کینیڈین وزیر اعظم نے ملالہ کو اعزازی شہریت دینے کی تصدیق کردی
کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے سوات سے تعلق رکھنے والی ملالہ یوسف زئی کو اعزازی شہریت دینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کہانی عزم و وقار کی داستان ہے، ملالہ نے ہمت و بہادری سے حالات کا مقابلہ کیا اور لڑکیوں کی تعلیم کے لیے ان کی وکالت نے پوری دنیا میں لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا ہے۔ ملالہ یوسف زئی کو کینیڈا کی اعزازی شہریت دینا ہمارے لیے باعث فخر کی بات ہوگی۔
ملالہ یوسف زئی 12 اپریل کو کینیڈا جائیں گی جہاں وہ کینیڈین پارلیمنٹ سے بھی خطاب کریں گی، ملالہ کینیڈین پارلیمنٹ سے خطاب کرنے والی کم عمرترین خاتون ہوں گی۔ اپنے ردعمل میں ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ کینیڈا پناہ گزینوں کی مدد کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہے، کینیڈین پارلیمنٹ کا دعوت نامہ ان کے لیے اعزاز ہے۔
واضح رہے کہ کینیڈین دارالعوام نے اکتوبر 2014 میں ملالہ یوسف زئی کو اعزازی شہریت دینے کا اعلان کیا تھا۔


