فوری خوشی یا پائیدار کامیابی


انسانی رویے اور کامیابی کے درمیان تعلق کو سمجھنے کے لیے کئی نفسیاتی تجربات کیے گئے ہیں۔ انہی میں سے ایک مشہور تجربہ ”مارش میلو تجربہ“ ہے، جسے 1970 کی دہائی میں اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر والٹر مشیل نے انجام دیا۔ اس تجربے میں چھوٹے بچوں کو ایک کمرے میں بٹھایا گیا اور ان کے سامنے ایک مارش میلو رکھا گیا۔ بچوں کو یہ آپشن دیا گیا کہ اگر وہ چاہیں تو مارش میلو فوراً کھا سکتے ہیں، لیکن اگر وہ کچھ دیر صبر کرتے تو انعام کے طور پر انہیں دوسرا مارش میلو بھی ملتا۔

تجربے کے دوران کچھ بچے فوری طور پر مارش میلو کھا گئے، جبکہ کچھ نے صبر سے انتظار کیا اور دوسرا انعام حاصل کیا۔ بعد میں ان بچوں کا کئی برسوں تک مشاہدہ کیا گیا، اور نتائج نے یہ ظاہر کیا کہ جو بچے بچپن میں تاخیر سے انعام حاصل کرنے کے قابل تھے، وہ بڑے ہو کر تعلیمی، پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگی میں زیادہ کامیاب ثابت ہوئے۔ ان میں خود پر قابو پانے، بہتر منصوبہ بندی کرنے اور دباؤ میں صحیح فیصلے لینے کی صلاحیت زیادہ دیکھی گئی۔ مارش میلو تجربہ ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ فوری خواہشات پر قابو پانا ایک ایسی مہارت ہے جو کامیاب زندگی گزارنے میں مدد دیتی ہے۔ ڈیلیڈ گریٹیفکیشن یعنی تاخیر سے انعام حاصل کرنے کی صلاحیت انسان کو یہ سمجھاتی ہے کہ لمبے عرصے کے فائدے کے لیے وقتی تسکین کو قربان کرنا ضروری ہے۔ تحقیق بتاتی ہے کہ جو لوگ صبر کے ساتھ اپنے جذبات اور خواہشات کو کنٹرول کرتے ہیں، وہ تعلیم، کیریئر، تعلقات اور ذاتی ترقی کے میدان میں بہتر کارکردگی دکھاتے ہیں۔

اس تجربے سے یہ بصیرت بھی ملتی ہے کہ ڈیلیڈ گریٹیفکیشن کی صلاحیت فطری ہونے کے ساتھ ساتھ تربیت سے بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔ اگر کوئی بچہ فوری تسکین کو ترجیح دیتا ہے تو اس کی مناسب تربیت اور ماحول سازی کے ذریعے صبر، خود اعتمادی اور مستقبل پر نظر رکھنے جیسی صلاحیتیں پیدا کی جا سکتی ہیں۔ ماحولیاتی عوامل جیسے والدین کا رویہ، گھریلو تربیت، اور معاشرتی حالات بھی اس بات پر اثر انداز ہوتے ہیں کہ کوئی بچہ صبر کرنا سیکھتا ہے یا نہیں۔ مارش میلو تجربہ ایک سادہ سی مشق تھی، مگر اس نے انسانی شخصیت کے ایک گہرے پہلو کو بے نقاب کیا۔ یہ ثابت کرتا ہے کہ بڑی کامیابیاں اکثر ان لوگوں کا مقدر بنتی ہیں جو وقتی خوشیوں کے بدلے مستقبل کی بڑی کامیابیوں کے لیے صبر اور استقامت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ ہمیں اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں بھی یہی اصول اپنانا چاہیے کہ جلد بازی اور وقتی فائدے کی بجائے طویل المدتی فوائد کو ترجیح دیں، تاکہ ہم بہتر اور کامیاب زندگی گزار سکیں۔

نوجوانوں کے لیے اس تجربے سے حاصل ہونے والا سب سے اہم سبق یہ ہے کہ کامیابی ہمیشہ فوری نتائج سے نہیں بلکہ مستقل مزاجی، صبر اور دور اندیشی سے حاصل ہوتی ہے۔ آج کے دور میں جہاں ہر چیز تیزی سے بدل رہی ہے اور ہر طرف فوری تسکین کی ترغیب موجود ہے، وہاں یہ سیکھنا اور زیادہ اہم ہو گیا ہے کہ کیسے اپنی خواہشات کو قابو میں رکھا جائے، مستقل محنت کی جائے اور لمبے عرصے کے اہداف پر نظر رکھی جائے۔ نوجوانوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ کامیابی ایک طویل سفر ہے جس میں کئی مرتبہ وقتی خوشیوں کو قربان کرنا پڑتا ہے۔ امتحانات میں کامیابی، کسی فن میں مہارت حاصل کرنا، یا مالی استحکام حاصل کرنا، سبھی چیزیں صبر اور محنت مانگتی ہیں، نہ کہ فوری تسکین اور جلد بازی۔

ڈیلیڈ گریٹیفکیشن کے اثرات زندگی کے تقریباً ہر شعبے میں نظر آتے ہیں۔ تعلیمی میدان میں وہ طلبہ جو روزانہ پڑھائی کا وقت نکالتے ہیں اور طویل المدتی اہداف کے لیے وقتی تفریح کو قربان کرتے ہیں، بہتر نتائج حاصل کرتے ہیں۔ مالی زندگی میں بھی وہ افراد جو اپنی فوری خواہشات کو کنٹرول کر کے بچت اور سرمایہ کاری پر توجہ دیتے ہیں، مستقبل میں مالی آزادی حاصل کرتے ہیں۔ تعلقات میں وہ لوگ جو فوری ردعمل دینے کی بجائے سمجھداری اور صبر کا مظاہرہ کرتے ہیں، زیادہ مضبوط اور بامقصد تعلقات قائم کرتے ہیں۔ یوں کہا جا سکتا ہے کہ تاخیر سے انعام حاصل کرنے کی صلاحیت نہ صرف فرد کی ذاتی کامیابی بلکہ معاشرتی بھلائی کا ذریعہ بھی بن سکتی ہے۔

ڈیلیڈ گریٹیفکیشن صرف ایک نفسیاتی اصطلاح نہیں بلکہ ایک طرزِ زندگی ہے، جو انسان کو وقتی خواہشات کے طوفان میں اپنے مقاصد پر قائم رہنے کا حوصلہ دیتی ہے۔ اگر ہم اپنی زندگیوں میں صبر، خود پر قابو اور طویل المدتی سوچ کو اپنانا سیکھ جائیں تو نہ صرف ہم خود زیادہ مطمئن ہوں گے بلکہ ایک مضبوط اور بامقصد معاشرہ بھی تشکیل دے سکیں گے۔

Facebook Comments HS