اور بگ ڈیٹا کی مدد سے صارفین کی دلچسپیوں اور رویے کا تجزیہ کرتی ہے۔ جب ہم اپنے دوستوں سے جوتوں یا کسی اور پروڈکٹ کے بارے میں بات کرتے ہیں، تو ہمارے موبائل فون کے مائیکروفون اور سمارٹ اسسٹنٹس (جیسے Siri، Google Assistant) ہماری گفتگو سن سکتے ہیں اور وہی معلومات سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور اشتہاری کمپنیوں کو فراہم کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، ہماری سرچ ہسٹری، ویب سائٹ وزٹس اور کلکس کا ڈیٹا بھی ریکارڈ ہوتا ہے، جسے ایڈورٹائزنگ الگورتھمز (Advertising Algorithms) استعمال کرتے ہیں تاکہ ہمارے لیے متعلقہ اشتہارات دکھائے جا سکیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب بھی ہم کسی چیز کے بارے میں بات کرتے یا سرچ کرتے ہیں، تو چند ہی منٹوں میں اس سے متعلق اشتہارات ہمارے فیس بک، انسٹاگرام، اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نظر آنا شروع ہو جاتے ہیں۔
اس ماڈل میں ای کامرس بھی ایک اہم جزو ہے۔ دنیا بھر میں صارفین اب فزیکل دکانوں پر جانے کے بجائے آن لائن خریداری کو ترجیح دے رہے ہیں۔ پاکستان میں بھی یہ رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ دراز، علی بابا اور دیگر ای کامرس پلیٹ فارمز پر بے شمار پاکستانی کاروباری افراد کامیابی سے اپنی مصنوعات سیلز کر رہے ہیں۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر تاجر اپنی ویب سائٹ یا کسی معروف ای کامرس پلیٹ فارم پر اپنی مصنوعات کی فہرست (Product Listing) بنائے تاکہ وہ آن لائن سیلز کے عمل میں شامل ہو سکے۔
سیلز کا جدید ڈیجیٹل ماڈل CRM (Customer Relationship Management) سسٹمز کے بغیر نامکمل ہے۔ پہلے کے مقابلے میں آج کسٹمر کا تجربہ (Customer Experience) بہت زیادہ اہم ہو چکا ہے۔ اگر کوئی کمپنی یا کاروبار کسٹمر کے ساتھ موثر طریقے سے رابطے میں رہنے میں ناکام ہو تو وہ کسٹمرز کو کھو دیتا ہے۔ اسی لیے جدید کاروبار CRM سسٹمز استعمال کرتے ہیں جن کی مدد سے کسٹمرز سے مسلسل رابطہ رکھا جاتا ہے، ان کے سوالات کے جوابات دیے جاتے ہیں اور انہیں وقتاً فوقتاً نئی آفرز کے بارے میں آگاہ کیا جاتا ہے۔ پاکستانی تاجروں کے لیے یہ ایک نیا مگر ضروری رجحان ہے، جسے اپنانے سے وہ اپنی سیلز اور کسٹمر لائلٹی میں نمایاں اضافہ کر سکتے ہیں۔
ڈیجیٹل سیلز ماڈل میں ریویوز اور کسٹمر فیڈبیک کی بھی بہت زیادہ اہمیت ہے۔ آج کا کسٹمر کسی بھی پروڈکٹ کو خریدنے سے پہلے دوسرے صارفین کی آراء ضرور دیکھتا ہے جس کی وجہ سے کسٹمر ریویز کو پڑھتا ہے اس میں کوئی شک نہیں کہ مصنوعی طریقہ سے بھی ریویز تخلیق کیے جاتے ہیں۔ اگر کسی کاروبار کی مصنوعات کے مثبت ریویوز ہوں تو لوگ بلا جھجک خریداری کرتے ہیں، لیکن اگر ریویوز منفی ہوں یا موجود ہی نہ ہوں تو کسٹمر اعتماد نہیں کرتا۔ اسی لیے پاکستانی تاجروں کو اپنے صارفین سے ریویوز لینے پر خاص توجہ دینی چاہیے اور انہیں خوش رکھنے کے لیے بہترین کسٹمر سروس فراہم کرنی چاہیے۔ اب تو دُکانداروں نے اپنے کیش کاؤنٹر پر گوگل ریویز کا کیو آر کوڈ سٹکر رکھا ہوتا ہے جس کو سکین کرنے پر آپ فوراً ریویز سیکشن پر چلے جاتے ہیں۔
ایک اور جدید رجحان ویڈیو مارکیٹنگ ہے۔ ریسرچ سے ثابت ہوا ہے کہ لوگ ویڈیو مواد کو زیادہ دلچسپی سے دیکھتے ہیں اور اس پر زیادہ بھروسا کرتے ہیں۔ اسی لیے یوٹیوب، فیس بک اور انسٹاگرام پر مختصر ویڈیوز بنا کر اپنی مصنوعات اور سروسز کی تشہیر کی جا سکتی ہے۔ پاکستان میں بھی کئی چھوٹے کاروبار ویڈیو مارکیٹنگ کے ذریعے لاکھوں کسٹمرز تک پہنچ رہے ہیں اور یہ ایک ایسا موقع ہے جس سے ہر تاجر فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
اگر پاکستانی تاجر واقعی اپنی سیلز کو بڑھانا چاہتے ہیں تو انہیں ان تمام جدید ذرائع کو اپنانا ہو گا۔ روایتی کاروباری طریقے اپنی جگہ اہم ہیں، لیکن اگر کوئی شخص ڈیجیٹل سیلز ماڈل کو نہیں اپناتا تو وہ مسابقت میں پیچھے رہ جائے گا۔ آج دنیا میں وہی کامیاب تاجر ہے جو ٹیکنالوجی، آن لائن مارکیٹنگ اور کسٹمر کی ضروریات کو سمجھ کر اپنا کاروبار چلاتا ہے۔
پاکستان میں کاروباری طبقے کے لیے ضروری ہے کہ وہ ڈیجیٹل سیلز کے اس ماڈل کو اپنائیں اور اپنی مصنوعات کو عالمی معیار کے مطابق پیش کریں۔ یہ نہ صرف مقامی مارکیٹ میں کامیابی کا سبب بنے گا بلکہ پاکستانی مصنوعات کو بین الاقوامی سطح پر بھی نمایاں کر سکتا ہے۔


